بیلا حدید کا فلسطین کنیکشن: کیا اب میرے والد آپ کے لیے اپنی جائے پیدائش تبدیل کر لیں؟


بیلا

بیلا حدید کے والد محمد حدید فلسطینی ہیں

اچھا آپ بیلا حدید کو جانتے ہیں؟ جی جی وہی جن کی بڑی بہن کا نام جیجی حدید ہے؟ جی جی وہی جیجی جن کے پارٹنر اپنے زین ملک ہیں؟

اچھا چلیں ہم آپ کی یاد تازہ کرا دیتے ہیں۔ بیلا حدید، اور ان کی بہن جیجی دونوں کافی مقبول ماڈلز ہیں۔ دونوں کی پیدائش امریکہ میں ہوئی، تاہم والدہ یولینڈا حدید کا تعلق ڈنمارک سے ہے اور ان کے والد محمد حدید فلسطینی ہیں۔

اور آپ کو یہ بھی پتا ہوگا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتنیاہو کا کہنا ہے کہ وہ مقبوضہ غرب اردن کے کچھ حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے جا رہے ہیں۔

اب آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ ہم بنا بات کے آج آپ کو حدید خاندان کے بارے میں کیوں بتا رہے ہیں؟ اور پھر ان کے ذکر کو فلسطین کی موجودہ صورت حال سے کیوں جوڑ رہے ہیں؟ مگر پھر آپ یہ بھی سوچ رہے ہوں گے کہ بنا بات کے بات ہم کم ہی کرتے ہیں، نہیں؟

مزید پڑھیے

جیجی حدید بین الاقوامی ماڈل آف دی ایئر

ووگ عربیہ کے پہلے شمارے پر جیجی حدید

میلانیا ٹرمپ کی نقل اتارنے پر جیجی کی معذرت

تو بات دراصل یہ ہے کہ بیلا حدید، جن کے انسٹاگرام پر تقریباً ساڑھے 31 ملین فالوور ہیں، انھوں نے اپنی ایک انسٹا سٹوری میں اپنے والد کے پرانے امریکی پاسپورٹ کی تصویر لگا دی، جس میں جائے پیدائش کی جگہ واضح طور پر ’فلسطین‘ لکھا ہے۔ اس میں بیلا نے لکھا تھا ’میرے بابا اور ان کی جائے پیدائش، فلسطین۔‘

پھر ہوا یہ کہ یہ پوسٹ بظاہر انسٹاگرام نے ہٹا دی۔

اس کے بعد بیلا حدید نے ’انسٹاگرام کو میرا پیغام۔۔‘ کے نام سے ایک سٹوری پوسٹ کی، جس میں انھوں نے لکھا کہ ’انسٹاگرام نے میری یہ سٹوری ہٹا دی۔ مجھے اپنے والد کی جائے پیدائش پر فخر ہے، اس بات کے کس حصے میں ’کسی کو ڈرانا، ہراساں کرنا، یا فحاشی‘ شامل ہے؟‘

اگلی سٹوری میں انھوں نے پھر اپنے والد کے پاسپورٹ کی وہی تصویر پوسٹ کی اور لکھا، ’کیا آپ چاہتے ہیں کہ میرے والد آپ کے لیے اپنی جائے پیدائش بدل دیں؟‘

اور اگلی سٹوری میں انھوں نے لکھا، ’مجھے فلسطینی ہونے پر فخر ہے۔ سب کو اپنے والدین کی جائے پیدائش کی تصاویر شئیر کرنی چاہئیں۔ انہیں یاد دلاؤ کہ تم کہاں سے ہو!!!‘

ان کی یہ سٹوریز ان کی بہنوں جیجی حدید اور الانا حدید اور ان کے والد محمد حدید نے بھی اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شئیر کیں ہیں۔

جیجی حدید کے انسٹاگرام پر تقریباً 55 ملین فالوور ہیں۔

اگر آپ بیلا حدید کو انسٹاگرام پر فالو کرتے ہیں تو آپ کو یہ بھی پتا ہوگا کہ وہ انسانی حقوق، خاص طور پر فلسطین کے موضوع پر اکثر پوسٹ کرتی ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے بلیک لائیوز میٹر کے حوالے سے بھی کافی مواد شئیر کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32537 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp