افغانستان: نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے مرکزی رہنما شیخ عمر خراسانی دو ساتھیوں سمیت ’کابل سے گرفتار‘


افغانستان

افغاسنتان کے خفیہ اداروں نے دولت اسلامیہ کے خلاف کئی آپریشن کیے ہیں (فائل فوٹو)

افغان انٹیلیجنس سروس کا کہنا ہے کہ نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے جنوبی ایشیا اور مشرق بعید کے ایک اہم رہنما کو ساتھیوں سمیت کابل سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ضیا الحق، جنھیں شیخ عمر خراسانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اپنے دو دیگر سینیئر ساتھیوں کے ہمراہ افغانستان میں حکام کے زیر حراست ہیں۔

افغانستان میں شدت پسندوں کا سب سے بڑا گروہ افغان طالبان کا ہے تاہم دولت اسلامیہ ملک کے چند علاقوں میں سرگرم ہے اور اس نے کابل میں متعدد بم حملے بھی کیے ہیں۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر اس گرفتاری کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ ایک اہم پیشرفت ہوگی۔

حراست میں لیے جانے والے دیگر دو افراد میں خراسانی کے ترجمان صہیب اور انٹیلیجنس چیف ابو علی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

افغان طالبان کے عسکری کمیشن کے نئے سربراہ مولوی یعقوب کون ہیں؟

’دولتِ اسلامیہ افغانستان میں کیسے مضبوط ہوئی‘

داعش کے پاکستانی جنگجوؤں کے اہل خانہ کی پاکستان واپسی

افغانستان سے ایک ماہ میں داعش کا صفایا کر سکتے ہیں: طالبان

افغان انٹیلیجنس سروس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ آپریشن حال ہی میں دولت اسلامیہ کے گرفتار کیے گئے چار سینیئر اراکین سے حاصل کردہ معلومات اور سکیورٹی اور انٹیلیجنس کی اطلاعات پر کیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق افغانستان کی انٹیلیجنس کے ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایجنسی علاقائی دہشت گرد گروہوں کے سینیئر رہنماؤں کی تلاش اور ان دہشت گرد نیٹ ورکس کے مشترکہ مراکز کو ختم کرنے کے لیے اپنی جامع اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کو جاری رکھے گی۔‘

دولت اسلامیہ نے حالیہ برسوں میں افغانستان میں متعدد بم حملے کیے ہیں جس میں افغانستان کی شیعہ اور دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا اور متعدد افراد ان میں ہلاک ہوئے۔

گذشتہ سال اقوام متحدہ کو پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شیخ عمر خراسانی کو ان کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے اس گروپ کی مرکزی قیادت نے تبدیل کر دیا تھا لیکن اس کی کبھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

یہ گرفتاریاں ایسے وقت ہوئی ہیں جب امریکہ اور طالبان کے درمیان فروری میں فوجیوں کے انخلا کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود ملک بھر میں پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

طالبان جو اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کا مخالف کہتے ہیں، انھوں نے معاہدے کے بعد سے بڑے پیمانے پر حملوں سے گریز کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp