اپنے بہترین دوست پر مضمون لکھیے


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3\"

میرے بہترین دوست کے بارے میں پوچھا جائے تو ان کا نام عشرت ہے۔ ان کی عمر باقی ہم جماعتوں والی ہی ہے، یعنی پندرہ سال۔ عشرت ایک خوش شکل اور خوش لباس شخصیت ہیں۔ عشرت کا سراپا بیان کرنا ہو تو ان کا قد پانچ فٹ سے کچھ زیادہ ہے۔ وہ زیادہ لمبے بال رکھنے والی ہستی نہیں ہیں اور باقاعدگی سے انہیں کٹوا کر ایک صاف ستھری شخصیت کی صورت میں سکول میں آنا انہیں پسند ہے۔ شاید اسی وجہ سے ان کے بال گھنے اور چمکدار ہیں۔ ان کی رنگت اجلی ہے۔ آنکھیں ہر وقت مسکراتی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کا وزن ان کی عمر کے حساب سے اوسط ہے، نہ زیادہ دبلا پن ہے اور نہ ہی موٹاپا دکھائی دیتا ہے۔

وہ ہر کسی سے خوش اخلاقی سے پیش آنے والی شخصیت ہیں۔ مسکراہٹ ہر دم ان کے لبوں پر کھیلتی ہے۔ کسی پر مشکل وقت پڑے تو ہم عشرت کو اس کی مدد کرنے کے لئے ہر دم تیار پاتے ہیں۔ ان کی انہیں اچھی عادتوں کی وجہ سے طلبہ کے علاوہ انہیں اساتذہ بھی بہت پسند کرتے ہیں۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ انہوں نے وقت پر ہوم ورک جمع نہ کرایا ہو۔ کلاس میں جب اساتذہ سوال پوچھتے ہیں، تو سوال مکمل ہونے سے پہلے ہی عشرت کا ہاتھ ہوا میں بلند ہو جاتا ہے۔ انہیں سکول سے گھر واپس جا کر ہوم ورک مکمل کرنے اور اس کے بعد باقاعدگی سے دو گھنٹے پڑھنے کی عادت ہے۔

ان کا نام کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں دکھائی دینے والے سٹوڈنٹس میں لیا جاتا ہے۔ ان کا پسندیدہ کھیل ٹیبل ٹینس ہے لیکن وہ سکول کی کرکٹ ٹیم میں بھی باؤلر کی حیثیت سے مقام بنانے میں کامیاب ہیں۔ مختلف جماعتوں کی ٹیموں کے علاوہ وہ دوسرے سکولوں سے ہونے والے میچوں میں اپنے سکول کے لئے کئی اعزازات حاصل کرنے کی وجہ سے ٹیم میں ایک اہم کھلاڑی ہیں۔

شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں باقاعدگی سے صبح کی سیر کرنے کی عادت ہے۔ ہر روز اپنے گھر کے قریب واقع پارک میں وہ چار کلومیٹر کا چکر لگانے کے بعد وقت پر سکول کی آنے والے سٹوڈنٹس میں سے ایک ہیں۔ اسی عادت کی وجہ سے ان کا سارا دن چاق و چوبند گزرتا ہے۔

عشرت کی انہیں عادات اور رویے کی وجہ سے تمام طلبہ ان کی عزت کرتے ہیں اور اساتذہ انہیں ایک اچھے شاگرد کی حیثیت سے بھرپور شفقت سے نوازتے ہیں۔ یہ کہنا بجا ہو گا کہ کلاس میں ہر سٹوڈنٹ کے لئے وہ ایک بہترین دوست ہیں اور انہوں نے کبھی مشکل وقت میں کسی کی مدد کرنے سے احتراز نہیں کیا ہے۔

نوٹ: حسب مقدار غیرت، قارئین عشرت کو لڑکا یا لڑکی سمجھنے میں آزاد ہیں۔ اس مضمون میں عشرت کی ایج، فزیک، ہائیٹ، لکس اور ایٹی ٹیوڈ بیان کر دیا گیا ہے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments