تہران: کلینک میں دھماکہ، کم از کم 19 افراد ہلاک، متعدد زخمی


ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک کلینک میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دھماکہ سینا اطہر کلینک میں ہوا ہے۔

مہر نیوز ایجنسی نے تہران کے حکام علی القاصی مہر کے حوالے سے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں چار مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔

حکام کے مطابق متعدد افراد زخمی بھی ہیں اور یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے ایک سینیئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ گیس کے اخراج کے باعث ہوا ہے۔

عمارت

AFP/Getty Images
دھماکے نے عمارت کو تباہ کر دیا

ٹی وی پر نظر آنے والی تصاویر میں کلینک سے دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے نظر آئے۔ آگ پر قابو پانے میں فائر فائٹر عملے کو کافی وقت لگا۔

تہران کے آگ بجھانے والے محکمے کے ترجمان جلیل مالکی نے کہا ہے کہ آگ لگنے کا واقع ایک پانچ منزلہ عمارت میں ہوا جہاں دوسری منزل پر زور دار دھماکہ ہوا۔

مجروحان

AFP/Getty Images
متعدد زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا

ایران کی ایمرجنسی انتظامی ایجنسی کے ترجمان مجتبی خالدی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں اوپری منزلوں پر ہوئی ہیں۔

انھوں نے کہا: ‘زیادہ تر ہلاکتیں چوتھی اور پانچویں منزلوں پر ہوئیں جہاں آپریشن روم ہے۔’

یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو پیش آيا اور آگ لگنے کے بعد وہاں کم از کم دو دھماکے سنے گئے۔ آگ لگنے کی تصاویر جلد ہی سوشل میڈیا پر گشت کرنے لگیں۔

اس سے کچھ دن پہلے ہی فوج کے ایک اڈے کے قریب ایک بڑا دھماکہ ہوا تھا جس کی وجہ بھی گیس کا اخراج بتائی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp