سروج خان: بالی وڈ پر راج کرنے والے ستاروں کی ڈانس گورو کا انتقال


Saroj Khan

سروج خان

بالی وڈ کی معروف کوریو گرافر سروج خان 71 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انڈیا کے شہر ممبئی میں انتقال ہو گیا ہے۔

سروج خان کے رشتے دار منیش جاوانی نے انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق سروج خان کو گذشتہ ماہ سانس لینے میں دقت کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

سروج خان کا بالی وڈ کریئر چار دہائیوں پر محیط تھا جس میں انھوں نے لاتعداد گانوں پر سب کے پسندیدہ اداکاروں کو رقص کی تیاری کروائی۔ وہ سروج خان ہی تھیں جنھوں نے مادھوری ڈکشت کو ’ایک دو تین‘، ’دھک دھک کرنے لگا‘ اور ’مار ڈالا‘ جیسے کئی گانوں پر ڈانس سکھایا اور انھیں شہرت دلائی۔

ان کے شاگردوں میں شاہ رخ خان، سری دیوی، سلمان خان، اکشے کمار، کرینا کپور، کاجول اور ایسے کئی نام تھے جنھوں نے فلمی دنیا پر راج کیا۔

سروج خان کون تھیں؟

سروج خان کی پیدائش 1948 میں ہوئی تھی اور فلم انڈسٹری میں انھوں نے بطور چائلڈ سٹار قدم رکھا تھا۔

سنہ 1950 کے عشرے میں بطور بیک اپ رقاصہ انھوں نے کام شروع کیا اور بمل رائے کی فلم مدھومتی میں ڈانس ڈائریکٹر بی سوہن لال کے ساتھ کام کیا۔ سروج بعد میں سوہن لال کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

اس کے بعد انھوں نے بطور اسسٹنٹ کوریوگرافر کام کیا لیکن 1974 میں انھیں پہلی بار کھل کر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا جب انھوں نے فلم ’گیتا میرا نام‘ کے لیے کوریوگرافی کی۔

اس کے بعد تو پھر 80 کی دہائی میں وہ جانا پہچانا نام بن گئیں۔

انھوں نے سری دیوی کے لیے مسٹر انڈیا فلم کا گانا ’ہوا ہوائی‘ کوریوگراف کیا اور پھر تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ان کا جنازہ جمعہ کی صبح ہوا۔ انھوں نے سوگواران میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

بالی وڈ

ماسٹر جی کی وفات پر بالی وڈ کے ستاروں کا ردعمل

سروج خان کے انتقال کے بعد بالی وڈ کے فنکاروں نے ٹوئٹر پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات چھوڑے ہیں اور فلم انڈسٹری کے لیے ان کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔

بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشت نے، جن کے کریئر میں سروج خان کا نمایاں کردار رہا، اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں اپنی دوست اور گورو سروج خان کو کھو دینے پر تباہ حال ہوں۔ میرے رقص کو بہتریں بنانے کے لیے انہوں نے جو کام کیا اس کے لیے میں ہمیشہ شکر گزار رہوں گی۔ دنیا نے ایک بہترین فنکار کھو دیا ہے۔ میں آپ کو مس کروں گی۔‘

مادھوری ڈکشت کی تقریباً ہر فلم میں سروج خان کی ہدایت میں فلم بند ہونے والا کم سے کم ایک ایسا گانا ہوتا تھا جس کا رقص نہایت مقبول ثابت ہوتا تھا۔ تیزاب میں ’ایک دو تین‘، فلم بیٹا میں ’دھک دھک کرنے لگا‘ سے لے کر فلم دیوداس میں ’مار ڈالا‘ تک، سروج خان مادھوری کے فلمی سفر اور ان کی کامیابی کا بڑا حصہ رہیں۔

فلم اداکار اور سٹار شاہ رخ خان نے بھی ٹوئٹر پر اپنے غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’وہ فلم انڈسٹری میں میری پہلی اصل ماسٹر تھیں۔ گھنٹوں تک مجھے فلمی رقص کا منفرد سٹیپ سکھایا۔ نہایت ہی خیال رکھنے والی، شفیق اور متاثر کرنے والی شخصیت۔ ہم آپ کو یاد کریں گے سروج جی۔ اللہ ان کی روح پر رحم کرے۔ میرا خیال رکھنے کے لیے شکریہ۔‘

شاہ رخ خان کا باہیں پھیلائے وہ منفرد پوز جو ان کی پہچان بن گیا ہے، وہ بھی سروج خان کی ہی تخلیق تھا۔

اداکارہ کرینا کپور خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا کہ ’ماسٹر جی ہمیشہ کہتی تھیں ’پیر نہیں چلا سکتی تو کم سے کم چہرہ تو چلا!‘ مجھے انہوں نے یہی سکھایا۔ رقص کا لطف اٹھانا، مسکرانا، اور آنکھوں سے مسکرانا۔‘

’ان جیسا دوسرا کوئی نہیں ہو سکتا۔ ہم اداکاروں کے لیے، اور ان کے تمام چاہنے والوں کے لیے رقص اور اظہار اب ویسا نہیں رہے گا۔ لوو یو ماسٹر جی۔ اس دن تک جب ہم پھر ساتھ ناچیں گے۔‘

اس کے علاوہ فلم اداکار اکشے کمار، سوشمیتا سین، کاجول، سومن کپور، سوناکشی سنہا، انوشکا شرما، اننیا پانڈے، اور سدھارتھ شکلا سمیت کئی بالی ووڈ شخصیات نے سروج خان کو اپنے پوسٹس کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔

بالی ووڈ کے علاوہ سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں نے بھی ان کی وفات پر غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

انڈیا کے ریل، کامرس اور صنعت کے وفاقی وزیر پیوش گویل نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’صف اول کی ڈانس ماسٹر سروج خان کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا۔

’وہ نئے فنکاروں کے لیے مشعل راہ تھیں۔ بالی وڈ کے نہاہت ہی مقبول اور یادگار گانوں کے رقص کے پیچھے ان کا فن تھا جو یاد رکھا جائے گا۔ میں ان کے لواحقین، ارباب اور فینز کو تہہ دل سے تعزیت پیش کرتا ہوں۔‘

انڈیا میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کے آفیشل ہینڈل نے بھی سروج خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp