شوبز ڈائری: اداکارہ تاپسی پنو کنگنا کے نشانے پر، چلبل پانڈے لاک ڈاؤن میں کھیتی باڑی میں مصروف


سوشانت

سوشانت راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارہ` آج شام ساڑھے سات بجے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز ہو رہی ہے

سشانت راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ 24 جولائی (آج) کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز ہو رہی ہے۔ یہ فلم ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر انڈیا، برطانیہ، کینڈا اور امریکہ میں سبسکرائبر اور نان سبسکرائیبرز سب کے لیے ریلیز ہو گی۔

اس موقع پر میڈیا اور سوشل میڈیا پر لوگ ملے جلے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔

اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے اہلِخانہ نے ان کی موت کے بعد سے انتہائی بردباری اور تہذیب کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموشی اختیار کر رکھی ہے، لیکن بالی ووڈ کے کچھ ستارے ان کے نام کا جھنڈا اٹھا کر جیسے دنگل پر نکلے ہوئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر برپا طوفانِ بدتمیزی ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

یہ بھی پڑھیے

آخر کنگنا رناوت کو اتنا غصہ کیوں آتا ہے؟

بالی وڈ میں اقربا پروری کا سرغنہ کون ہے

’کرداروں کی آفر احسان کے طور پر دی گئی جو قبول نہیں تھا‘

کنگنا رناوت نے بالی وڈ میں مبینہ اقربا پروی کے نعرے لگا لگا کر سب کو ہلکان کر دیا ہے۔

ٹی وی چینلز پر وہ کھلم کھلا لوگوں پر الزامات لگاتی دکھائی دیتی ہیں اور جو کوئی انھیں روکنے کی کوشش کرتا ہے تو ان کی سوشل میڈیا ٹیم جسے ’ٹیم کنگنا‘ کہا جاتا ہے وہ ہاتھ دھو کر اس شخص کے پیچھے پڑ جاتی ہے۔

آج کل ان کا نیا نشانہ اداکارہ تاپسی پنو ہیں جنھیں ان کی بہن رنگولی کنگنا کی ’سستی کاپی‘ کہہ کر بلاتی ہیں۔ تاپسی نے سوشل میڈیا پر کرن جوہر کی تعریف کر ڈالی جو کنگنا کو سخت ناگوار گزرا۔

بہر حال اب اداکار اور سیاست دان نغنہ نے کنگنا کو چھیڑنے کا جوکھم اٹھا لیا ہے۔

انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک میم پوسٹ کی ہے جس میں کنگنا کو موقع پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود اقربا پروری کی ایک جیتی جاگتی مثال ہیں جنھیں بالی ووڈ میں ان کے سابق بوائے فرینڈ ادتیہ پنچولی نے پہنچایا اور پھر مہیش بھٹ نے انھیں فلم ’گینگسٹر‘ میں بڑا بریک دیا۔

اس کے بعد ان کے دوسرے مبینہ بوائے فرینڈ رتک روشن نے انھیں ’کرش تھری‘ میں بریک دیا اور تو اور انھوں نے اپنی ہی بہن کو ہی اپنا مینیجر رکھا ہوا ہے۔

اب کنگنا کی ٹیم کو نیا کام مل گیا ہے اور اس ٹیم نے سوشل میڈیا پر نغمہ کے بخیے ادھیڑنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

فلسماز انوراگ کشیپ نے ان دونوں حسیناؤں کے درمیان معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ اس تمام ہنگامے سے سشانت سنگھ راجپوت کی روح بھی پناہ مانگ رہی ہو گی۔

ادھر اداکار علی فضل بھی دیگر بالی ووڈ ہستیوں کی طرح لاک ڈاؤن میں گھر بیٹھے ہیں بالی ووڈ میں ’اندر والے اور باہر والوں‘ کی اس بحث پرعلی فضل نے بھی اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کی۔

روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’لاک ڈاؤن کے سبب تمام کام رکے ہوئے ہیں فلمیں ریلیز نہیں ہو رہیں نئے پراجیکٹ طے نہیں کیے جا رہے۔ حالات سازگار نہ ہوں تو بھی جینا تو نہیں چھوڑ سکتے۔‘

علی فضل کو بھی انڈسٹری میں دس سال ہو چکے ہیں۔ سنہ 2009 میں راج کمار ہیرانی کی فلم تھری ایڈیٹس میں ایک چھوٹے سے کردار کے ساتھ اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے علی فضل کا کہنا ہے کہ زندگی میں مثبت رہنا سب سے زیادہ ضروری ہے۔

انھوں نے فلم فکرے، بوبی جاسوس اور ہیپی بھاگ جائے گی سے اپنی پہچان بنائی۔ اس کے علاوہ وہ ہالی وڈ فلم فاسٹ اینڈ فیوریس میں بھی نظر آئے تھے اور فلم ’وکٹوریہ اور عبدل‘ میں بھی انھیں مرکزی کردار ملا تھا۔

بالی ووڈ کے ان تمام ہنگاموں سے دور دبنگ خان لاک ڈاؤن کے بعد سے ہی ممبئی کے نزدیک پنویل میں اپنے فارم ہاؤس پر ہیں جہاں وہ کبھی گانا ریکارڈ کرتے ہیں تو کبھی فارم ہاؤس پر اپنی زندگی کی جھلک پیش کرتے نظر آتے ہیں۔

آج کل ٹائیگر چاول کی کاشت کر رہے ہیں۔ کھیتی باڑی کے اپنے اس شوق کو پورا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کبھی ٹریکٹر چلاتے ان کی ویڈیو پوسٹ ہوتی ہے تو کبھی ہاتھوں میں فصل لیے تصویر نظر آتی ہے۔

سلمان کے اس کام میں ان کے فارم ہاوس کا تمام عملہ اور ان کی قریبی دوست یولیہ وینتور بھی ان کی مدد کر رہی ہیں۔ حالانکہ سشانت سنگھ کی موت کے بعد کرن جوہر کے ساتھ ساتھ ان کا نام بھی گھسیٹا جا رہا تھا لیکن چلبل پانڈے ان تمام باتوں سے دور اپنی دنیا میں مست نظر آ رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp