فری برٹنی سپیئرز مہم آخر ہے کیا؟


برٹنی سپئرز

سنہ2007 میں اپنے شوہر کیون فیڈرلائن سے طلاق اور اپنے دونوں بچوں کی تحویل کھونے پر برٹنی سپیئرز کا رویہ عجیب و غریب ہوگیا تھا۔

معروف امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی سپیئرز کے مداح یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ عدالت ان کو اپنے مالی اور ذاتی معاملات پر مکمل اختیار دے۔

‘دا پرنسز آف پاپ’ کا لقب دی جانے والی برٹنی سپیئرز کے کیرئیر اور اس سے متعلق تمام معاملات کا اختیار ان کے قانونی گارڈیئن یا سرپرست کے ہاتھوں میں ہے۔ عدالت کی جانب سے طے کیے گئے اس معاہدے کو ‘کنزرویٹرشپ’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

برٹنی سپیئرز کو 12 سال پہلے ذہنی مشکلات پیش آئیں جس کے بعد اُن کی تمام تر ذمہ داریاں ان کے سرپرست نے سنبھال لی تھی۔

گوکہ برٹنی سپیئرز اور ان کے سرپرست کے درمیان جو شرائط اور ضوابط طے پائے تھے ان کو کبھی منظر عام پر نہیں لایا گیا لیکن یہ واضح ہے کہ وہ مکمل طور پر خودمختار نہیں ہیں۔

فری برٹنی سپیئرز نامی مہم کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ لاس اینجلس کی عدالت کے باہر مظاہرہ کریں گے۔

‘دا بلاسٹ’ نامی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ 38 برس کی برٹنی سپیئرز بدھ کو انٹرنٹ کے ذریعے لاس اینجلس میں ہونے والی سماعت میں حصہ لے گیں جس میں ان کے مالی معاملات، ذاتی زندگی اور ذہنی صحت سے متعلق بحث ہوگی۔

کنزرویٹرشپ ہوتی کیا ہے؟

عدالت میں طے پائے جانے والے ایک معاہدے کے تحت برٹنی سپیئرز نے سنہ 2008 سے اپنے کرئیر اور مالی معاملات سے متعلق خود فیصلے نہیں کیے ہیں۔

عدالت کنزرویٹرشپ کی اجازت ان افراد کو دیتی ہے جو خود اپنے فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ مثال کے طور پر ڈیمنشیا یا ذہنی طور پر بیمار افراد کے لیے اس طرح کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

بنیادی طور پر گزشتہ تقریباً 12 برس سے برٹنی کے والد اور ان کے وکیل نے ان کے کرئیر، ذاتی زندگی اور مالی معاملات کو سنبھالا ہوا ہے۔ اس معاہدے میں یہ بات تک شامل ہے کہ وہ کتنے لوگوں سے ملاقات کرسکتی ہیں اور اپنے علاج کے لیے کب اور کس ڈاکٹر سے مشورہ یا بات کریں گی۔

ان کے مالی اثاثوں کی تفصیلات عدالت کے پاس موجود ہے۔ ‘بزنس انسائڈر’ نامی ویب سائٹ کے مطابق 2018 میں پاپ سٹار برٹنی سپیئرز کی مالیت 59 ملین امریکی ڈالر تھی جس میں سے انہوں نے 1 .1 ملین ڈالر اسی برس عدالتی کارروائی اور اپنے سرپرست کی فیس پر خرچ کردیئے تھے۔

مارچ 2019 میں ان کے وکیل اینڈریو والٹ اپنے عہدے سے یہ کہہ کر مستعفی ہوگئے تھے کہ ’برٹنی سپیئرز نے جس مدد کا مطالبہ کیا ہے اگر وہ ان کو یک طرفہ طور پر فراہم نہیں کرائی جاتی تو ان کو ذاتی طور پر خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور ان کے اثاثوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے’۔

گزشتہ ستمبر میں برٹنی سپیئرز کے والد جیمی سپیئرز نے ‘ اپنی صحت کے مسائل’ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

اس کے بعد عدالت نے برٹنی سپیئرز کا خیال رکھنے کے لیے ان دونوں سرپرستوں کی جگہ جوڈی مونٹگومری کو ‘ کئیر مینیجر’ مقرر کیا تھا۔

عدالت کے دستاویزات کے مطابق برٹنی کے والد اپنے عہدے سے علیحدگی کو ایک عبوری قدم سمجھتے ہیں۔ حالانکہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک دن غصے میں اپنے نواسے کو پکڑ کر بری طرح جھنجھوڑا تھا۔

فی الحال جوڈی مونٹگومری 22 اگست تک برٹنی کے کنزرویٹر یا گارڈئین کے عہدے پر قائم رہیں گی۔ 22 اگست کو اُن کے عہدے میں توسیع سے متعلق فیصلہ ہونا ہے۔

برٹنی سپیئرز

برٹنی کو کنزرویٹر کے ضرورت کیوں پڑی؟

2007 میں شوہر کیون فیڈرلائن سے طلاق کے بعد اور اپنے دونوں بچوں کی تحویل نہ ملنے پر برٹنی سپیئرز کا رویہ عجیب و غریب ہوگیا تھا۔

ان کے اس مبینہ عجیب و غریب رویے کی بعض مثالیں عوامی سطح پر بھی دیکھنے کو ملیں۔ ایک بار جب انہوں نے اپنا سر منڈوایا تو پوری دنیا کی میڈیا میں یہ خبر شہہ سرخی بنی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک بار ایک پاپارازی فوٹوگرافر کی کار پر اپنی چھتری سے حملہ کیا۔ اپنے اس رویے کی وجہ سے وہ کئی بار بحالی مراکز بھی گئی ہیں۔

اپنے دونوں بیٹوں کو پولیس کو حوالے نہ کرنے پر ہونے والی جھڑپ کے بعد انہیں ذہنی علاج کے لیے بھیج دیا گیا تھا۔ اس کے بعد 2008 میں عدالت نے ان کی ذمہ داری ان کے دو سرپرستوں کے حوالے کردی۔ لیکن اس دوران برٹنی سپیئرز باقاعدگی سے اپنا کام کرتی رہیں۔ انہوں نے تین میوزک ایلبم جاری کیں اور متعدد بار ٹی وی اٹنریو بھی دیے۔

فری برٹنی سپیئرز مہم آخر ہے کیا؟

برٹنی سپیئرز کے بعض مداحوں کا کہنا ہے کہ انہیں زبردستی اس معاہدے کے لیے مجبور کیا گیا۔ ان کا دعوی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مدد کی اپیل کر رہی ہیں۔

‘نیویارک ٹائمز’ اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ‘فری برٹنی سپیئرز’ کا نعرہ 2009 میں برٹنی سپیئرز کے مداحوں کی ایک ویب سائیٹ جو عدالت کے فیصلے سے اختلاف رکھتی تھی انہوں نے استعمال کرنا شروع کیا۔

اس مہم میں اُس وقت دوبارہ شدت آئی جب گزشتہ برس برٹنی سپیئرز ذہنی امراض کے مرکز میں داخل ہوئيں۔ اُس وقت اُن کی ذہنی حالت کی اہم وجہ ان کے والد کی صحت سے متعلق تشویش بتائی گئی تھی۔

‘فری برٹنی سپیئرز’ مہم چلانے والے افراد اب امریکی صدر سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ برٹنی کی کنزرویٹرشپ کو ختم کیا جائے۔ وائٹ ہاؤس میں گزشتہ ماہ اس سے متعلق ایک پٹیشن یا عرضی داخل کی گئی جس میں 125،000 افراد نے دستخط کیے تھے۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ مہم جاری ہے۔

اس بارے میں برٹنی سپیئرز کا کیا کہنا ہے؟

اس مہم کے بارے میں خود گلوکارہ نے کچھ نہیں کہا ہے لیکن حال ہی میں وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو یہ یقین دہانی کراتی رہی ہیں کہ وہ صحیح سلامت ہیں۔

انہوں نے اپنے مداحوں سے ‘ہر کہی سنی بات’ پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ گزشتہ مئی میں انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا ‘ آپ میں سے جن لوگوں کو یہ لگتا ہے کہ میں خود اپنی ویڈیو پوسٹ نہیں کرتی وہ غلط ہیں’۔

ان کے وکیل نے لاس اینجیلس ٹائمز کو بتایا تھا کہ برٹنی سپیئرز اپنے کیرئیر سے متعلق فیصلوں میں برابر شریک ہوتی ہیں۔

اس برس اپریل میں انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ غلطی سے انہوں نے اپنے گھر میں اپنا جم نظر آتش کردیا۔ اس کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔

https://www.instagram.com/p/CCJ1EmZgSnG/

ان کے قریبی ذرائع ان کے سرپرستوں سے متعلق متعدد سازشی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے کنزرویٹرشپ کا انتظام اس لیے کیا گیا تھا تاکہ وہ برٹنی سپیئرز کے طویل مدتی ذہنی مسائل کو حل کرنے میں مدد کرسکیں۔

اس ماہ پاپ گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا تھا: ‘مجھے اندازہ ہے کہ بعض لوگوں کو میرے پیغامات پسند نہ آئیں یا وہ ان کو سمجھ بھی نہ پائیں۔ لیکن یہ میں ہوں۔ بالکل خوش۔ یہ میں ہوں- اتنی ہی مستند اور اتنی ہی اصل جتنا ممکن ہے’۔

اس بارے میں اس وقت کیوں بات ہورہی ہے؟

کنزرویٹرشپ سے متعلق 22 جولائی کو ہونے والی عدالت کی سماعت کے موقع پر ایک بار پھر یہ معاہدہ اور ‘فری برٹنی’ مہم دونوں زیر بحث ہیں۔

‘دا بلاسٹ’ نامی ویب سائٹ نے عدالت کے جو دستاویزات دیکھے ہیں ان کے مطابق برٹنی سپیئرز کی والدہ ان کے مالی معاملات کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینا چاہتی ہیں خاص طور سے اس فلاحی تنظیم کا جو برٹنی نے اپنے دونوں بیٹوں کے نام پر بنائی ہے۔

ایک گم نام ذرائع نے ‘ انٹرٹینمنٹ ٹونائٹ’ نامی ویب سائٹ کو بتایا ہے کہ برٹنی سپیئرز کو ‘واقعی اس بات پر یقین ہے کہ ان کی والدہ ان کی مدد کرنا چاہتی ہیں تاکہ اُن کا اپنے مالی معلامات پر زیادہ اختیار ہو’۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp