پی آئی اے کی یورپ کی پروازوں پر چھ ماہ کی پابندی عائد


یورپین یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے یورپین ممالک کے لیے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کے لیے معطل کردیا ہے۔یورپین یونین ائیر سیفٹی ایجنسی یعنی ایاسا کے جانب سے اس معطلی کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

اس کے نتیجے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی یورپ کے لیے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی جائیں گی۔

ایجنسی کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان کی جانب سے مبینہ طور پر مشکوک لائسنس رکھنے والے پائلٹوں کو گراؤنڈ کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

ایاسا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹرک کائی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے نام ایک خط میں لکھا ہے کہ ’ایئرلائن یہ ثابت نہیں کر سکی کہ اس نے سیفٹی مینیجمنٹ کے نظام کے تمام عناصر کا موثر طور پر اطلاق کیا ہے جو شکاگو کنوینشن کے مطابق درکار ہیں۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’ایاسا کو ملنے والی معلومات کے مطابق بدھ 24 جون کو پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے پاکستانی پارلیمان کو بتایا تھا کہ ایک تفتیش کے نتیجے میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے آٹھ سو ساٹھ پائلٹس میں سے دو سو ساٹھ سے زیادہ پائلٹس کو جو حکام نے لائسنس جاری کیے ہیں وہ دھوکہ دہی کے ذریعے حاصل کیے گئے ہیں‘۔

پی آئی اے

جب پاکستان کے نمایاں فلائنگ سکولز سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ میٹرک اور انگریزی کی سمجھ بوجھ کافی ہے

ان معلومات کی بنیاد پر ایاسا کو پاکستانی پائلٹس کے لائسنسز کی درستگی کے بارے میں تشویش ہے۔

پی آئی اے نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن مسافروں کی پی آئی اے کی بکنگ ہے ان کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ چاہیں تو بکنگ آگے کروالیں یا ریفنڈ حاصل کریں۔ پی آئی اے نے مزید کہا ہے کہ وہ ’یورپین فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp