نواز شریف آج کل ’ایون فیلڈ‘ سے نکل کر کہاں اور کیوں جاتے ہیں؟


سابق وزیراعظم نواز شریف نے کرونا وائرس سے دنیا بھر میں پیدا شدہ بحرانی صورتحال ٹلتے ہی نئے سرے سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے لیکن پاکستان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت اور سب سے مقبول سیاسی پارٹی کے قائد اپنی سیاسی سرگرمیوں کے اس نئے مرحلے میں غیر معمولی احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق علاج کے نام پر برطانیہ جا کر عملاً خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے سابق وزیراعظم نہ صرف مکمل طور پر صحتمند اور فٹ ہیں بلکہ گزشتہ چند ہفتوں سے بھرپور سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ٰان کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں اور مصروفیات میں غیر ملکی سفارتکاروں سے رابطوں کا سلسلہ غالب بتایا جاتا ہے جن کے ساتھ سابق وزیراعظم نے ملاقاتیں تیز کردی ہیں اور اہم بات چیت کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں سابق وزیراعظم کے سہولت کار دو برادر اسلامی ممالک، قطر اور متحدہ عرب امارات سے خاص طور پر ان کے روابط اور تعلقات بحال کروانے میں مصروف عمل ہیں۔ ذرائع کے مطابق قطر میں مقیم سیف الرحمن جو قطر کے شاہی خاندان کے ساتھ نہایت قریبی و کاروباری تعلقات اور اس میں خصوصی اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی سیاست اور اسٹیبلشمنٹ پر اثر و رسوخ رکھنے والے سعودی عرب اور امریکہ جیسے ممالک کے علاوہ بعض اہم مغربی ممالک اور انڈیا کے سفارت کاروں کے ساتھ بھی ”جلا وطن“ سابق وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں اہم ملاقاتیں کی ہیں تاہم خصوصی احتیاطی حکمت عملی کی بنا پر یہ ملاقاتیں لندن کے علاقے پارک لین میں واقع ان کی قیام گاہ ایون فیلڈ اور حسین نواز کے آفس کی بجائے ایک نامعلوم تیسرے ’محفوظ‘ مقام پر کی جاتی ہیں۔

ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان میں اپنے سیاسی رابطوں کے سلسلے میں بھی غیر معمولی احتیاط برتنی شروع کر دی ہے اور آج کل ”نون“ لیگ کے قائد پاکستان میں اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ رابطے اور گفتگو کے لئے سیٹلائیٹ فون استعمال کر رہے ہیں، جس کی بابت تصور کیا جاتا ہے کہ اس کے ذریعے ہونے والی بات چیت ایجنسیاں intercept کر سکتی ہیں نہ سن سکتی ہیں۔ ذرائع کا خیال ہے کہ سابق وزیراعظم پرائیویٹ کمپنیوں سے hire کیے گئے سیٹلائیٹ فون بھی بدل بدل کے استعمال کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے بھرپور انداز میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کے نئے سلسلے کا آغاز ان کے غیر علانیہ پولیٹیکل ایڈوائزر، چڑیا والے معروف سینئر پاکستانی صحافی کے مشوروں کی روشنی میں کیا ہے جنہوں نے حال ہی میں سابق وزیراعظم کو امریکی حکام کے حوالے سے ایک خصوصی پیغام پہنچایا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد کو باور کرایا گیا تھا کہ واشنگٹن پاکستان میں اگلے الیکشن کے بعد انہیں ”باری“ دلوانا چاہتا ہے، اسی پیغام کی روشنی میں ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اسی سینئر صحافی کو پاکستان میں مریم نواز کے لئے ایک خصوصی فوری پیغام دے کر پچھلے دنوں خاموشی سے پاکستان بھی بھجوایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments