سفرنامہ پرتھ (حصہ دوم)


پرتھ میں سیر و سیاحت کے لئے سب سے پہلے اندرون شہر چلتے ہیں۔ اسے پرتھ سی بی ڈی Perth CBD کہتے ہیں، یہاں سب سے اہم شاہراہ سینٹ جارج ٹیرس Saint George ’s Terrace، مرے سٹریٹ Murray Street، اور ہے سٹریٹ Hay Street، ہیں۔ تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر اور فائیو اسٹار ہوٹل ان گلیوں میں واقعہ ہیں۔ اسی سڑک پر صوبے کی اسمبلی اور اسمبلی نمائندگان کے لئے ہاسٹل موجود ہے۔ سینٹ جارج ٹیرس کو یہاں کی مال روڈ کہنا غلط نا ہو گا۔

پرتھ بس پورٹ کے ساتھ ہی ایک علاقہ ہے جسے نارتھ برج North Bridge کہتے ہیں۔ اس جگہ مہ خانے، قحبہ خانے اور جنسی آلات کی دکانیں موجود ہیں۔ یہ علاقہ پرتھ کا ٹکسالی ہے، ہمارے ہاں تو ٹکسالی کی روشنیاں معدوم ہو گئی ہیں لیکن یہاں جمعہ، ہفتہ اور اتوار روشنیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ اسی علاقے میں پرتھ تھیٹر، صوبائی لائبریری اور پرتھ ارینا Perth Arena موجود ہے۔ پرتھ ارینا میں تمام کانسرٹ، باکسنگ، ٹینس اور دوسری قسم کی ثقافتی سرگرمیاں منقعد ہوتی ہیں۔

اسی کے قریب بیل ٹاور نامی مینار ہے جسے پرتھ کا مینار پاکستان کہا جا سکتا ہے اس کے قریب لینگلے پارک ہے جو پرتھ کا اقبال پارک ہے اور ہر خاص دن پر اسی جگہ فائر ورکس منقعد کیے جاتے ہیں۔ یہاں تین دن بہت خاص طور پر حکومتی سطح پر سیلیبریٹ کیے جاتے ہیں جن میں قومی دن 26 جنوری، سال نو، اور اینزیک ڈے مشہور ہے۔

اینزیک ڈے Anzac Day آسٹریلیا کا یوم دفاع کا دن ہے جو جنگ عظیم کے شہدا کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس دن پریڈ کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، خاموشی اختیار کی جاتی ہے، مشعلیں روشن کی جاتی ہیں اور توپوں کی سلامی بھی دی جاتی ہے۔ مرکزی تقریب کنگز پارک میں ہوتی ہے جہاں صوبے کا وزیراعلی اور گورنر شریک ہوتے ہیں اور مشعل روشن کی جاتی ہے۔ کنگز پارک یہاں کی سب سے بڑی ٹورسٹ اٹریکشن ہے، جہاں سے تمام شہر نظر آتا ہے۔

یہاں کی نہر والی سڑک کو فری وے کہا جاتا ہے، جس کے ہر جگہ نام تبدیل ہوتے ہیں۔ جنوب کی طرف جانے والے کو کینانا Kwinana Freeway اور شمال کی جانب جانے والے کو مچل فری وے Mitchell Freeway کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے ہائی وے بھی ہیں جن میں قابل ذکر لیچ ہائے وے Leach Highway، کیننگ ہائے وے Canning Highway، ریڈ ہائے وے Reid Highway اور رو ہائی و ے Roe Highway ہیں۔ شہر کے درمیان میں سے ٹنل گزرتی ہے جو کہ شہر کو نئے کرکٹ سٹیڈیم سے ملاتی ہے جس کا نام آپٹس سٹیڈیم Optus Stadium ہے۔ پرانے سٹیڈیم کا نام واکا سٹیڈیم Waka Satdium ہے جو اب بند ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ چند ایک اور سٹیڈیم بھی موجود ہیں جہاں رگبی، فٹبال اور ہاکی کے میچ ہوتے ہیں۔

فریمنٹل Fremantle یہاں کی سب سے پرانی پورٹ ہے، اگر حقیقی اندرون شہر کی قابل دید جگہیں دیکھنے کا اشتیاق ہو تو اس جگہ کا دورہ ضرور کیجئے۔ یہاں سب سے پرانی جیل بھی موجود ہے۔

آسٹریلیا کے ساحل پوری دنیا میں مشہور ہیں پرتھ کے چند قابل ذکر ساحلوں میں سکاربرو Scarborough، کوٹسلو Cotteslo، کینانا Kwinana، اور روکنگہیم Rockingham مشہور ہیں۔ اس کے علاوہ الیزبیتھ کی Elizabeth Quay بھی یہاں دیکھنے کی خوبصورت جگہ ہے جس کے ساتھ پرتھ کنونشن Perth Convention بھی موجود ہے، جہاں پر تمام قسم کی بین الاقوامی نمائشیں، اور سیمینار منعقد ہوتے ہیں۔

پرتھ کے قریب ایک جگہ جسے کالامنڈا کی پہاڑیوں Kalamunda Mountains کہتے ہیں مارگلہ کی پہاڑیوں کی طرح ہے جہاں ہائیکنگ Hiking کی جا سکتی ہے اور بہت سے خوبصورت ٹریک موجود ہیں۔

اس کے علاوہ پرتھ کے قرب و جوار میں روٹنس Rotness Island ہے جو یہاں کا ہاکس بے ہے، اس کے علاوہ بسلٹن جیٹی Busselton Jetty، البنی Albany، اور ڈینمارک Denmark قابل دید جگہیں ہیں۔ اگر کسی کو مہ نوشی سے شغف ہے اور وہ خوبصورت جگہ بھی دیکھنا چاہتا ہے تو مارگریٹ ریور Margaret River ضرور جائے جہاں انواع و اقسام کی شراب اور کھانا ملتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments