اور پھر میرا سائبان کھو گیا


چند دن پہلے مرے بیٹے داؤد مجھ سے پوچھنے لگے میرے نانا جان کون ہیں مجھے ان کی سب باتیں بتائیں۔ میں مسکرا کر بولی، آپ کے نانا جان۔

میری زندگی، میری روشنی، میری جان اور میرے شہزادے ہیں۔ خاموشی سے میری بات سنتے سنتے داؤد اچانک سے بولے، لیکن مما آپ کا شہزادہ تو میں ہوں۔ نانا جان کیوں؟

اپنی سب سے زیادہ عزیز جان کو یہ بات سمجھانے میں کامیاب ہو ہی گئی کہ آپ سے بڑھ کر بھی کوئی میری متاع جان ہو سکتا ہے میری کل کائنات ہو سکتا ہے تو وہ میرے ابو ہیں۔

باتوں کا سلسلہ ابھی جاری تھا میرے بیٹے نے مجھ سے کہا؛ مما نانا جان سے بات کرتے ہیں۔ میری خاموشی اور میری بھیگتی آنکھیں چھپانا میرے لئے بہت مشکل ہو گیا تھا میری اپنے ابو سے آخری دفعہ بات بہت سردی کی رات 31 جنوری 2011 میں ہوئی تھی جب رات 9:45 پر اپنے امتحان کی تیاری میں مصروف تھی ابو آکر مجھے کہتے ہیں انسولین لا دو مجھے (روز میں ہی دیتی تھی)

میں بولی

ابو جی 10 بجے انسولین کا ٹائم ہو گا ابھی وقت نہیں ہوا ہے میری بات سن کر ابو چلے گئے شاید کبھی نہ لوٹنے کے لئے!

10 بجے تک انسولین کی بجائے ابو کے جانے کا وقت ہو گیا تھا
اتنا کم وقت لگتا ہے کسی جان سے عزیز کو جانے میں؟
اگر میں وقت سے پہلے ان کو دوا دے دیتی تو کیا میں ان کو روک سکتی تھی جانے سے؟
وہ کب ہیں سے تھے ہو گئے پتہ ہی نہیں چلا!
وہ میری زندگی تھے
وہ میری مسکراہٹ تھے
وہ میری رونق تھے۔

اپنے کانپتے وجود اور بے ترتیب دھڑکنوں کے ساتھ اور آنسوؤں سے بھری آنکھوں کو بند کر کے سوچوں تو لگتا ہے وہ وقت وہیں تھم گیا تھا کچھ بھی نہیں بدلا اس کے بعد، وہ میرا سب کچھ اپنے ساتھ لے گئے۔

لیکن اگلے ہی لمحے جب آنکھیں کھولوں تو لگتا ہے اتنے سال جیسے ایک لمحے میں گزر گئے ہیں سب کچھ بدل گیا ہے وقت بدل گیا ہے خواہشات، ترجیحات، رونقیں، مصروفیات ہر شے کا رنگ بدل گیا ہے۔ وہ ہوتے تو منظر یقیناً کچھ اور ہوتا۔ آج بھی وہ میرے دل میں زندہ ہیں میں جب چاہتی ہوں ان سے مل لیتی ہوں وہ میرے سامنے نہیں ہوتے لیکن پھر بھی ان کے سامنے ادب سے نظریں جھکا کر بیٹھی مسکراتی رہتی ہوں اللہ تعالیٰ مجھے نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین کہتے ہیں کہ نیک اولاد بھی صدقہ جاریہ ہے۔

اللہ تعالیٰ کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے اور ان کی مغفرت فرمائے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments