عظمیٰ خان کیس: ملک ریاض شامل، عثمان ملک کیا کر رہے ہیں؟


میرے اوپر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کیوں لگائے، چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے ایڈوکیٹ حسان نیازی کے خلاف میدان میں آ گئے۔ پانچ ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا۔

اداکارہ عظمیٰ خان اور ملک ریاض کی صاحبزادیوں کے درمیان کیس میں نیا موڑ آ گیا، بالآخر ملک ریاض نے بھی فرنٹ فٹ پر کھیلنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین بحریہ ٹاؤن نے لاہور ہائی کورٹ کے وکیل اور پرویز مشرف کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی طرف سے غداری کیس کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ اظہر صدیق ایڈوکیٹ کے توسط سے وزیر اعظم کے بھانجے اور اداکارہ عظمیٰ خان کے وکیل حسان خان نیازی کو لیگل نوٹس بھجوا دیا۔

چیئرمین بحریہ ٹاؤن نے لیگل نوٹس میں حسان نیازی کو اپنے خلاف سوشل میڈیا پر بیانات دینے اور کاروباری ساکھ متاثر کرنے پر 5 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک ریاض کے وکیل اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ حسان نیازی نے ان کے موکل کے خلاف جان بوجھ کر غلط اور بے بنیاد الزامات لگائے جس سے ان کے موکل کی ذاتی، خاندانی اور کاروباری ساکھ کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے یہ بھی کہا کہ عظمیٰ خان کیس میں چیئرمین بحریہ ٹاؤن کا کوئی کردار نہیں ہے مگر حسان نیازی نے ان کے موکل پر جھوٹے الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حسان خان نیازی نے اگر لیگل نوٹس کا جواب نہ دیا تو ان کے خلاف باقاعدہ ہتک عزت کا کیس فائل کیا جائے گا جس کی عدالت میں باقاعدہ پیروی کی جائے گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حسان نیازی کی طرف سے چیئرمین بحریہ ٹاؤن پر پیسوں کا لالچ دینے اور معاملات نمٹانے کا جھوٹا الزام حقائق کے منافی ہے جس پر لیگل نوٹس بھیجا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ملک ریاض کی اداکارہ عظمیٰ خان کے وکیل حسان خان نیازی نے سوشل میڈیا پر اس الزام کو دہرایا ہے کہ کچھ لوگ ملک ریاض کی طرف سے انہیں اور ان کی موکلان کو پیسوں کا لالچ دینے اور کیس واپس لینے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں تاہم وہ کسی بھی صورت پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

کیس کس طرف جا رہا ہے؟

اداکارہ عظمیٰ خان کی طرف سے آمنہ عثمان ملک اور دختران ملک ریاض ( پشمینہ ملک اور عنبر ملک ) کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور سوشل میڈیا پر بیانات کے بعد اب پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض خود براہ راست اس کیس میں شامل ہو چکے ہیں اور انہوں نے عظمیٰ خان کے وکیل حسان نیازی کو لیگل نوٹس بھجوا کر اس کا آغاز کیا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف کبھی بھی کوئی کیس منطقی انجام تک نہیں پہنچا۔ پیسوں کے استعمال کا الزام ملک ریاض پر نیا نہیں ہے۔ حال میں سپریم کورٹ میں 460 ارب روپے کی ڈیل اور برطانیہ سے ان کی مبینہ رقم کی واپسی اس کی تازہ مثالیں ہیں۔

حسان نیازی کو لیگل نوٹس بھجوانے کے بعد یہ کیس اب عظمیٰ خان بنام آمنہ عثمان، پشمینہ اور عنبر ملک نہیں رہے گا بلکہ اس کی نوعیت مختلف ہو گی۔ حسان خان نیازی کا تعلق چونکہ خود ایک بڑے خاندان سے ہے۔ لہذا وہ ہرگز اتنی آسانی سے پیچھے نہیں ہٹنے والے نہیں ہیں۔ یہ کیس خود وزیر اعظم عمران خان کے لئے بھی ایک ٹیسٹ کیس بننے جا رہا ہے کہ ایک طرف ان کے بھانجے تو دوسری جانب ملک کے بڑے بزنس مین کھڑے ہیں۔

اس کیس کے حوالے سے ایک ایک اور اہم بات ہمارے ذرائع کے مطابق عثمان ملک اس سارے کیس میں ابھی تک عظمیٰ خان کے حامی ہیں اور وہ خود اپنی فیملی کے خلاف باغیانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ عثمان اپنے ایک دوست کے توسط سے کچھ میڈیا پرسنز سے رابطے میں ہیں اور وہ کسی بھی وقت سامنے آ سکتے ہیں۔ عثمان ملک کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ ملک ریاض کے بزنس کے بارے میں کچھ اہم معلومات صحافیوں تک پہنچا رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments