حکومت پنجاب کا آج رات سے 5 اگست تک مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ


حکومت پنجاب نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے آج رات سے 5 اگست تک مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ایوان وزیراعلیٰ میں ہوا جس میں میاں اسلم اقبال ودیگر وزرا نے شرکت کی۔ مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے کیا گیا، فیصلے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہی ہوگا۔

وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اگلے بدھ تک مارکیٹیوں میں سخت لاک ڈاؤن رہے گا، آج رات سے فیصلے کا اطلاق ہوگا، عید الفطر والے ایس او پیز کا عیدالضحی پر بھی نفاذ ہوگا، مویشی منڈیوں میں سخت قسم کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا، تھیٹر، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات کھولنے کے لئے محرم کے بعد معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 289 ہو گئی، مہلک وائرس نے مزید 20 افراد کی جان لے لی جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 842 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 176 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 92 ہزار 73، سندھ میں ایک لاکھ 18 ہزار 311، خیبر پختونخوا میں 33 ہزار 397، بلوچستان میں 11 ہزار 601، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 989، اسلام آباد میں 14 ہزار 884 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 18 لاکھ 90 ہزار 236 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 56 نئے ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 2 لاکھ 41 ہزار 26 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 229 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 20 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 842 ہو گئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 116، سندھ میں 2 ہزار 151، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 178، اسلام آباد میں 164، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 48 اور آزاد کشمیر میں 49 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بشکریہ روزنامہ دنیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments