آج کافی گائیکی کی ملکہ زاہدہ پروین کی برسی ہے


کلاسیکی گلوکارہ زاہدہ پروین کی وجہ شہرت کافی گائیکی کو کلاسیکی موسیقی کے انگ سے ہم آہنگ کرنا ٹھہرا۔ زاہدہ پروین 1925ء میں امرتسر میں پیدا ہوئیں۔

زاہدہ پروین نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم بابا تاج کپورتھلہ والے سارنگی نواز سے حاصل کی بعد ازاں وہ تقریباً سات برس تک استاد حسین بخش خاں امرتسر والے سارنگی نواز سے گائیکی کے اسرار و رموز سیکھتی رہیں۔ ان دونوں استادوں کے بعد وہ استاد عاشق علی خان پٹیالہ والے کی شاگرد بنیں بعد ازاں انہوں نے کچھ عرصہ استاد اختر علی خان سے بھی اکتساب فیض کیا۔ زاہدہ پروین خیال گائیکی پر مکمل عبور رکھتی تھیں مگر ان کے جوہر کافی کی گائیکی میں کھلے۔ زاہدہ پروین نے خواجہ غلام فرید کی کافیوں کو پہلی بار کلاسیکی موسیقی کے مطابق ترتیب دیا اور اُن کی کافی کیا حال سناواں دِل دا سے شہرت پائی۔ انہیں حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کے کلام سے عشق کی حد تک لگائو تھا جب انہوں نے خود کو خواجہ صاحب کی کافیوں کے لیے مخصوص کر دیا تو پھر وہ کافی گائیکی کی بلا شرکت غیرے بے تاج ملکہ بن گئیں۔

اپنے عہد کے مایہ ناز کلاسیکل گائیکوں سے استفادہ کے باعث زاہدہ پروین کی گائیکی میں صحراؤں سی وسعت اور روحانیت در آئی تھی۔ زاہدہ پروین کو بھیرویں، پیلو، سندھڑا، جوگ، مالکونس، پہاڑی، تلنگ، ایمن، جونپوری، باگیشری، کیدارا اور بھیم پلاسی سے بے پناہ لگاؤ تھا ۔ قدرت نے اسے مشکل کلاسیکل راگو ں کے مقامات سر کرنے کی استعداد دی تھی۔ زاہدہ پروین نہایت سہولت سے مرکیوں، تان پلٹا اور گمگ کی ادائیگی پر قادر تھیں، وہ لے اور تال اور ماتروں کی تقسیم میں بھی طاق تھیں۔ اولین برسوں کے شب و روز ریاض کی وجہ سے بڑے بڑے طبلہ نواز یا سارنگی نواز کی سنگت میں استغراق اور نڈرپن سے گاتی تھیں۔ وہ راگ میں کبھی کبھار سریتوں کا استعمال بھی کرتی تھیں۔

1947ء میں قیام پاکستان کے بعد وہ امرتسر سے لاہور آگئیں اور یہاں ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوئیں۔ اُن کے کلاسیکی موسیقی کے پروگرام بغیر کسی تعطل کے نشر ہوتے رہے۔ 1964ء میں اُنہیں آل پاکستان میوزک کانفرنس میں طلائی تمغے سے نوازا گیا۔ اُنہوں نے بطور پلے بیک سنگر متعدد فلموں کے لیے گیت بھی گائے۔ زاہدہ پروین نے غزل کی گائیکی میں بھی ایک خاص رنگ پایا تھا۔ مئی 1975ء کو 50 سال کی عمر میں زاہدہ پروین لاہور میں انتقال کر گئیں۔

تحقیق و آواز: سجاد پرویز

سجاد پرویز

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سجاد پرویز

سجاد پرویز ڈپٹی کنٹرولر نیوز، ریڈیو پاکستان بہاولپور ہیں۔ ان سےcajjadparvez@gmail.com پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

sajjadpervaiz has 38 posts and counting.See all posts by sajjadpervaiz

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments