سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو طبی معائنے کے لیے ریاض کے ہسپتال لایا گیا


شاہ سلمان بن عبدالعزیز

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو پتے کی تکلیف کے باعث دارالحکومت ریاض کے ایک ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 2015 سے سعودی عرب پر حکومت کرنے والے شاہ سلمان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی اور روئٹرز نے شاہی دربار کی جانب سے جاری کی جانے والے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہ سلمان کو کولی سِسٹائیٹس کی تکلیف کے باعث معائنے کے لیے دارالحکومت میں شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال لایا گیا ہے۔

سعودی عرب شاہی خاندان اور خصوصاً 84 سالہ شاہ سلمان کی صحت کے حوالے سے خبریں کم ہی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا محمد سلمان سعودی عرب کی سب سے طاقتور شخصیت بن چکے ہیں؟

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اثر و رسوخ کی کہانی

شاہ سلمان کے تین سال میں کیا کچھ بدلا؟

سعودی شہزادوں کی تعداد کتنی ہے؟

شاہ سلمان بن عبدالعزیز

پیر کے روز عراق کے نئے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے بھی شاہ سلمان سے ملاقات کرنی تھی تاہم ان کی بیماری کے باعث یہ ملاقات اسے ملتوی کر دیا گیا۔

شاہ سلمان 2015 میتں اپنے سوتیلے بھائی، 90 سالہ عبداللہ کی وفات کے بعد سعودی عرب کے بادشاہ بنے تھے۔ انھوں نے 2012 سے فرمارواں اور نائب وزیر اعظم کے طور پر کام کیا اور تقریباً 50 برس تک ریاض کے گورنر رہے۔

سنہ 2017 میں خبریں آئیں کہ شاید شاہ سلمان اپنے بیٹے محمد بن سلمان کے حق میں تخت سے دستبردار ہو رہے ہیں تاہم سرکاری طور پر ان خبروں کی تردید کی گئی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اس وقت عملی طور پر محمد بن سلمان ہی سعودی عرب کے حکمران کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp