شوبز ڈائری: ’سُشانت سنگھ کی بہن شویتا سنگھ کا ان کے نام خط‘


سوشانت سنگھ

بالی ووڈ اداکار سُشانت سنگھ کی بہن شویتا سنگھ کرتی نے سوشل میڈیا پر اپنے بھائی کے نام ایک کھلے خط میں جہاں ان کے لیے بے پناہ محبت کے ساتھ ان کی موت پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے وہیں ان کے مداحوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر نفرت نہ پھیلائیں۔

شویتا نے لکھا ’کسی بھی چیز کا انتخاب ہمارے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے تو کیوں نے ہم نفرت پر محبت کو اپنائیں، غصے اور ناراضگی پر ہمدردی اور شفقت کا انتخاب کریں اور ایک دوسرے کو معاف کرنا سیکھیں۔‘

شویتا کا کہنا تھا زندگی میں سبھی جدوجہد کرتے ہیں اس لیے ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔ شویتا کا یہ کھلا خط شاید ان لوگوں کے لیے بھی ہو جو اس موقع پر اپنی اپنی تلواریں تیز کرکے سوشل میڈیا پر اپنے مبینہ حریفوں کو ذبح کرنے کی کوشش میں ہیں۔

کنگنا رناوت

سُشانت سنگھ کی موت پر آنسو بہاتے ہوئے کہیں کنگنا رناوت کرن جوہر کو کوس کوس کر سوشانت کے لیے انصاف کی دہائی دے ری ہیں تو کہیں فلسماز ابھینو کشیپ اپنا پرانا جھگڑا لے کر سلمان خان کے خاندان کو لتاڑنے بیٹھ گئے۔

ساتھ ہی وویک اوبرائے کو بھی ماضی میں ایشوریہ کے حوالے سے سلمان خان کے ساتھ تکرار کے بعد انڈسٹری میں اپنی جدوجہد کی یادیں ستانے لگیں ہیں۔

سُشانت سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد انھوں نے انتہائی جذباتی ٹویٹ میں سُشانت سنگھ کے ساتھ ہمدردی اور اپنی کہانی بیان کی تو ٹویٹس کا ایک لمبا سلسلہ شروع ہو گیا جن میں بالی ووڈ میں اقربا پروری پر سبھی کو آڑے ہاتھوں لیا گیا اور عالیہ بھٹ بھی خوب ٹرول ہوئیں۔

سُشانت کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے ایک دوسرے کے خلاف جو جنگ شروع کی ہے وہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔

یہ درست ہے کہ سُشانت سنگھ کی بے وقت موت نے بالی ووڈ کی چلن اور اس کی روایات پر کئی سوال کھڑے کیے اور کئی بڑی بڑی ہستیوں کی جانب انگلیاں اٹھیں ہیں۔ بہار میں ایک کیس بھی درج ہوا ہے جس میں ایکتا کپور، کرن جوہر، سلمان خان اور کرن جوہر کے نام شامل ہیں۔

کہا جا رہا کہ سُشانت سنگھ کے پاس چھ فلمیں تھیں جو ان سے واپس لے لی گئیں اور کام نہ ملنے کی صورت میں حالات یہاں تک پہنچے کہ انھوں نے خود کشی کر لی۔

دریں اثنا مہاراشٹر کے وزیر داخلہ نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ممبئی پولیس سُشانت کے کیس میں پیشہ وارانہ دشمنی کے پہلوؤں کی بھی تحقیقات کرے گی۔

سُشانت شدید ڈپریشن کا شکار تھے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ کچھ دنوں سے اپنی دوا بھی نہیں لے رہے تھے اور ان کے ہاتھ سے کئی بڑی بڑی فلمیں بھی نکل گئی تھیں۔

صورتِ حال جو بھی ہو ابھی پولیس تحقیقات کر رہی ہے لیکن اس دوران میڈیا اور سوشل میڈیا نے جو سرکس لگایا وہ شاید سُشانت کے اہلِ خانہ کے لیے کافی تکلیف دہ رہا ہوگا جس کے نتیجے میں ان کی بہن نے یہ کھلا خط لکھا۔

سوشل میڈیا پر ٹرولنگ سے تنگ آکر کرن جوہر نے ٹوئٹر پر صرف چار لوگوں کے علاوہ سب کو ان فالو کردیا ہے اب وہ صرف امیتابھ بچن، شاہ رخ کے ساتھ نریندر مودی کو ہی فالو کررہے ہیں۔

ادھر ایکتا کپور بھی ٹرولز سے تنگ آچکی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے سُشانت کو ٹی وی سیریل میں پہلا بریک دیا تھا۔

ایکتا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہنگامہ کرنے کے بجائے سُشانت کے گھر والوں کو تنہائی میں سوگ منانے کا موقع دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32492 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp