شو بز ڈائری: کنگنا کا غصہ، پردہ سیمیں پر ہوئی کس کی واپسی اور سلمان خان کیا نیا ہنر


امریکہ میں ایک سیاہ فام شخص کی سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔اس واقعہ پر دنیا بھر کی اہم شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کیا تو بالی ووڈ کے کچھ بڑے ستاروں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کی کوشش کی جس پر انہیں ٹرول کا نشانہ بنایا گیا۔

ان بڑی شخصیات میں پردیسی گرل کہی جانے والی پرینکا چوپڑہ سب سے آگے تھیں۔ ساتھ میں دپیکا پادوکون، دیشا پٹانی، ٹائیگر شروف، کرن جوہر، کرینہ کپورکے ساتھ کئی نام شامل ہیں۔

پرینکا نے انتہائی جذباتی انداز میں اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا کہ کسی کو محض اس کے رنگ کی وجہ سے قتل کرنا کہاں کا انصاف ہے سوشل میڈیا پر لوگوں کو یہ بات پسند نہیں آئی کہ بالی ووڈ کی یہ شخصیات خود اپنے ملک میں سماجی نہ انصافی کےخلاف کیوں نہیں بات کرتے۔

یہ بھی پڑھیے

شو بز ڈائری: می ٹو مہم نے بالی وڈ کو ہلا کر رکھ دیا

’ہینگ لگے نہ پھٹکری اور رنگ بھی آئے چوکھا‘

سلمان خان کے اعلان نے عالیہ بھٹ کو حیران کر دیا

سلمان عالیہ کے مقابل کس کردار میں آئیں گے؟

جہاں تک سیاہ فام لوگوں کے حقوق کی بات ہے اس حوالے سے کچھ یوزرز نے پرینکا چوپڑہ کے ان اشتہارات کو ٹیگ کیا جن میں وہ گورے پن کی کریم لگانے کا مشورہ دے رہی تھیں اور کچھ نے انڈیا میں جاری فرقہ پرستی اور مبینہ سماجی ناانصافیوں پر ان کی خاموشی پر سوال اٹھائے۔

اس میں دو رائے نہیں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانا اہم ہے چاہے وہ کہیں بھی اور کسی کے بھی خلاف ہوں۔ یہ اور بات ہے کہ جب دپیکا پادوکون دلی کی جامعہ یونیورسٹی کے طلبا کے ساتھ خاموش اظہارِ یکجہتی کرنے پہنچیں تو انہیں اس کی سزا ان کی فلم ‘چھپاک’ کے بائیکاٹ کا اعلان کر کے دی گئی۔

لیکن اداکارہ کنگنا رناوت نے ان تمام شخصیات کو لتاڑتے ہوئے ’انڈیا میں ایک سادھو کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں لوگ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔‘

کنگنا کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کا یہ دوہرا میعار ہے شاید بالکل اسی طرح جس طرح حال ہی میں کنگنا کی بہن رنگولی نے انڈین مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز ٹویٹس کی تھیں جس کے بعد ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ منسوخ کر دیا گیا تھا اس وقت کنگنا نے ایک خاص فرقے کے خلاف زہر اگلنے پر اپنی بہن کولتاڑنا ضروی نہیں سمجھا اور ہجوم کے ہاتھوں ہلاکتوں کے تو کئی واقعات ہوئے تو پھرکنگنا کے دل میں صرف ایک واقعہ کا درد کیوں؟

اداکار ابھے دیول نے بھی کچھ اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا انکا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کے لوگ امریکہ میں جو ہو رہا ہے اس کے حق میں تو کھڑے ہیں لیکن انڈیا میں لاک ڈاؤن میں مزدوروں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس بارے میں کسی نے کھل کر کچھ نہیں کہا۔

ابھے جی پورے بالی ووڈ نے مودی جی کے ‘مودی کیئر فنڈ’ میں چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے بھی کروڑوں روپے جمع کروائے اور بیچارے سونو سود تو دن رات ان مزدوروں کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں اور کیا چاہیے اب بچے کی جان لوگے کیا۔

پرسنالٹی آف دی ویک ہم بات کریں گے سابق مس یونیورس سشمیتا سین کی جنھوں نے 1994 میں مس یونیورس کا خطاب جیتا اور فیشن ، ماڈلِنگ اور بالی وڈ میں ایک خاص مقام بنایا۔

سشمیتا پھر سے پردۂ سیمیں پر

سابق حسینہ کائنات سشمیتا سین کافی عرصے بعد فلموں کا رخ کر رہی ہیں لیکن ایک ویب سیریز کے ساتھ۔ انسٹا گرام پر ایک نئی سیریز ‘ آریہ’ کی ایک جھلک پیش کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ‘آپ نے بلایا اور ہم چلے آئے’۔ سشمیتا آخری بار بڑے پردے پر 2015 میں بنگالی فلم ‘نرباک’ میں نظر آئی تھیں۔

اس سیریز کا ٹیلر پانچ جون کو ریلیز ہونے والا ہے۔ سشمیتا چاہے فلموں سے دور رہی ہوں لیکن سوشل میڈیا کے ذریعے وہ اپنے مداحوں سے مسلسل رابطے میں ہیں حال ہی میں سشمیتا سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن میں قران کی ایک آیت پڑھتی نظر آئی تھیں۔

سلمان خان

سلمان خان بھر ہمیش ریشمیا کی راہ پر

اداکار سلمان خان نے ایک مرتبہ اپنے شاگرد اور دوست ہمیش ریشمیا کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کھانا، گانا، ایٹنگ، میوزک، رائیٹنگ پروڈکشن سب کچھ خود ہی کیوں کرنا چاہتے ہیں۔

آج خود سلمان بھی اسی راہ پر چل نکلے ہیں وہ ہیرو تو ہیں ہی ساتھ ہی پروڈیوسر بھی ہیں، گانے بھی گاتے ہیں لکھنے بھی لگے ہیں، پینٹنگ بھی کرتے ہیں اور اب سنا ہے کہ ایک کہانی بھی لکھ رہے ہیں جس پر فلم وہ خود ہی پروڈیوس کرنے والے ہیں۔

چلیں مان لیتے ہیں کہ رائٹر سلیم خان کے صاحبزادے ہونے کے ناطے ان میں کہانی لکھنے کا ٹیلنٹ ہو لیکن باقی کام کر کے دوسروں کے پیٹ پر تو لات نہ ماریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp