لاک ڈاؤن میں شادی: فیصل آباد میں دولہے سمیت مہمان گرفتاری کے بعد قرنطینہ میں


شادی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں پیر کی شب ایک شادی کی تقریب سے 12 افراد کو گرفتار کر کے قرنطینہ سینٹر بھیج دیا گیا ہے۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے کورونا وائرس کے باعث نافذ پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی شادی پر چار سے پانچ سو افراد کو مدعو کر رکھا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد عمر مقبول کے مطابق گرفتار افراد کے خون کے نمونے لے کر کورونا ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے شادی کی تقریبات پر پابندی عائد ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد عمر مقبول نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں اطلاع موصول ہوئی کہ رائل پام مارکی میں شادی کی تقریب جاری ہے جہاں لوگوں کا مجمع اکٹھا ہے، جس پر انھوں نے اپنے اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ جا کر دیکھیں کہ کیا واقعی یہ خبر درست ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ جب اہلکار وہاں پہنچے تو دیکھا کہ مارکی کا سامنے والا دروازہ اور لائٹیں بند تھیں لیکن مزید جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ مارکی کا عقبی دروازہ استعمال کرتے ہوئے مہمانوں کو اندر داخل کیا گیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر عمر مقبول کے مطابق اس کے بعد انھوں نے پولیس اور دیگر عملے کو بھی بلا لیا اور وہ خود بھی موقع پر پہنچ گئے۔

عمر مقبول نے بتایا کہ جب انھوں نے مارکی کے اندر جا کر دیکھا تو معلوم ہوا کہ تقریباً 450 افراد اس تقریب میں شامل تھے تاہم پولیس کا چھاپہ پڑتے ہی لوگوں نے بھاگنا شروع کر دیا اور پولیس نے دونوں جانب سے چند گرفتاریاں ہی کی ہیں۔

12 لوگوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا جس میں دولہا اور اس کے والد بھی شامل ہیں جبکہ مارکی کے مالک راؤ عمر دراز اور مینیجر عبدالرحمن فرار ہو گئے۔

تقریب سے گرفتار تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتاری کے بعد انھیں فوری طور پر جھنگ روڈ پر قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر عمر مقبول نے الزام عائد کیا کہ اس مارکی کے مالک کو فیصل آباد کے ہی ایک ایم پی اے کی پشت پناہی حاصل ہے جن کے کہنے پر یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر عمر مقبول کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ کے لیے ان تمام افراد کے نمونے بھی لے لیے گئے ہیں جبکہ مہمانوں کی لسٹ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

انھوں نے مزيد کہا کہ اس تقریب سے علاقے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف پنجاب انفیکشنز ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول ایکٹ 2020 کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی اور اسی قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تاہم موقع سے فرار ہونے والے مارکی کے مالک اور مینیجر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے متعلقہ پولیس کو درخواست دے دی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32556 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp