کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز، آج رات بارہ بجے لاہور کے مزید علاقے بند کرنے کا فیصلہ


لاہور : کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث آج رات بارہ بجے لاہور کے مزید علاقے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ اے، گلبرگ، گلشن راوی، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور والڈ سٹی ایک ہفتے مکمل بند رہیں ‌گے۔ ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کورونا سے نمٹنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، متعدد لوگ کورونا سے صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے کورونا مریضوں کے لئے وینٹی لیٹرز سمیت طبی آلات میں اضافہ کیا گیا ہے، ہمارے پاس 250 ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ، 60 وینٹی لیٹرز خالی ہیں، 30 سے 50 فیصد بیڈز اسپتالوں میں خالی پڑے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہم نے لاہور کے کچھ علاقے بند کیے ہیں، اور مزید کچھ علاقے بندکرنے جا رہے ہیں، جن علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے، انہیں بند کر رہے ہیں، اگلے ایک ہفتے کے لئے گلبرک، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی، ڈی ایچ اے بند کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا مارکیٹس اور ریٹیل شاپس کھولنا بہت ضروری تھیں، ایسی صورتحال میں معیشت کا پہیہ چلنا اب ہی بہت ضروری ہے، آج صبح اخبار میں کراچی کی ایک خبر پڑھ رہی تھی، ایک بزرگ باہر جا رہا تھا تو اس سے پوچھا گیا آپ باہر کیوں ہیں، اس بزرگ نے کہا وائرس سے مرنا بہترہے بھوک سے نہیں۔

وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ اسپتالوں میں جگہیں اور ادویات موجود ہیں، ایکٹمرا انجکشن جس مریض کو ضرورت ہے اسے دے رہے ہیں، مارکیٹوں میں ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں ہورہا، ایس اوپیز پر عمل کرانا حکومت کی ذمہ داری تو ہے لیکن عوام کی بھی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کوشش ہے معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہے اور وبا پر قابو بھی پایا جا سکے، سب سے زیادہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی مارکیٹوں میں ہو رہی ہے، بارہا کہا ہے کہ ماسک پہننا لازمی ہے، اپنے ناک اور منہ ڈھانپیں۔

انھوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے لئے گلبرک، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گارڈن کے علاقے بندرہیں گے، ڈی ایچ اے، گلشن راوی اور والڈ سٹی کے علاقے بند کیے جا رہے ہیں، آج رات 12 بجے کے بعد یہ علاقے بند ہوں گے، دودھ، بیکری، میڈیکل اسٹور و دیگر دکانیں پہلے بھی بند نہیں کی گئی تھیں۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے، مریضوں کے کم ہونے سے اسپتالوں میں جگہیں بڑھ جائیں گی، یہ وبا کہیں جا نہیں رہی وبا اب بھی موجود ہے، لوگوں سے سختی کریں تو برا بھلا کہا جاتا ہے نہ کریں تو بھی، امید ہے ان علاقوں میں ہفتے کے اندر صورتحال کافی بہتر ہو جائے گی۔ بشکریہ اے آر وائی نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments