مقبوضہ کشمیر: بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے، 20 سے زائد زخمی، ترک صدر کا بیان حوصلہ افزاء ہے: حریت کانفرنس


\"kashmiri-leaders-hail-pm-nawaz-s-historic-speech-at-unga-1474530807-1867\"

سرینگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ جاری، وادی کے مختلف علاقوں میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور جھڑپیں، 20 سے زائد افراد زخمی، پیلٹ گن کی فائرنگ سے 13 سالہ یتیم طالبہ بینائی سے محروم۔ بھارتی مظالم کیخلاف کئی علاقوں میں مظاہرے کئے گئے۔ کپواڑہ پولیس نے 28 سالہ نوجوان طاہر ڈار کو فورسز پر پتھراؤ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے تحریک حریت جموں وکشمیر ضلع اسلام آباد کے صدر میر حفیظ اللہ کو آزادی کے حق میں مظاہروں میں شرکت کی پاداش میں گرفتار کر لیا ہے۔ میر حفیظ اللہ کو ضلع کے علاقے ہاکورہ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ آزادی کے حق میں ایک ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔ کرگل میں اسرائیلی صدر کے دورہ بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ امام خمینی ٹرسٹ کے زیر اہتمام مظاہرے میں شدید سردی کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فلسطینیوں سے یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر اسرائیلی صدر واپس جاؤ کے نعرے لگائے گئے۔ عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر رشید کو رہا کر دیا گیا ہے۔ انجینئر رشید کو گزشتہ روز اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ جامع مسجد میں نماز جمعہ پر پابندی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جامع مسجد جانا چاہتے تھے۔ حریت کانفرنس نے ترکی کے صدر طیب اردگان کے کشمیر پر دیئے گئے بیان کی سراہتے ہوئے کہا کہ اردگان ہزاروں میل دور اپنے ملک کے ہنگامی حالات سے نبردآزما اور مصروف ہونے کے باوجود کشمیر میں جاری خونیں صورتحال سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ حریت نے ایک بار پھر واضح کیا خالی بیان بازی اور کاغذی گھوڑے دوڑانے سے ہمارے زخم مندمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ شبیر احمد شاہ نے طیب اردگان کے بیان کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہم ان کی جانب سے حمایت کے لئے شکر گزار ہیں۔ دختران ملت نے اردگان کے بیان کو انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا۔ کشمیری اساتذہ نے رات کے وقت سکولوں کی چوکیداری سے انکار کر دیا ہے ۔ یاد رہے ریاستی حکومت نے ایک حکم نامے کے تحت سکول اساتذہ سے کہا تھا وہ رات کے وقت سکولوں کی چوکیداری بھی کیا کریں گے۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی فورسز کی طرف سے جامع مسجد سرینگر کے رواں برس 9جولائی سے مسلسل محاصرے اور شہریوں کو طاقت کے بل پر جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا او آئی سی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ راجباغ پولیس سٹیشن میں 14 جولائی سے قید فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے بعد از وفات اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ایسا میں ان بچوں کے لئے کر رہا ہوں جنھوں نے رواں تحریک انتفادہ کے دوران اپنی آنکھیں گنوائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments