آثار قدیمہ کی تحقیق: قدیم دور میں بنی اسرائیل عبادت کے دوران بھنگ جلاتے تھے


آرد کا قدیم معبد

ایک قدیم معبد میں بھنگ کے اثرات ملے ہیں

آثار قدیمہ کی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بنی اسرائیل قدیم دور میں عبادت کے دوران معبدوں میں بھنگ جلاتے تھے۔

اسرائیل میں دو ہزار سات سو سال پرانے ایک معبد کے اثرات سے کچھ ایسے کیمیائی اجزا ملے ہیں جس کا سائنسی تجزیہ کرنے سے معلوم ہوا کہ یہ بھنگ کے اجزا ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے معبد میں عبادت کے دوران بھنگ جلائی جاتی ہو تاکہ لوگوں پر ایک وجدانی کیفیت طاری ہو جائے۔

اسرائیل کے ذرائع ابلاغ میں کہا جا رہا ہے کہ یہودیوں کی عبادت کے دوران منشیات کے استعمال کا یہ پہلا ثبوت ہے۔

اسرائیل کے شہر تل ابیب سے 95 کلومیٹر جنوب میں صحرا النقب میں سنہ ساٹھ کی دہائی میں اس معبد کے آثار دریافت ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

قدیم زمانے کے لوگوں کی بھنگ سے آگاہی

مصر کے مقبروں سے 50 حنوط شدہ لاشیں دریافت

کینیڈا کے شہری سال میں اربوں ڈالر کی بھنگ پی گئے

تل ابیب یونیورسٹی کے آثار قدیمہ کے جریدے میں شائع ہونے والی تازہ تحقیق میں ماہرین آثار قدیمہ نے کہا ہے کہ چونے کے پتھر کے دو چبوترے معبد کی باقیات میں دبے پائے گئے اور بھنگ کے اجزا ان ہی کے اوپر محفوظ تھے۔

اس علاقے میں خشک موسم اور ملبے میں دبے ہونے کے باعث ان چبوتروں پر جو نذر نیازیں چڑھائی جاتی تھیں، اس کے ذرات محفوظ رہے۔

بھنگ کا پودا

کہا جا رہا ہے کہ بھنگ عبادت کرنے والوں پر مدھوشی کی کیفیت طاری کرنے کے لیے استعمال کی جاتی تھی

اس تحقیق کے مصنف نے اسرائیلی اخبار ہرٹز کو بتایا کہ مقدس کتاب میں اس کے نمایاں ذکر کی وجہ یہ کوئی حیران کن بات نہیں کہ لوبان کی طرح کے مادے کے ذرات اس معبد میں پائے گئے ہیں۔

بھنگ میں پائے جانے والے تمام کیمائی اجزا اس معبد کے دوسرے چبوترے پر پائے گئے ہیں۔

اس تحقیق میں یہ کہا گیا ہے کہ آرد کی اس دریافت کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ بیت المقدس میں موجود معبدوں میں بھی اس کا استعمال ہوتا تھا۔

یہودیوں کی یہ عبادت گاہ قدیم دور میں یہوداہ کی سلطنت کی جنوبی سرحد پر واقع ایک پہاڑی پر بنائے گئے قلعے کا حصہ تھی اور اس کا نقشہ یروشلم میں یہودیوں کے پہلے معبد جیسا تھا۔

ماہرین آثار قدیمہ کو یروشلم میں موجود اس معبد کے آثار تک رسائی حاصل نہیں، اس لیے وہ آرد اور دوسری قدیم عبادت گاہوں کے آثار پر تحقیق کر کے یہ معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ قدیم دور میں عبادت کس طرح کی جاتی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp