ڈیرن سیمی: مجھے ‘اس’ نام سے پکارنے والے کھلاڑی معافی مانگیں


ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے ایک ویڈیو جاری کر کے ’سن رائزرس حیدر آباد‘ کے ساتھی کھلاڑیوں کے بارے میں کہا ہے کہ وہاں ان کے لیے ایک لفظ استعمال کیا جاتا تھا جس کا انھیں اب معلوم ہوا ہے کہ مطلب اچھا نھیں تھا۔

انھوں نے انڈیا میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے کچھ جواب مانگے ہیں۔ سیمی کا کہنا ہے کہ جب انہیں ‘اس لفظ’ کا مطلب پتا چلا جو ان کے لیے استعمال کیا جاتا تھا تو انھیں شدید غصہ آیا۔

سیمی نے کہا کہ آئی پی ایل میں کھیلتے ہوئے کئی بار ان کے لیے ’اس‘ لفظ کا استعمال کیا گیا۔

انہوں نے ایک ویڈیو جاری کر کے بتایا کہ ان کے اور سری لنکا کے کرکٹر تھیسارا پریرا کے لیے کئی بار ‘اس’ لفظ کا استعمال کیا گیا۔ انھوں اس میسج میں نھیں بتایا کہ وہ لفظ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے کہیں گے کہ اس لفظ کا استعمال کرنے کے لیے معافی مانگیں۔ سیمی نے یہ سب اپنے انسٹاگرام اکاوٴنٹ سے ایک ویڈیو جاری کر کے کہا۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے۔ جس بھی ٹیم سے کھیلا ہوں وہاں کے ڈریسنگ روم کو اپنایا ہے اور مجھے وہاں سے پیار بھی ملا ہے۔ انہوں نے کہا ‘میں حسن منہاج کو سن رہا تھا، وہ بتا رہے تھے کہ ان کی تہذیب میں کالے لوگوں کو کیسے پکارا جاتا ہے۔ یہ سب لوگوں پر لاگو نہیں ہوتا ہے۔ اس لیے جب سے مجھے اس لفظ کا مطلب پتا چلا ہے میں کافی غصے میں ہوں۔ مجھے فوراً یاد آیا کہ سنرائزرس حیدر آباد کے لیے کھیلتے ہوئے مجھے اسی لفظ سے پکارا جاتا تھا جو کہ سیاہ فام افراد کے لیے توہین آمیز لفظ ہے۔’

سیمی نے کہا کہ ان دنوں انہیں اس لفظ کا مطلب نہیں معلوم تھا لیکن جب بھی انہیں ایسے پکارا جاتا تھا تو ٹیم کے ساتھی کھلاڑی ہنسنے لگتے تھے۔

https://www.instagram.com/tv/CBL-fuglF6o/?utm_source=ig_embed

سیمی نے کہا کہ ‘میں ان لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں۔ آپ لوگ جانتے ہیں کہ آپ کون ہیں۔ میں یہ ضرور کہوں گا کہ جب مجھے اس لفظ سے پکارا جاتا تھا تو مجھے لگتا تھا کہ اس کا مطلب طاقتور شخص یا ایسا ہی کچھ ہوتا ہوگا۔ مجھے اس وقت اس کا مطلب نہیں پتا تھا۔ جب بھی مجھے ایسے پکارا جاتا تو وہاں موجود کافی لوگ ہنسنے لگتے تھے۔ مجھے لگتا تھا کہ ٹیم کے ساتھی ہنس رہے ہیں تو یہ ضرور کوئی مزے دار بات ہوگی۔’

سیمی نے کہا کہ ‘اب مجھے پتا چلا ہے کہ یہ توہین آمیز ہے۔ میں آپ سبھی کو میسیج کروں گا اور پوچھوں گا کہ جب آپ لوگ مجھے اس نام سے پکارتے تھے تو کیا آپ لوگوں کا مطلب غلط ہوتا تھا؟ سبھی ڈریسنگ رومز سے میری بہت اچھی یادیں جڑی ہیں، اس لیے جو لوگ مجھے اس نام سے بلاتے تھے وہ اس بارے میں سوچیں۔ اگر یہ واقعی بری نیت سے کہا گیا تھا تو مجھے بہت مایوسی ہوگی۔’

ڈیرن سیمی کے دعووں میں سچائی بھی نظر آتی ہے، انڈین گیند باز ایشانت شرما نے 2014 میں اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ جنوبی افریقہ کے گیندباز ڈیل سٹین، انڈین گیندباز بھوونیشور کمار اور ڈیرن سیمی کے ساتھ ہیں۔

اس تصویر کا کیپشن تھا ‘میں، بھووی، کالو اور گن سنرائزرس۔’

ایک مرتبہ انڈین ٹیم کے سابق کرکٹر وی وی ایس لکشمن کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے ڈیرن سیمی نے خود اپنے ہی لیے ‘کالو’ لفظ کا استعمال کیا تھا۔

https://twitter.com/darensammy88/status/528538103171280896

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سیمی امریکی شہری جارج فلائڈ کی پولیس حراست میں ہلاکت کی مخالفت میں بولتے رہے ہیں۔ انہوں نے امریکہ میں سیاہ فام افراد کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف مظاہرے کرنے والوں کی حمایت کا اظہار بھی کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp