بلوچستان: اینٹی نارکوٹکس کے اہلکاروں کی منشیات سمگلنگ پر کارروائی، جوابی حملے میں دو اہلکار ہلاک، چھ زخمی


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع واشک میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) پر ایک کارروائی کے بعد کیے گئے جوابی حملے کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ۔

کوئٹہ میں اے این ایف کے ہیڈکوارٹر میں ایک اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کو اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اے این ایف کے اہلکاروں پر یہ حملہ ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں کیا گیا۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

بلوچستان: عسکریت پسندوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار ہلاک، آٹھ زخمی

بلوچستان: سکیورٹی فورسز پر دو حملوں میں سات اہلکار ہلاک، چار زخمی

اہلکار کے مطابق اے این ایف کے اہلکار ایک کارروائی کے بعد جب واپس آرہے تھے تو ان کو نشانہ بنایا گیا۔

درایں اثنا اے این ایف کے ترجمان کی جانب سے اس واقعے جح بارے میں باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر اے این ایف کے اہلکاروں نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے بعد جب اے این ایف کے اہلکار مہراب لوگ کے علاقے میں پہنچے تو دہشتگردوں اور اسمگلروں نے ان پر گھات لگا کر مشترکہ حملہ کیا ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فورس کے اہلکاروں نے حملہ آوروں کا تین گھنٹے تک مقابلہ کیا اور نتیجے میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 50 سے 60 تھی جنھوں نے راکٹ بھی فائر کئے جس سے اے این ایف کی دوگاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

ترجمان کا کہنا ہے ایف سی (ساﺅتھ ) کے اہلکار اے این ایف کے اہلکاروں کی مدد کے لیے پہنچے جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ماشکیل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب مغرب میں ضلع واشک کی ایران سے متصل سرحدی تحصیل ہے۔

واشک سمیت بلوچستان کے پانچ اضلاع کی سرحدیں ایران سے لگتی ہیں ۔ دیگر سرحدی اضلاع میں چاغی ، پنجگور، کیچ اور گوادر شامل ہیں ۔

ان اضلاع کی ایران سے متصل سرحدی علاقے دشوارگزار علاقوں پر مشتمل ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہلمند میں جو منشیات تیار کی جاتی ہیں ان کو منشیات کے اسمگلر انھی دشوار گزار راستوں سے ایران یا دیگر ممالک اسمگل کرنے کے لیے گوادر میں ساحل سمندر تک پہنچاتے ہیں ۔

ان علاقوں میں ماضی میں بھی اسمگلروں کی اے این ایف اور دیگر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اے این ایف کے ترجمان کی جانب سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں یہ کہا گیا ہے کہ یہ حملہ دہشت گردوں اور اسمگلروں نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp