سعودی عرب میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا، ایک ہی دن میں ہزاروں نئے کیس سامنے آ گئے


سعودی عرب میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا ہے اور ملک میں ایک ہی روز میں 2442 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 70,161 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں مکمل لاک ڈاﺅن کے باعث نماز عید کے اجتماعات بھی منعقد نہیں کئے گئے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے یومیہ پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث پچھلے 24 گھنٹوں میں 13 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 379 ہو گئی ہے جبکہ 2963 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اب تک صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 41,236 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے نئے سامنے آنے والے مریضوں میں 38 فیصد سعودی ہیں جبکہ 62 فیصد کا تعلق دیگر ممالک سے ہے اور مجموعی مریضوں میں مردوں کی گنتی 73 فیصد جبکہ خواتین کی تعداد 27فیصد ہے۔ ملک میں سامنے آنے والے مجموعی کیسز میں بچوں میں کورونا کا تناسب 11 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ بزرگ مریضوں کی شرح 4 فیصد بتائی گئی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلہوب نے جمعہ 22 مئی شام 5 بجے سے ملک بھر میں مکمل لاک ڈاﺅن کا اعلان کیا تھا جو بدھ 27 مئی تک جاری رہے گا اور اس کے بعد سعودی عرب کے تمام صوبوں، شہروں اور قصبوں میں مکمل کرفیو نافذ کردیا گیا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد بھی نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہات، تحصیلوں اور چھوٹی چھوٹی بستیوں میں بھی پٹرولنگ ہوگی اور اس دوران جو شخص بھی مکمل لاک ڈاﺅن اقدامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا جائے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments