پاکستانی ارطغرل نے ترک ارطغرل کو پیچھے چھوڑ دیا


ترک ڈرامے گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستان میں ٹیلی ویژن ناظرین میں مقبول رہے ہیں۔ حال ہی میں پاکستان کی قومی ٹی وی چینل پی ٹی وی پر دکھایا جانے والا ترک ڈرامہ ارطغرل بھی آج کل مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ سوشل میڈیا ہو یا نجی محفلیں آپ کو نوجوان سی متعلق بات کرتے نظر آئیں گے۔

اگر آج کل آپ بھی پی ٹی وی پر ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو یقیناً یہ سوال آپ کے ذہن میں بھی آیا ہو گا کہ آخر ترک قومی نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کا یہ ڈرامہ اردو میں پاکستان کے قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی تک کیسے پہنچا۔

ہم نے اس بارے میں پی ٹی وی کے چیف مارکیٹنگ اینڈ سٹریٹیجی آفیسر سے کچھ سوالات پوچھے۔

سوال: ارطغرل کو اردو زبان میں ڈب کر کے پاکستان میں دکھانے کا خیال پی ٹی وی کو آخر کیوں آیا؟

جواب: یہ دراصل پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا آئیڈیا تھا کہ تیرہویں صدی کے اس شاندار مسلم دور کی عکاسی کرنے والے اس ڈرامے کو پاکستانی نوجوان دیکھیں اور اس سے اسلامی تاریخ اور اقدار کے بارے میں ان کے علم میں اضافہ ہو۔ اسی ارادے سے انھوں نے قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی کو مشورہ دیا کہ اس ڈرامے کو اردو زبان میں پاکستان میں نشر کرنے کا انتظام کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے

ترک ڈرامے ارطغرل کے مرکزی کردار حقیقت میں کون ہیں؟

’آپ ہمارے ساتھ یہ کیسے کرسکتی ہیں حلیمہ باجی!‘

ارطغرل اصل میں کون تھے؟

’ارطغرل پر پاکستان میں اتنا اچھا ردِ عمل آیا کہ بیان نہیں کر سکتا‘

سوال: مرکزی کرداروں کی ڈبنگ کے لیے آرٹسٹوں کا انتخاب کیسے کیا گیا اور ارطغرل اور حلیمہ سلطان کو کن فنکاروں نے آواز دی ہے؟

جواب: ایک طویل اور تفصیلی عمل کے بعد پی ٹی وی نے اس کام کے لیے نجی شعبے سے ایک ڈبنگ ایجنسی کا انتخاب کیا۔ آرٹسٹوں کے انتخاب کی ذمہ داری ایجنسی کی تھی، تاہم حتمی فیصلہ پی ٹی وی نے ڈبنگ آرٹسٹوں کی آواز اور ڈرامے کے پلاٹ کے حساب سے کردار نبھانے کی ان کی قابلیت کی بنا پر کیا۔ ارطغرل کو اعتصام الحق نے آواز دی ہے اور حلیمہ سلطان کے کردار پر رابعہ کرن راجپوت نے ڈبنگ کی۔

سوال: تو کیا پانچوں سیزن اردو زبان میں تیار ہیں؟

جواب: جی نہیں ابھی ڈبنگ کا کام جاری ہی۔

سوال: پی ٹی وی نے اس پروجیکٹ پر کب کام شروع کیا؟

جواب: ڈبنگ ایجنسیز کو شارٹ لسٹ کرنے کا عمل گذشتہ برس دسمبر2019 میں شروع ہوا تھا۔

سوال: اب تک اس ڈرامے پر جس طرح کا عوامی ردعمل سامنے آیا ہے کیا آپ اس سے خوش ہیں اور کیا مستقبل میں ٹی آر ٹی کے ساتھ مزید پروجیکٹس پر بھی بات ہو رہی ہے؟

جواب: اردو میں ڈب کیے گئے ارطغرل کو کتنا اچھا ریسپانس ملا ہے یہ بیان کرنا مشکل ہے، ٹی وی پر بھی اور اس کے خصوصی یو ٹیوب چینل ’ٹی آر ٹی ارطغرل بائی پی ٹی وی‘ پر بھی۔ اردو ارطغرل نے تو ترک ارطغرل کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔ پاکستان میں اس ڈرامے کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر صرف پندرہ دن میں 16 ملین سے زیادہ بار دیکھا گیا، جبکہ ترک ارطغرل کی پہلی قسط کو پانچ سال میں تیرہ ملین بار دیکھا گیا ہے۔

ہم آنے والے عرصے میں ٹی آر ٹی کے ساتھ کئی شعبوں میں اشتراک کی امید رکھتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32470 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp