بلاول بھٹو زرداری کا قومی اسمبلی میں عمران خان کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے پر ردِعمل: ’بینظیر بھٹو کو شہید نہیں کہتے مگر ایک دہشت گرد ان کے نزدیک شہید ہے‘


عام طور پر تصور کیا جاتا ہے کہ پارلیمان میں کھل کر بات کرنے کی اجازت ہوتی ہے اور جمہوری اصولوں کے مطابق کسی کے آزادی اظہار کو صلب نہیں کیا جا سکتا تاوقت کہ وہ کسی اور کے حقوق یا جذبات کو پامال نہ کر رہا ہو۔

تاہم پاکستان کی قومی اسمبلی میں پیر کو ہونے والی بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے چند الفاظ اس وقت حذف کر دیے گئے جب انھوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے کی مذمت کی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ بلاول کی وزیر اعظم پر تنقید کے دوران سپیکر نے ایسا قدم اُٹھایا ہو۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پارلیمان کے ایوان زیریں میں گذشتہ ہفتے اپنے خطاب کے دوران اسامہ کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے

پیر کو پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کی گذشتہ اجلاس میں تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ: ’وزیر اعظم صاحب نے اسامہ بن لادن کو شہید قرار دے دیا۔ یہ وہ اسامہ بن لادن ہے جس نے پاکستان کے شہریوں، پاکستان کے بچوں کو شہید کیا ہے، ہماری افواج ہمارے فوجیوں کو شہید کیا ہے۔‘

ان کے مطابق اسامہ ’شہید محترمہ بنیظر بھٹو کے کیس سے لے کر کارساز اور 1993 میں رمزی یوسف پر قاتلانہ حملے تک کا الزام اسامہ بن لادن پر ہی ہے۔ یہ آدمی جن کو ہم وزیر اعظم کہتے ہیں، وہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کو، مسلم اُمہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم کو، جو دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئیں، یہ وزیر اعظم شہید محترمہ بنظیر بھٹو کو شہید نہیں کہتے مگر اسامہ بن لادن کو شہید کہہ سکتے ہیں۔‘

یہی نہیں، اصل ہنگامہ تو ان کی تقریر کے اگلے جملے پر برپا ہوا۔ بلاول نے وزیر اعظم کا ذکر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ: ’یہ وزیر اعظم احسان اللہ احسان اور حکیم اللہ محسود۔۔۔ جو طالبان تھے، جو دہشت گرد تھے، یہ بزدل اُن کے خلاف بول نہیں سکتا تھا۔‘

https://twitter.com/MediaCellPPP/status/1277513040511086592

ان کا یہ کہنا ہی تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لفظ ’بزدل‘ کو اسمبلی کے ریکارڈ سے حذف کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات کو پھر دہرایا، مگر بلاول نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ: ’جناب سپیکر آپ مجھے روکنہیں کر سکتے اور نہ ہی آپ وزیر اعظم کا دفاع کر سکتے ہیں۔ انھوں نے ہماری عوام کی بے عزتی کی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’ستر ہزار پاکستانی مارے گئے مگر اسامہ بن لادن شہید ٹھہرا‘

’مجھے گرفتار کیا گیا تو بہن آصفہ آواز بنیں گی‘

بلاول کو تحریکِ انصاف سے کیا گِلے ہیں؟

اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے بلاول بھٹو سے رکنے کے لیے کہا تاہم بلاول اپنی بات جاری رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سپیکر بار بار بلاول سے کہتے رہے ’آپ تشریف رکھیں‘ لیکن پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے ان کی ایک نہ سنی۔

پھر بلاول بھٹو نے ایک پُرانا سیاسی نعرہ دہرایا: ’دہشت گردوں کے جو یار ہیں۔۔۔‘ جسے حزب مخالفت کے اراکین پارلیمان نے مکمل کیا۔ اس پر سپیکر نے ایک بار پھر کہا کہ ’آپ تشریف رکھیں، میں بات کرتا ہوں‘۔

بظاہر بلاول پر ان کا بس نہیں چل رہا تھا۔ اسی دوران بلاول نے حکومت کے دیگر اراکین کو برائے نام مخاطب کر کے پوچھنا شروع کیا: ’فواد چوہدری صاحب، آپ سمجھتے ہیں اسامہ بن لادن شہید ہے؟ شاہ محمود قریشی صاحب، بابر اعوان صاحب، فہمیدہ مرزا صاحبہ، کیا اسامہ بن لادن شہید ہے؟ جواب دیں؟‘

اس سب کے دوران سپیکر اسد قیصر مسلسل بلاول کو روکنے کی کوشش کرتے رہے اور کہتے رہے کہ انھیوں ڈیکورم کا خیال رکھنا چاہیے۔

اس کے بعد سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اعوان میں وزیر اعظم کیا، کسی بھی ممبر کے خلاف اس قسم کے الفاظ کا استعمال مناسب نہیں۔ ’بلاول صاحب آپ کوشش کریں کہ بزدل جیسے الفاظ استعمال نہ کریں۔ آپ بزدل لفظ واپس لے لیں۔‘

اس پر بلاول بھٹو نے پوچھا، ’کس قسم کے الفاظ؟ جناب سپیکر، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ اسامہ بن لادن کو شہید قرار دینا، اتنے دن گزرنے کے بعد وضاحت نہیں دینا، معافی نہیں مانگنا، کیا اس کرسی کی توہین نہیں ہے؟ اس ہاؤس کی توہین نہیں ہے؟ ہر پاکستانی کی توہین نہیں ہے؟‘

بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا کہ: ’جنابِ سپیکر، آپ اُس صوبے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں (دہشتگردی کے خلاف جنگ سے) اتنا سارا نقصان ہوا۔ مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ آپ ہمارے شہیدوں کا نہ دفاع کر رہے ہیں اور ہمارے وزیر اعظم کے بیان کو حذف بھی نہیں کر رہے ہیں، مگر ہماری بات پر آپ اپنے کمنٹس دے رہے ہیں۔ آپ کی مرضی۔۔۔‘

آخر میں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ میں صرف یہ کہتا ہوں کہ اس ہاؤس میں ہر ممبر باعزت ہے اس کے بارے میں جب بھی کوئی لفظ بولا جائے تو احترام سے بولا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp