’دولت اسلامیہ کو فنڈ کرنے‘ کے لیے سمگل کی جانے والی 14 ٹن کی دوا ’کیپٹاگون‘ اٹلی میں پکڑی گئی


کیپٹاگون

اتنی مقدار میں دوا کا پکڑا جانا اپنے آپ میں عالمی ریکارڈ ہے

اٹلی کی پولیس نے ایمفیٹا مائن نامی دوا کی 14 ٹن گولیاں پکڑی ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ انھیں دولتِ اسلامیہ کی مالی مدد کے لیے شام میں تیار کیا گیا تھا۔ پولیس کے خیال میں دوا کا اتنا بڑا ذخیرہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

کیپٹاگون کی اِن آٹھ کروڑ 40 لاکھ گولیوں کی مالیت کا تخمینہ ایک ارب یورو لگایا گیا ہے۔ یہ ذخیرہ اٹلی کی بندرگاہ سالرنو میں پکڑا گیا۔

ان گولیوں کو پیپر اور گاڑیوں کے گیئر میں استعمال ہونے والی گراریوں کے بڑے بڑے ڈرموں میں چھپایا گیا تھا۔

اٹلی کی پولیس اس واقعے میں مقامی جرائم پیشہ گروہوں کے ملوث ہونے کے بارے میں تفتیش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’جہادی گولیاں انڈیا سے آئی تھیں‘

اطالوی مافیا کے سرغنہ کی وہ غلطیاں جن سے وہ پکڑے گئے

کیپٹاگون نامی یہ دوا دماغ کو متحرک کر دینے والی ایک دوا فینیتھائلین کا برانڈ نام ہے۔ ابتدا میں اس دوا کو ایسے مریضوں کو دیا جاتا تھا جو کسی چیز پر توجہ مبذول کرنے سے قاصر ہوتے ہیں اور ایک جگہ ٹک کر بیٹھ نہیں سکتے۔

اس بیماری کو اٹینشن ڈیفیسٹ ڈس آرڈر یا اے ڈی ایچ ڈی کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ دوا نارکولیپسی نامی بیماری میں بھی دی جاتی تھی۔

لیکن بعد میں کئی ممالک نے اِس پر پابندی عائد کر دی تھی کیونکہ لوگ نشے کی طرح اس کے عادی ہو جاتے ہیں۔

https://twitter.com/GDF/status/1278215819374333952

کیپٹاگون کی جعلی اقسام کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ یہ مشرقِ وسطیٰ میں امیر نوجوانوں میں بہت مقبول ہے خاص طور پر خلیجی ریاستوں میں اس کی زیادہ مانگ ہے۔

یہ دوا دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں سمیت شام میں لڑنے والے دیگر جنگجو بھی استعمال کرتے رہے ہیں کیونکہ یہ خوف دور کرنے میں مدد دیتی ہے اور تھکن دور کرتی ہے۔

شام کے بارے میں خیال ہے کہ وہاں دنیا میں سب سے زیادہ جعلی کیپٹاگون تیار کی جاتی ہے۔

کیپٹاگون

دولت اسلامیہ کو شام کے زیادہ تر علاقوں میں شکست ہو چکی ہے لیکن اب بھی اس کے ہزاروں جنگجو شام میں موجود ہیں

اٹلی کے علاقے نیپلس کی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کچھ عرصے پہلے تک شام کے بڑے علاقوں پر قابض شدت پسند گروپ نام نہاد دولتِ اسلامیہ پر شبہ ہے کہ وہ اپنے مالی وسائل میں اضافے کے لیے اس دوا کو بڑے پیمانے پر تیار کر رہی ہے۔

دولت اسلامیہ کو شام کے زیادہ تر علاقوں میں شکست ہو چکی ہے لیکن اب بھی اس کے ہزاروں جنگجو شام میں موجود ہیں۔

اٹلی کے پورٹ آف سیلرنو میں پکڑی جانے والی گولیوں کی اتنی بڑی تعداد یورپ کی پوری مارکیٹ کے لیے کافی تھیں۔ پولیس کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ جرائم پیشہ گروہوں کا ایک بڑا کنسورشیم موجود ہے جو دوا کے اِس ذخیرے کو پورے یورپ میں تقسیم کر سکتا تھا۔

پولیس کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے یورپ میں ایسی سینتھیٹک ادویات کی پیداوار رک گئی ہے۔ جس کی وجہ سے اس کے حصول کے لیے کئی سمگلروں نے شام کا رخ کیا ہے، جہاں اس دوا کو اب بھی بنایا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32553 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp