ٹڈی دل: پاکستان میں اتنا زیادہ ٹڈی دل کہاں سے آیا اور اب سب سے بڑا مسئلہ کیوں ہے؟


ٹڈی دل

ٹڈی دل آندھی کی طرح آتا ہے۔ اس کا ایک لشکر کئی کلو میٹر پر پھیلے کھیتوں کو پلک جھپکتے اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے اور اس کے بعد کسان کچھ نہیں کر سکتا۔ ٹڈی دل اس کی آنکھوں کے سامنے اس کی فصل کا صفایا کر دیتا ہے اور یہ صرف منٹوں کی بات ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لودھراں کے ایک گاؤں کے باسی اسلام خان نے یہ منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ چند روز قبل ٹڈی دل نے ان کی کپاس کی فصل پر حملہ کیا تھا جو انھوں نے حال ہی میں کاشت کی تھی۔

ٹڈی ان کے رقبے پر صرف 25 منٹ کے لگ بھگ رکی ہو گی اور اس کے بعد ان کے 60 ایکڑ کے کھیت پر کہیں کہیں ہی کوئی کپاس کا پودا سلامت بچا ہو گا۔

‘ایسا محسوس ہوا جیسے کوئی آندھی آ رہی ہے۔ وہ صبح آٹھ بجے کے آس پاس کا وقت تھا لیکن وہ اتنی بڑی تعداد میں تھیں کہ سورج کی روشنی بھی کم ہو گئی تھی۔’ اسلام خان کے کھیت میں صرف وہی پودے بچے جو سڑک کے قریب تھے یا جہاں لوگوں کی آمدورفت تھی۔

یہ بھی پڑھیے

انڈین کسان ’پاکستانی ٹڈیوں‘ کا کیسے مقابلہ کر رہے ہیں؟

پاکستان سے انڈیا پہنچنے والی ٹڈیاں وہاں کیا غضب ڈھا رہی ہیں؟

مشرقی افریقہ میں ٹڈی دل کا حملہ، عالمی مدد کی اپیل

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ٹڈی دل کا وہ جُھنڈ لگ بھگ چھ کلو میٹر طویل تھا اور اس کی چوڑائی دو کلو میٹر کے قریب تھی۔ وہ جب ان کی زمین پر اترا تو دوبارہ اڑنے سے پہلے دس کلو میٹر آگے تک فصلوں کا صفایا کرتا گیا۔

یہ ٹڈی دل کا نصبتاً چھوٹا لشکر تھا ورنہ براعظم افریقہ کے ملک کینیا میں گذشتہ برس ایک لشکر دیکھا گیا جس کا حجم سائنسی نیچر نامی جریدے کے مطابق امریکہ کے شہر نیویارک سے تین گنا بڑا تھا۔ افریقہ میں ٹڈی دل کے اتنے بڑے جھنڈ بھی نکلے ہیں جن کی وجہ سے پروازیں معطل کرنا پڑیں۔

یہی ٹڈی دل افریقہ سے اڑتا پاکستان بھی پہنچا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے خوراک اور زراعت کے عالمی ادارے ایف اے او کے مطابق ٹڈی دل 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے یعنی ایک گھنٹے میں وہ 160 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر سکتا ہے۔

اس کی پرواز کی رفتار، اس کا حجم، فصلوں کے لیے اس کی رغبت اور دیکھتے ہی دیکھتے فصلوں کو چٹ کرجانے کی صلاحیت نہ صرف کاشتکار بلکہ حکومتوں کے لیے بھی کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں۔

اسلام خان کو اپنی بے بسی کا عالم نہیں بھولتا۔

‘جب وہ ہمارے سامنے ہماری فصل کو اجاڑ رہی تھی تو ہماری حالت ایسی تھی کہ اب روئے کہ کب روئے۔ ایسا لگ رہا تھا کوئی ہمارے جسم کا حصہ کاٹ رہا ہے۔’

ان کی مہینوں کی محنت اور لگ بھگ 50 لاکھ روپے مالیت کی فصل ٹڈی نے محض 25 منٹ میں ختم کر دی۔ ایف اے او کے مطابق ٹڈی دل کے صرف ایک مربع کلو میٹر بڑے جھنڈ میں 80 کروڑ بالغ کیڑے ہو سکتے ہیں جو ایک دن میں 35 ہزار انسانوں کی خوراک کے برابر فصلیں کھا جاتے ہیں۔

اب تک صرف جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل ڈھائی ہزار ایکڑ پر کپاس کو اب تک تباہ کر چکا ہے اور ابھی موسمِ گرما کا آغاز ہے جس میں اس کے حملوں میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔ اس جھنڈ کا نشانہ خریف کی فصلیں ہوں گی جن میں گنا، چاول، کپاس اور مکئی نمایاں ہیں۔

پاکستان میں ٹڈی دل اس وقت تقریباً آدھے ملک میں پھیلا ہے۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام نے حال ہی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ لگ بھگ 60 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں جن میں صوبہ بلوچستان میں یہ سب سے زیادہ پائی جاتی ہے۔

فخر امام کے مطابق رواں اور آئندہ ماہ کے دوران ٹڈی دل کے مزید جھنڈ ‘ہارن آف افریقہ‘ (یعنی افریقہ کے بالکل مشرقی کونے میں واقع پانچ ممالک) کے جھنڈ جون اور جولائی کے مہینے میں جبکہ ایران میں موجود جھنڈ دو سے تین ہفتے میں پاکستان میں داخل ہو سکتے ہیں۔ ایران میں اس وقت ٹڈی دل کا ایک بہت بڑا حملہ جاری ہے۔’

پاکستان کا مسئلہ دوہرا ہے۔ جو ٹڈی گذشہ برس آیا تھا وہ بھی نہیں نکل پایا اور ملک کے اندر بھی مختلف مقامات پر اس کی افزائش اور حملے جاری تھے۔

ٹڈی دل

پاکستان میں ٹڈی دل کہاں سے آیا؟

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام کے مطابق ٹڈی دل کا یہ پاکستان میں 28 برس کے بعد ایک بڑا حملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل مشرقی افریقہ، مشرقِ وسطٰی سے ہوتا ایران کے راستے پاکستان میں داخل ہوا۔ رواں برس افغانسان سے بھی ٹڈی پاکستان آیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔

‘اس مرتبہ ایران سے یہ افغانستان گیا اور وہاں سے پاکستان میں داخل ہوا اور صوبہ پنجاب کے علاقوں کی طرف چلا گیا۔’

پاکستان کو ٹڈی دل سے متاثر ہونے والے چند بڑے ممالک میں شامل کیا جا رہا ہے۔ بنیادی طور پر پاکستان میں ٹڈی دل عرب کے صحراؤں سے آیا ہے۔

عالمی ادارے ایف اے او کے مطابق ٹڈی دل کی تعداد میں آٹھ ہزار گنا زیادہ اضافہ ہے جو سنہ 2018 کے اوائل میں عرب کے صحراؤں میں تقریباً 25 برس بعد رونما ہوا۔

ٹڈی دل

عرب کے صحراؤں میں اتنا زیادہ ٹڈی دل کیسے پیدا ہوا؟

ایف اے او کے مطابق سنہ 2018 میں دو بڑے سمندری بگولوں کی وجہ سے ایمپٹی کوارٹر نامی صحرا میں معمول سے کہیں زیادہ بارشیں ہوئیں۔ یہ صحرا سعودی عرب، اومان، یمن اور کچھ دوسرے عرب ممالک کی سرحدوں سے ملتا ہے۔

ان بارشوں کے نتیجے میں ٹڈی دل کی تین نسلیں ایمپٹی کوارٹر میں پروان چڑھیں اور اس کی تعداد میں آٹھ ہزار گنا اضافہ ہوا۔ یاد رہے کہ ٹڈی دل کی افزائش کے لیے نم زمین موزوں ہوتی ہے اور بارشوں میں اس کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔

ایمپٹی کوارٹر میں جس جگہ اس کی افزائش ہوئی وہاں نگرانی نہیں کی جا سکتی تھی اور نہ ہی اس کی روک تھام۔ جب تک اس کا پتہ چلا، ٹڈی کے جھنڈ وہاں سے نکل کر دوسرے ممالک کا رخ کر چکے تھے جن میں انڈیا پاکستان کا سرحدی علاقہ، ہارن آف افریقہ، سعودی عرب، ایران اور یمن شامل ہیں۔

پاکستان میں ٹڈی ڈل کا حجم کیسے بڑھا؟

پاکستان میں ٹڈی دل پہلے سے موجود تھا۔ یہ گذشتہ برس آیا تھا مگر زیادہ تر نکل نہیں پایا۔ اس نے ملک کے صحرائی علاقوں خصوصاً بلوچستان میں افزائشِ نسل کی۔ ساتھ ہی رواں برس اس کے اور جھنڈ افریقہ اور مشرقِ وسطٰیٰ سے پاکستان میں داخل ہوئے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام کے مطابق پہلے ٹڈی دل جس راستے سے پاکستان میں داخل ہوتا تھا اسی راستے سے موسمِ سرما میں واپس بھی چلا جاتا تھا۔

‘لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اس مرتبہ بلوچستان میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے یہ وہیں رک گیا۔’

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹڈی دل پاکستان میں بلوچستان، صحرائے تھر، سندھ، چولستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں موجود تھا جہاں اس کی افزائشِ نسل بھی جاری تھی۔

‘ایک مادہ ٹڈی 200 سے 1200 بچے دیتی ہے’

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام کے مطابق ٹڈی دل کی افزائش انتہائی تیز ہوتی ہے۔ اس کی ایک مادہ دو سو سے 1200 بچے دیتی ہے۔ ایک سال میں اس کی تین نسلیں پروان چڑھ سکتی ہیں۔

افزائشِ نسل کے لیے ٹڈی دل اس وقت صحراؤں کا رخ کیے ہے اور بلوچستان کے علاوہ چولستان اور دیگر ریتیلے علاقوں میں اپنی تعداد کو تیزی سے بڑھا رہا ہے۔ یاد رہے کہ مون سون کا موسم اس کی افزائش کے لیے انتہائی موزوں ہو گا۔

صوبہ پنجاب کے ملتان ریجن کے محکہ زراعت کے انفارمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوید عصمت نے بی بی سی کو بتایا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے ٹڈی کے جھنڈوں کا رخ چولستان کی طرف تھا۔

تاہم کچھ کسانوں کے مطابق ٹڈی نے ان کے زرخیز علاقوں میں بھی بچے دے رکھے ہیں۔ ان میں بکھر، خوشاب اور ملحقہ اضلاع کے علاقے شامل ہیں۔

ٹڈی کے خلاف جنگ کیسے لڑی جا رہی ہے؟

پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں تقریباً پانچ لاکھ ہیکٹر رقبے پر سپرے کیا جا چکا ہے جبکہ 1102 ٹیمیں لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 31 مئی تک پاکستان کے 52 اضلاع میں ٹڈی دل موجود تھا۔ ان میں بلوچسستان میں 31، خیبر پختونخواہ میں 10، پنجاب میں 5 اور سندھ میں 6 اضلاع متاثر تھے۔

ساتھ ہی گذشتہ 24 گھنٹوں میں 4900 ہیکٹر رقبے ہپر محیط علاقہ ٹڈی مار ادویات سے ٹریٹمنٹ کیا گیا ہے۔ صرف بلوچسستان میں 3200 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا۔

‘ٹڈی کو چولستان میں روکنا ہو گا’

ملتان ریجن کے محکہ زراعت کے انفارمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوید عصمت کے مطابق ان کے محکمے کی تمام تر توجہ خریف کے فصلوں کو نقصان سے بچانے پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے ان کی کوشش ہو گی کہ ٹڈی دل کو چولستان سے باہر نہ نکلنے دیا جائے اور وہیں تلف کیا جائے۔

‘اس کے لیے درختوں کے تحفظ کے محکمے نے ہمیں تین جہاز دیے ہیں جن کے ذریعے فضائی آپریشن کیا جائے گا اور اس کے لیے درکار زہر محکمہ زراعت کے پاس وافر مقدار میں موجود ہیں۔’

وفاقی وزیر فخر امام کے مطابق پاکستان کے پاس اگلے دہ ماہ میں سپرے کرنے والے طیاروں کی تعداد پانچ ہیلی کاپٹروں سمیت 17 ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طیارے صحرائی علاقوں میں ٹڈی دل کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نوید عصمت کا کہنا تھا کہ اگر ٹڈی دل کے بڑے جھنڈ شدت سے صحرا سے نکل کر زرخیز علاقوں کی طرف آ گئے تو فصلوں میں طیارے سے سپرے کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

‘تاہم پاکستان کی فوج کے ادارے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ فصلوں کے علاقوں میں بھی ہیلی کاپٹر کی مدد سے سپرے کیا جائے گا۔’

تاہم اسلام خان جیسے دوسرے کسان اب بھی فکر مند ہیں۔ ان کے لیے ٹڈی دل کی تباہ کاری بھلانا مشکل ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp