سُشانت سنگھ خود کشی: بالی وڈ اداکارہ ریا چکربرتی کا پولیس کو بیان


بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی قریبی دوست ریا چکربرتی نے جمعرات کو ممبئی پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے۔

ریا چکربرتی خود بھی ایک اداکارہ ہیں اور دونوں لاک ڈاؤن کے بعد ایک فلم میں ساتھ کام کرنے والے تھے۔

ممبئی پولیس سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک دس لوگوں کے بیانات قلمبند کروائے گئے ہیں جن میں سُشانت کے دوست، اہلخانہ اور ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

معروف شخصیات کی موت کو تماشہ کیوں بنا دیتا ہے میڈیا؟

سُشانت سنگھ کی موت اور ’اقربا پروری‘، بالی وڈ اور سوشل میڈیا منقسم

بالی وڈ: وہ فلمی ستارے جنھوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ اپنے ہاتھوں کیا

یاد رہے کہ 14 جون کو سُشانت سنگھ راجپوت کی لاش ممبئی کے علاقے باندرا میں ان کے فلیٹ میں ملی تھی۔ بظاہر انھوں نے خود کشی کی ہے۔

بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی نے انڈیا میں ایک بحث چھیڑ دی ہے۔ اس بحث میں جہاں عام افراد ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کے متعلق بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں وہی بالی وڈ سے منسلک افراد میں یہ مباحثہ جاری ہے کہ بالی وڈ میں بظاہر دو خیمے ‘باہر والے’ اور ‘اندر والے’ ہیں۔

اس بحث میں کانگریس رہنما سنجے نیروپم کے بیان نے اس خودکشی کے واقعے کو نیا موڑ دیا تھا جب انھوں نے ٹویٹ کیا کہ ’فلم چھچھورے کی کامیابی کے بعد سوشانت سنگھ نے سات فلمیں سائن کی تھیں۔ چھ مہینوں میں ان کے ہاتھ سے ساری فلمیں نکل گئی تھیں، کیوں؟ فلم انڈسٹری کی بے رحمی دوسری ہی سطح پر کام کرتی ہے۔ اسی بے رحمی نے ایک باصلاحیت فنکار کو مار ڈالا۔۔۔’

تاہم مہاراشٹر کی حکومت نے پیشہ ورانہ رقابت کے الزامات اور ان پر مبینہ ذہنی دباؤ کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ریاست کے وزیر داخلہ انیل دیش مکھ نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ پولیس ان کے ڈپریشن یا ذہنی دباؤ کی وجوہات کی بھی تفتیش کرے گی۔ انھوں نے لکھا کہ ‘پوسٹ مارٹم سے صاف ظاہر ہے کہ انھوں نے خود کشی کی، لیکن اس طرح کی میڈیا رپورٹس سامنے آ رہی ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ ان کے ڈپریشن کی وجہ پیشہ ورانہ رقابت تھی۔ ممبئی پولیس اس کی بھی تحقیقات کرے گی۔’

بدھ کو سُشانت کے ایک اور قریبی دوست مکیش چھابڑا نے پولیس کو بتایا کہ انھیں سُشانت کی کسی بھی طرح کی پیشہ ورانہ رقابت کا علم نہیں تھا۔

جبکہ سُشانت سنگھ راجپوت کے والد نے پولیس کو بتایا ہے کہ انھیں اور دیگر خاندان والوں کو نہیں پتا کہ ان کے بیٹے کے ’ڈپریشن‘ کی وجوہات کیا تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سُشانت کے تمام قریبی دوستوں اور جاننے والوں سے پوچھ گچھ کرے گی۔

اسی دوران سُشانت سنگھ راجپوت کے والد اور دیگر اہلخانہ نے ان کی آخری رسومات ادا کرتے ہوئے ان کی استھیاں دریائے گنگا میں بہا دی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32467 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp