یہ ’کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ‘ کیا ہے ؟


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ مینز ورلڈ کپ سپر لیگ پہلی بار منعقد کی جارہی ہے اور یہ 2023 کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کوالیفائنگ مرحلہ بھی ہوگی۔

عالمی کپ اکتوبر نومبر 2023 میں انڈیا میں منعقد ہوگا۔

یہ لیگ مئی میں شروع ہونے والی تھی لیکن کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ اب اس لیگ کا باقاعدہ آغاز 30 جولائی کو ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز سے ہوگا۔

یاد رہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کے متاثر ہونے کے بعد یہ پچاس اوورز پر مشتمل پہلی ون ڈے سیریز بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

10 ملین ڈالر کا ورلڈ کپ

کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے بدلتے رنگ

’یہ ورلڈ کپ آل راؤنڈرز کا ہو گا: کلائیو لائڈ

https://twitter.com/ICC/status/1287616088344231938?s=20

لیگ میں کتنی ٹیمیں شامل ہیں؟

مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں 13 ٹیمیں شامل ہیں جن میں آئی سی سی کی بارہ مکمل رکن ٹیموں کے علاوہ ایسوسی ایٹ رکن ٹیم ہالینڈ شامل ہے۔

لیگ میں پہلی سات پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ میں براہ راست کھیلنے کی اہل ہوں گی۔ انڈیا کو میزبان ہونے کے ناتے پہلے ہی عالمی کپ کھیلنے کا استحقاق حاصل ہوچکا ہے۔

لیگ کے میچز کس طرح ہوں گے؟

سپر لیگ میں ہر ٹیم کو تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل آٹھ ون ڈے سیریز کھیلنی ہوں گی جن میں چار سیریز وہ اپنے ملک میں کھیلے گی جبکہ چار وہ اپنے ملک سے باہر کھیلے گی۔

عامر

ورلڈ کپ میں ٹیموں کا لائن اپ

2023 کے عالمی کپ میں مجموعی طور پر دس ٹیموں نے شرکت کرنی ہے۔ سات ٹیموں کے براہ راست کوالیفائی کر جانے کے بعد بچ جانے والی چھ ٹیمیں ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لیں گی جن میں مزید دو ٹیمیں شامل ہوں گی۔

اس ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ سے جو 2022 میں کھیلا جائے گا صرف دو ٹیموں نے عالمی کپ میں جگہ بنانی ہے۔

آئی سی سی کی اُمیدیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پہلی بار منعقد ہونے والی اس ون ڈے انٹرنیشنل سپر لیگ کے سلسلے میں بہت پرجوش دکھائی دے رہی ہے۔

آئی سی سی کا خیال ہے کہ چونکہ اس لیگ میں ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ عمل موجود ہے لہذا تمام ٹیموں اور شائقین کی اس میں بھرپور دلچسپی موجود رہے گی۔

آئی سی سی کا یہ بھی خیال ہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخوں کو آگے بڑھانے سے بھی میچوں کے شیڈول کو ازسرنو ترتیب دینے کا زیادہ وقت مل جائے گا۔

ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن اس سپر لیگ کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال گذشتہ سال سے قطعاً مختلف ہے جب انگلینڈ کی ٹیم نے لارڈز کے میدان میں عالمی کپ جیتا تھا تاہم انھیں خوشی ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم آئندہ ورلڈ کپ کے اپنے سفر کا آغاز کرنے والی ہے اور ان کے کھلاڑی اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp