پاکستان ٹیم کا دورہ انگلینڈ: فخر زمان، محمد حفیظ، محمد رضوان، محمد حسنین، وہاب ریاض اور شاداب خان کے کورونا ٹیسٹ ’منفی‘


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آئے ہیں اور اس طرح وہ عنقریب منعقد ہونے والے دورہ انگلینڈ کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، محمد رضوان، محمد حسنین، وہاب ریاض اور شاداب خان شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے 23 جون کو میڈیا کو بتایا تھا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد حسنین اور فخر زمان سمیت سات کھلاڑیوں کے کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس کے بعد ان میں سے محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے اپنے طور پر بھی ٹیسٹ کروائے تھے جن کے نتائج منفی آئے تھے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ان کھلاڑیوں کے 26 جون کو لیے گئے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے اور پھر 29 جون کو تیسری مرتبہ کورونا ٹیسٹ لیے گئے تھے جن کے نتائج 30 جون کو موصول ہوئے۔

ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ان چھ کھلاڑیوں کو جلد انگلینڈ بھیجنے کے انتظامات کر رہا ہے تاکہ وہ وسٹر میں موجود سکواڈ میں شمولیت اختیار کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیے

دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان، متاثرہ کھلاڑیوں میں سے چھ کے ٹیسٹ منفی

کورونا وائرس اور دورہ انگلینڈ: پروفیسر کی پھرتیاں اور فواد کی قسمت

مزید 7 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت، ٹیم 28 جون کو روانہ ہوگی

20 کھلاڑیوں اور 12 رکنی سپورٹ سٹاف پر مشتمل پاکستانی ٹیم چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے پہلے ہی انگلینڈ پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم وسٹر میں 14 روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد ڈربی میں اپنی ٹریننگ شروع کرے گی اور آپس میں پریکٹس میچز کھیلے گی۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پیر کے روز سکواڈ کے کووڈ 19 ٹیسٹ لیے ہیں جن کے نتائج منگل تک سامنے آئیں گے۔

پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس اور فزیو کلف ڈیکن بھی انگلینڈ پہنچ چکے ہیں۔ ان کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر انگلینڈ میں موجود لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر نے بھی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے تاکہ وہ پریکٹس میں حصہ لے سکیں۔

واضح رہے کہ دورے کے لیے ٹیم میں شامل کیے گئے لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی کے دونوں کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لہذا وہ انگلینڈ نہیں جاسکے ہیں۔ ان کے علاوہ حیدرعلی، حارث رؤف اور عمران خان کے بھی دو، دو ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

دورہ انگلینڈ کے روانہ ہونے والے سکواڈ میں کپتان اظہر علی اور نائب کپتان بابر اعظم کے علاوہ اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شا ن مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ٹیم کے ساتھ 11 رکنی سٹاف بھی روانہ ہو رہا ہے جن میں ہیڈ کوچ مصباح الحق، بیٹنگ کوچ یونس خان، سپن بولنگ کوچ مشتاق احمد اور ٹیم مینیجر منصور رانا سمیت دیگر شامل ہیں۔

سپورٹس سائنسز کے ماہرین اور برطانوی حکومت کے قوانین کے مطابق پی سی بی کے ٹیسٹنگ کے عمل کے دوران سکواڈ میں شامل جن اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے وہ اتوار کو سفر نہیں کر سکیں گے تاہم جونہی ان کے دو منفی ٹیسٹ آئیں گے تو انھیں انگلینڈ بھیج دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp