رفال طیاروں کے بعد انڈیا کا فرانس سے ہیمر میزائلوں کا بھی معاہدہ


طیارہ

European Photopress Agency

29 جولائی کو انڈین ریاست ہریانہ کے شہر امبالہ میں رفال جنگجو طیاروں کا پہنچنا متوقع ہے اور ساتھ ہی انڈین ذرائع کے مطابق اس دوران انڈیا فرانس سے خطرناک ہیمر میزائل کا معاہدہ بھی کر رہا ہے۔

یہ معاہدہ انڈین فوج ایمرجنسی پاورز کے استعمال کے تحت کر رہی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ انڈیا 60 سے 70 کلو میٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے ہیمر میزائلوں کو چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں خرید رہا ہے۔

یاد رہے کہ فرانس نے اکتوبر 2018 میں پہلا رفال جنگی طیارہ فرانس میں ہی انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حوالے کیا تھا۔

انڈیا کے خبر رساں ادارے اے این آئی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ’کم نوٹس کے باوجود فرانس ہمارے رفال جنگجو طیاروں کے لیے میزائل سپلائی کرنے کو تیار ہو گیا ہے۔‘

رفال کے پانچ جنگجو طیاروں کی پہلی کھیپ چار دن بعد 29 جولائی کو ہریانہ میں واقع فضائیہ کے امبالہ ہوائی اڈے پر اترے گی۔

یہ بھی پڑھیے

پہلا رفال جنگی طیارہ انڈیا کے حوالے کر دیا گیا

کیا رفال کیس کا فیصلہ مودی کی ’جیت‘ پر اثر انداز ہو گا؟

انڈیا میں رفال جیٹ پر سیاسی طوفان کیوں؟

ہیمر میزائل تیار کرنے والی کمپنی سافران الیکٹرنک اینڈ ڈیفینس کے مطابق ’ہیمر میزائل دور سے ہی آسانی سے استمعال کیا جا سکتا ہے۔ فضا سے زمین پر مار کرنے والے اس میزائل کا نشانہ بہت درست بتایا گیا ہے۔‘

میزائل

safran

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سسٹم آسانی سے فٹ ہو جاتا ہے، گائڈنس کِٹ کے سہارے نشانے لگا سکتا ہے اور کبھی جام نہیں ہوتا۔ میزائل کے آگے لگی گائڈنس کِٹ میں جی پی ایس، انفراریڈ اور لیزر جیسی ٹیکنالوجی فٹ ہوتی ہے۔

ہیمر یعنی ’ہائلی ایجائل موڈیولر امیونیشنز ایکسٹینڈڈ رینج‘۔

جو جنگجو رفال طیارے انڈیا نے فرانس سے خریدے ہیں ان میں پہلے سے ہی فضا سے فضا میں مار کرنے والے میٹیؤر یعنی دور مار کرنے والے میزائل نصب ہوتے ہیں۔

گذشتہ 50 برسوں میں انڈین فضائیہ کی طاقت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ ڈھائی سو کلو وزن سے شروع ہونے والا ہیمر میزائل رفال کے علاوہ میراج جنگجو طیاروں میں بھی فٹ ہو سکتا ہے۔

فرانس کے علاوہ ہیمر میزائل ایشائی مملک جیسے مصر، قطر وغیرہ کے پاس بھی ہیں۔

ماہرین کے مطابق ہیمر میزائل کسی بھی علاقے مثال کے طور پر پہاڑی علاقوں تک میں موجود بنکرز کو تباہ کر سکتے ہیں۔

میزائل

Solenzara Mars

انڈیا نے پالسیی کے حوالے سے کئی فیصلے کیے ہیں جو چین کی جانب اشارہ کرتے ہیں لیکن جنگ یا کسی حملے سے متعلق کوئی اشارہ انڈیا کی جانب سے آیا ہے نہ ہی چین کی طرف سے۔

دونوں ملک ماضی میں دو جنگیں لڑ چکے ہیں۔ سنہ 1962 میں انڈیا اور چین کی جنگ میں انڈیا کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انڈیا نے فرانس سے 36 جنگجو طیاروں کا معاہدہ تقریباً 60 ہزار کروڑ روپے میں کیا تھا حالانکہ ان طیاروں کی صحیح قیمت کے بارے میں متعدد تنازعات کھڑے ہو چکے ہیں۔

یہ جنگجو طیارے فرانس کی کمپنی داسا نے بنائے ہیں اور اس کی خریداری پر کئی طرح کے سوال اٹھائے گئے ہیں۔

فرانس کے ساتھ انڈیا کا رفال طیاروں کی خریداری کا معاہدہ متنازع رہا ہے اور انڈیا کی حزب اختلاف مطالبہ کرتی رہی ہے کہ فرانسیسی طیاروں کی خریداری میں مبینہ طور پر اربوں ڈالر کی بدعنوانی پر وزیراعظم نریندر مودی استعفیٰ دیں۔

رفال طیارے کا معاملہ انڈین سپریم کورٹ تک جا چکا ہے لیکن وہاں بھی سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے معاہدے سے متعلق تمام باتیں سامنے نہیں آسکیں۔

https://twitter.com/ManishTewari/status/1286489848887382017

کانگریس کے سینیئر رہنما منیش تیواری نے سوال کیا ہے کہ ’ہیمر کا معاہدہ رفال کے سودے کے وقت ہی کیوں نہیں کیا گیا۔‘

ایک ٹویٹ میں کانگریس رہنما نے پوچھا ہے کہ ’اس معاملے میں سستی قیمت پر ملنے والے ’سپائڈر‘ اور ’پیو وے‘ ہتھیار کے بارے میں کیوں نہیں سوچا گیا۔ یہ انڈین فصائیہ کے پاس پہلے سے موجود ہیں۔‘

منیش تیواری نے سوال کیا ہے کہ ’کیا ہیمر کی قیمت ان سے زیادہ ہے۔‘

فرانس کی فوج کے پاس سنہ 2007 سے موجود ہیمر میزائل کا استعمال افغانستان اور لیبیا میں ہو چکا ہے۔ اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’ماضی میں اس میزائل کا استعمال بہت کامیاب رہا ہے۔‘

لیکن انڈیا فرانس سے کتنے ہیمر میزائل اور کس قیمت پر خرید رہا ہے اس بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں ہے۔ متعدد زبانوں میں شائع ہونے والے میگزین دی انڈیا ٹوڈے میں تقریباً 100 میزائلوں کے معاہدے کا ذکر ہے۔

https://twitter.com/byadavbjp/status/1286524503795720192

بی جے پی کے سیکرٹری جنرل بھوپندر یادو نے کہا ہے کہ ’جو لوگ انڈیا سے اپنی سرحد کے دفاع کی حکمت عملی سے متعلق سوال کر رہے ہیں: رفال کو ہیمر میزائلوں سے لیس کیا جا رہا ہے۔ دشمن اب بنکروں میں بھی نہیں چھپ پائے گا۔‘

بی جے پی کی حکومت رفال کی قیمت پر سوالات کو قومی سلامتی کا مسئلہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔ حالانکہ جب 1980 کی دہائی میں بوفور توپیں خریدی گئی تھیں تب جن لوگوں نے اس معائدے پر سب سے زیادہ شور مچایا تھا ان میں بی جے پی سب سے آگے تھی۔

سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس رسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق امریکہ اور چین کے بعد انڈیا سکیورٹی پر خرچ کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ گذشتہ برس کے مقابلے انڈیا کے سکیورٹی بجٹ میں چھ عشاریہ آٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے جو گذشتہ برس 2019 میں اکہتر عشاریہ ایک ارب ڈالر تھا۔

لیکن انڈیا کا سکیورٹی سے متعلق کوئی بھی معاہدہ شائد ہی تنازعات سے بچ سکا ہو۔ چاہے وہ جواہر لعل نہرو کے دور کا جیپ معاہدہ ہو، بفور معاملہ یا اب رفال جنگی طیاروں کا معاملہ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp