عاصم اظہر کے نئے گانے ’تم تم‘ پر صارفین کی تنقید: ’ایک اور گانا جس میں عورتوں کو بے وفا اور گولڈ ڈگر دکھایا گیا ہے‘


گذشتہ رات گلوکار عاصم اظہر نے اپنا نیا گانا ’تم تم‘ ریلیز کر دیا ہے اور تب سے لے کر اب تک پاکستانی سوشل میڈیا کے ٹرینڈز پر تبصرے دیکھ کر تو یہی لگتا ہے کہ جیسے صارفین سب کام کاج چھوڑ کر اسی گانے کے انتظار میں بیٹھے تھے۔

اس گانے کی ویڈیو میں عاصم اظہر کے ساتھ اداکارہ ہنیا عامر، اداکار اسد صدیقی، ٹک ٹاک سٹار اریکا حق، اریپ سنگر رامس، طلحہ یونس، طلحہٰ انجم اور گلوکار و اداکار تیمور صلاح الدین عرف مورو شامل ہیں۔

اس گانے کی ریلیز سے اب تک اسے چند ہی گھنٹوں میں 12 لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں اور بحث کا یہ عالم ہے کہ پاکستان میں ٹوئٹر کے چار ٹاپ ٹرینڈز اسی گانے سے متعلق ہیں جن میں ہنیا عامر، تم تم، اریکا حق اور عاصم اظہر ٹرینڈ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

’تم تم‘ گانے پر تنقید کیوں کی جا رہی ہے؟

’تم تم‘ کی ابتدا میں کینیڈین فلاسفر میتھسونا ڈھلوائیو کا ایک قول شامل کیا گیا ہے جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ ’اگر آپ محبت بجائے پیسے کا انتخاب کریں گے تو آپ ہمیشہ غریب ہی رہیں گے۔‘

گانا پانچ دوستوں کی کہانی پر مبنی ہے جنھیں محبت میں دھوکے ملتے ہیں اور بظاہر وہ اس کا الزام لڑکیوں کی بے وفائی اور ان کے محبت کے بجائے پیسے کے انتخاب کو قرار دیتے نظر آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’علی سیٹھی کبھی اپنے گانے بھی گاتے ہیں؟‘

’علی سیٹھی کو فیض کا کلام گانا چھوڑ دینا چاہیے‘

طاہر شاہ نے ایک بار پھر سریلے گانے سے میوزک انڈسٹری کو ہلا دیا‘

https://twitter.com/AsimAzharr/status/1278679649544003584?s=20

اس گانے پر سوشل میڈیا صارفین کا اعتراض یہ ہے کہ اس میں خواتین کی منفی عکاسی کرتے ہوئے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ عورتیں بے وفا، خود غرض، لالچی اور بد کردار ہوتی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ اس گانے کو بنانے میں جتنے ٹیلینٹڈ افراد کو شامل کیا گیا ہے، وہ چاہتے تو کچھ بہت کمال بنا سکتے ہیں لیکن انھوں نے ایک ایسی لڑکی کے بارے میں گانا بنانے کا فیصلہ کیا جو ’گولڈ ڈگر‘ ہے اور بہت خرچے کرتی ہے۔

میسٹا تھاٹس نامی ایک صارف کا کہنا تھا کہ گانے کا تصور ’فحش‘ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس گانے میں پہلے تو عورت کو بے وفا اور گولڈ ڈگر دکھایا ہے لیکن گانا ہٹ کروانے کے لیے پھر اسی عورت کو ایک ’پروپ‘ کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

علی سید کہتے ہیں تم تم ایک ایسا گانا ہے جس سے صنفی امتیاز جھلکتا ہے۔

وہ کہتے ہیں ’شاید اس میں محبت کے معاملے میں کچھ گولڈ ڈگرز کی حقیقت بیان کی گئی ہو۔۔۔ لیکن آخری سین میں جس طرح سارے لڑکے ہنیا عامر کو دیکھ رہے ہیں اس میں عورت کو ایک پروپ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔۔۔ انتہائی گٹھیا۔‘

جبکہ کچھ صارفین کو خواتین کی ایسی منفی عکاسی کے لیے گانے کی ویڈیو میں ایک نابالغ لڑکی (اریکا حق) کو کاسٹ کرنے پر سخت اعتراض ہے۔

کئی صارفین کا ماننا ہے کہ گانا تو کچھ خاص نہیں لیکن ویڈیو بناتے ہوئے انھوں نے ہر اس شخصیت کو، جس کے یوٹیوب پر کافی مداح ہیں، شامل کر کے اچھی گیم کھیلی ہے۔

تاہم جہاں عاصم اظہر کے نئے گانے کے مواد اور ویڈیو پر تنقید کرے والوں کی کمی نہیں وہیں کئی صارفین کےنزدیک یہ گانا ایک ماسٹر پیس ہے اور وہ ابھی سے اس کے اگلے حصے کا انتظار کر رہے ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل عاصم اظہر کو گانے کی ویڈیو میں اریکا حق کو لینے پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ شائقین چاہتے تھے کہ گانے میں عاصم کے ساتھ صرف اور صرف ہنیا عامر ہوں۔

https://twitter.com/AsimAzharr/status/1276522272984125442?s=20

ٹریلر کی ریلیز کے بعد اریکا حق کے خلاف کئی ٹرینڈر بھی بنائے گئے تھے جس کا جواب دیتے ہوئے عاصم اظہر نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’کمال ہے ویسے۔۔۔ پہلے ڈپریشن اور ذہنی صحت پر لیکچرز دیتے ہیں اور کچھ دن بعد اپنی نفرت اور تنقید سے خود ہی کسی کو ڈپریشن کا شکار بنا دیتے ہیں۔‘

لیکن اب گانے میں اریکا حق کے ساتھ ہنیا عامر بھی دکھائی تو دے رہی ہیں لیکن آٹے میں نمک کے برابر۔

https://twitter.com/umamastrauma/status/1278721469422460928?s=20

اسی جانب اشارہ کرتے ہوئے شفیق صدیق نامی صارف کہتے ہیں ’اس گانے میں ہنیا کا رول اتنا ہی ہے جتنا پنجاب گورنمنٹ میں وزیرِ اعلیٰ بزدار کا۔‘

ایک صارف نے گانے پر تنقید کے بعد پروڈکشن ٹیم کے ایک دوسرے کو الزام دینے کا سین کچھ یوں بیان کیا ہے:

https://twitter.com/bhaibutnotyours/status/1278738716480147457?s=20

یاد رہے عاصم اظہر اب تک 32 سے زائد گانے گا چکے ہیں۔ انھوں نے پاکستان سپر لیگ کے گذشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے لیے گانا بھی گایا تھا اور اس کے علاوہ وہ پی ایس ایل کے پانچویں آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32469 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp