شیخوپورہ ٹرین حادثہ: مسافر وین اور ٹرین میں تصادم، کم از کم 15 سکھ یاتری ہلاک


پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے نزدیک مسافر ٹرین اور ویگن کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ شیخوپورہ سے 14 کلومیٹر دور فاروق آباد میں سچا سودا کے قریب اس وقت پیش آیا جب پشاور آنے والی شاہ حسین ایکسپریس ایک مسافر ویگن سے ٹکرا گئی۔

ریلوے ترجمان کے مطابق ٹرین حادثہ فاروق آباد اور بحالی ریلوے سٹیشن کے درمیان بغیر پھاٹک والی ریلوے کراسنگ پر پیش آیا۔

ڈی پی او شیخوپورہ اصغر جوئیہ کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں ویگن میں سوار 15 سکھ یاتری ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کچھ مسافر زخمی بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ٹرین میں آگ لگنے کے بعد کیا ہوا

ٹرین میں سکیورٹی کی ذمہ داری کس کی؟

آخری ٹرین کے مسافر: ’کوئی نہیں بتا رہا کہ واپسی کیسے ہو گی‘

زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ویگن میں پشاور سے تعلق رکھنے والے 25 سکھ یاتری سوار تھے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق ریلوے اور ضلعی ریسکیو 1122 ٹیمیں موقع پر پہنچ کر ٹریک کی بحالی، زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو کوسٹر سے نکالنے کر طبی امداد دینے میں مصروف ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے شیخوپورہ میں ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp