فواد چودھری سے استعفیٰ لیا جائے: عمران خان نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کا مطالبہ مسترد کر دیا


نجی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ متنازعہ انٹرویو پر وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری سے استعفیٰ لیا جائے لیکن وزیراعظم نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا اور کہا کہ آپ اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں، یہ کام میرا ہے کہ ٹیم میں رکھیں اور کسے نہیں۔

92  نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے اور دونوں وزراء نے موقف اپنایا کہ انٹرویو سے لگتا ہے کہ ناکامیوں کے ذمہ دار ہم ہیں۔ ایسا تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ حکومت اور پارٹی ہماری وجہ سے ناکام ہوئی۔ جہانگیر ترین کے خلاف کوئی سازش نہیں کی، نہ اس کا حصہ ہیں۔ وزراء نے مزید کہا کہ فواد چودھری نے غیرذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا اور کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کارروائی نہ کی گئی تو نرمی کا تاثر جائے گا۔ تاہم وزیراعظم نے مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کام اسرانجام دیتے رہیں، یہ کام میرا ہے کہ کسے ٹیم میں رکھیں اور کسے نہیں۔

یادرہے کہ اس سے قبل پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر فوادچودھری پارٹی سے خوش نہیں تو استعفیٰ دیدیں۔ تاہم بعد میں فواد چودھری نے بھی سوشل میڈیا کا محاذ سنبھالا اور ٹوئٹر پر لکھا کہ ” اس وقت تک وزیر رہوں گا جب تک وزیر اعظم کا اعتماد حاصل ہے، کسی اور کی خواہش پر استعفی دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، سیاست کمزور دل حضرات کا کھیل نہیں “۔

سوشل میڈیا پر موقف دینےسے قبل گزشتہ روز ہی فواد حسین چودھری اور اسد عمر کی بھی آپس میں ملاقات ہوچکی ہے جس کے بعد کہا گیا کہ غلط فہمیاں دور کرلی گئیں۔ دنیا نیوز کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے آپس میں تمام گلے شکوے دور کر لیے ہیں۔

ادھر فواد چودھری اور اسد عمر کی ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اینکر پرسن طلعت حسین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دونوں کو ماسک پہنا دیے گئے اور بتا دیا گیا کہ اگر لڑتے رہے تو دونوں کے سی وی واپس کر دیے جائیں گے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments