جس روز ہمارے 7 جوان شہید ہوئے‘ 11 بھارتی فوجی مارے‘ انڈین آرمی مردانگی دکھا کر نقصان بتائے: آرمی چیف


\"raheel-sharif-uniform\"

خیرپور ٹامیوالی (آئی این پی + بی بی سی) وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ دشمن نے اپنے عزائم واضح کردیئے ہیں، دشمن پاکستان میں ترقی کا عمل نہیں دیکھنا چاہتا، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے بھرپور تیار ہیں۔ رعدالبرق جنگی مشقوں نے دشمن کی شرانگیزی کا جواب دینے کیلئے ہماری صلاحیت کو اجاگر کیا، مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قابل افسوس ہے۔ پاکستان دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے، سی پیک کے تحت گوادر بندرگاہ سے پہلا تجارتی بحری جہاز روانہ ہوگیا۔ ضرب عضب دہشتگردی کے خلاف دنیا کا سب سے موثر آپریشن ہے، دہشتگرد ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا سنجیدگی سے حل ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ وہ خیرپور ٹامیوالی میں پاک فوج کی جنگی مشقوں کی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے۔ رعد البرق مشقیں پاک فضائیہ اور پاک آرمی کی جانب سے منعقد کی گئیں جس میں مسلح افواج کی جانب سے پاکستانی ڈرون براق نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا جس نے انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ مشقوں میں جے ایف سولہ، سترہ اور مشاق طیاروں نے بھی اپنی جنگی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ الخالد ٹینک کے ذریعے بھی فرضی دشمنوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، سعودی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف سٹاف، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل سہیل امان، نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، مختلف ملکوں کے سفیر سمیت سعودی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف بھی موجود تھے۔ کورکمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم نے مہمانوں کا استقبال کیا اور شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی افواج دْشمن کے ہر وار کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم کا کہنا تھا کہ جب غیریقینی حالات ہوں تو بہترین تیاری کے ذریعے ہی مضبوط رہا جاسکتا ہے اور مشقوں سے پاک فوج کی قوت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ہم مختلف اہم ہتھیاروں سے دشمن کا دفاعی نظام تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نوازشریف کو سوینئر پیش کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ رعد البرق مشقوں کا مشاہدہ کرکے بے حد خوشی ہوئی، مشقیں اس بات کا مظہر ہیں کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی استعداد کار کے باعث دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہیں، مسلح افواج اور تمام ادارے قومی دفاع میں اہم کردار ادا کر تے ہیں۔ ہمارے سٹرٹیجک ویژن کیلئے معاشی استحکام ضروری ہے۔ ضرب عضب کے باعث حکومت کی رٹ بحال ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ملک کی درجہ بندی میں اضافہ ہوا ہے، عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ پاکستان دشمنوں کے عزائم اور کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کشمیر میں جاری حالیہ شورش کے بارے میں کہا کہ جموں و کشمیر میں مقامی سطح کی حالیہ تحریک کو دبانے کے لئے وحشیانہ اقدامات نقصان دہ ہیں۔ ہم تمام غیر ریاستی عناصر کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ قبل ازیں آرمی چیف نے کہا ہے کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ آئندہ نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ فوجی مشقوں کے دوران جوانوں سے گفتگو میں آرمی چیف نے کہا دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا۔ اس عمل کو برقرار رکھنا ضروری ہے، ہم نے دشمن کو نیست و نابود کر دیا ہے۔ مسلح افواج کی تیاریوں سے کسی کو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں ہو گی۔ آرمی چیف جوانوں میں گھل مل گئے۔ انہوں نے کہا رعد البرق مشقیں دشمن سے غافل نہ ہونے کی عکاس ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو مستحکم کر رہے ہیں۔ انہوں نے فوجی جوانوں سے کہا کہ وہ عوام کی خدمت اور مدد کو اپنا شعار بنائیں۔ کسی مشکل میں صرف ایک آرڈر ہے کہ کوئی آرڈر نہیں، صرف لوگوں کی مدد کریں۔
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ جس روز ہمارے 7 جوان شہید ہوئے اسی روز ہم نے بھارت کے 11 فوجی مارے اور ان کا ایک افسر بھی زخمی ہوا جبکہ 3 بھارتی چوکیاں تباہ کی گئیں۔ بھارتی فوج مردانگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے نقصان اور ہلاک فوجیوں کا بھی بتائے۔ مودی کو ہماری بات سمجھ آ گئی ہے جارحیت سے کچھ نہیں ملے گا۔ صدر مملکت کی طرف سے ترک صدر کو دیئے گئے عشائیہ میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بہترین دفاع کا سہرا فوج کے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ فوج نے ملکی دفاع کے بہترین نتائج دیئے۔ ایل او سی پر اب تک 45 سے زائد بھارتی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ سرجیکل سٹرائیک صرف باتوں تک محدود ہے۔ خیرپور ٹامیانوالی میں مشقیں سو فیصد کامیاب تھیں۔ بلوچستان کے حالات کی بہتری میں پاک فوج کا کلیدی کردار ہے۔ مودی کو اچھی طرح سمجھ آ گئی پاکستان کی مسلح افواج ملک کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ فوج کا یہ ڈسپلن ہے کہ جب اس کا کوئی سپاہی مرتا ہے تو فوجی کی یہ عزت ہوتی ہے کہ اس کا اعتراف کیا جاتا ہے اور اس کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ بھارت کی یہ کیسی فوج ہے جس کو اپنے فوجیوں کے مرنے کی ان کے یونیفارم کی کوئی عزت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور فوج ایک ہے پاکستان کی قوم کو جس طرح فوج پر فخر ہے اسی طرح فوج کو قوم پر فخر ہے۔ بھارت کو سرجیکل سٹرائیک کے دعوئوں پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت سے باز رہے۔ علاوہ ازیں آرمی چیف سے ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارت ہماری فوج کی قابلیت اور صلاحیت سے بخوبی آگاہ ہے ہم ہر طرح سے ملکی دفاع کیلئے تیار ہیں۔ جب آرمی چیف سے یہ سوال کیا گیا کہ نریندر مودی باز کیوں نہیں آ رہے تو آرمی چیف نے کہاکہ انہیں سمجھ ہے کہ ہم کیا کر رہے ہیں اور ہماری کیا قابلیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کو مرد بننے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں اچھا کام ہوا ہے ۔ آرمی چیف نے یہ بات سابق کور کمانڈر بلوچستان اور وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہی۔ مغربی بارڈر پر جو کچھ حاصل کیاہے اسے ضائع نہیں کر سکتے۔ آج بہاولپور میں فوجی مشقوں میں 6 کلو میٹر تک مار کرنے والے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج وردی میں ہونے والی ہلاکتیں تسلیم نہیں کرتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments