سُشانت سنگھ کی ’گرل فرینڈ‘ ریا چکرورتی کے خلاف ایفآ ئی آر، آخر ریا چکرورتی کون ہیں؟


بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے اداکارہ ریا چکرورتی میڈیا کی توجہ کا مرکز ہیں۔ سُشانت اور ریا دونوں کو اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا۔ پھر چاہے وہ پارٹی ہو، جم ہو یا پھر ریستوران، لیکن ان دونوں نے کبھی بھی اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر کچھ نہیں کہا۔ اب سُشانت سنگھ راجپوت کے والد نے پٹنہ میں ریا چکرورتی کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے۔

جس تھانے میں یہ ایف آئی آر درج ہوئی ہے اس کے انچارج یوگیندر روی داس نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ ریا کے خلاف ایف آئی آر سُشانت کے والد کے کے سنگھ نے 25 جولائی کو درج کروائی تھی۔

یوگیندر روی نے بتایا کہ سُشانت کے والد نے ایف آئی آر میں ریا چکرورتی کے خلاف ’سُشانت سے پیسے اینٹھنے اور انھیں خودکشی پر آمادہ کرنے‘ کے الزامات عائد کیے ہیں۔ اطلاع ہے کہ پٹنہ پولیس کی ایک ٹیم اس سلسلے میں ممبئی بھی گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق پٹنہ سنٹرل زون کے آئی جی سنجے سنگھ نے بھی ایف آئی آر کی تصدیق کی ہے۔

14 جون کو اداکار سُشانت سنگھ اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق سُشانت نے خودکشی کی تھی۔

سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ممبئی پولیس کی جانب سے جن افراد سے پوچھ گچھ کی گئی تھی ان میں ریا بھی شامل تھیں۔

گو کہ سُشانت کے زندگی میں ان دونوں نے اپنے رشتے کے بارے میں کبھی کھل کر بات نہیں کی تھی لیکن سُشانت کی موت کے ایک ماہ بعد ریا چکرورتی نے اپنی خاموشی توڑی اور سوشل میڈیا پیج پر پوسٹ کیا کہ وہ سُشانت کی گرل فرینڈ تھیں۔

ریا نے پولیس کو دیے گئے ایک بیان میں بھی خود کو ان کی گرل فرینڈ بتایا تھا۔

کچھ دن پہلے ریا چکرورتی نے خود وزیر داخلہ امت شاہ کو ٹیگ کر کے ٹویٹ کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ سُشانت کی موت کی سی بی آئی سے تحقیقات کروائی جائے۔

ریا چکرورتی کون ہیں؟

ریا چکرورتی یکم جولائی 1992 کو بنگلور میں ایک بنگالی خاندان میں پیدا ہوئیں اور ابتدائی تعلیم آرمی سکول امبالا سے حاصل کی ہے۔

ریا چکرورتی نے سنہ 2009 میں چھوٹے پردے پرائم ٹی وی کے ریالٹی شو ’ٹین دیوا‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اس شو میں دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

ٹی وی شو کی میزبان

اس کے بعد وہ ایم ٹی وی پر متعدد شوز کی میزبانی کرتی نظر آئیں جن میں ایم ٹی وی واٹس اپ، ٹک ٹاک کالج بیٹ اور ایم ٹی وی گون اِن سکسٹیز شامل ہیں۔

چھوٹی سکرین پر کام کرنے کے بعد ریا چکرورتی نے ساؤتھ انڈین فلموں میں اداکاری کی۔ سنہ 2012 میں انھیں پہلی تیلگو فلم ’تونیگا تونیگا‘ میں کام کرنے کا موقع ملا اور پھر سنہ 2013 میں انھوں نے بالی وڈ کی پہلی فلم ’میرے ڈیڈ کی ماروتی‘ میں کام کیا۔ اس فلم میں ریا کے ساتھ ثاقب سلیم تھے۔

سنہ 2014 میں ریا نے علی فضل کے ساتھ فلم ’سونالی کیبل‘ میں بھی کام کیا تھا۔ سنہ 2014 کے بعد سنہ 2017 میں ریا کو یش راج بینر کی فلم ’بینک چور‘ ملی اور اسی سال ’ہاف گرل فرینڈ‘ اور فلم ’دوبارہ‘ میں ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا۔ سنہ 2018 میں ریا چکرورتی کو فلم ’جلیبی‘ میں ایک بڑا موقع ملا۔

ریا نے چار فلموں میں اہم کردار ادا کیے لیکن یہ تمام فلمیں باکس آفس پر فلاپ رہیں اور انھیں خاص پہچان نہ مل سکی۔

ریا اور سُشانت جلدی ہی ایک فلم ساتھ کرنے والے تھے لیکن فلسماز رضا رومی کی اس فلم کا ٹائٹل ابھی سامنے نہیں آیا تھا۔

خیال ہے کہ سُشانت کے ساتھ ریا کی ملاقات کسی پارٹی میں ہوئی تھی اور دونوں ایک ہی جِم جایا کرتے تھے۔

سُشانت سنگھ کی موت کے بارے میں بالی وڈ کے اندر اور باہر طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن ان کے والد کی جانب سے ریا کے خلاف ایف آئی آر کے بعد سُشانت سنگھ کی موت کے معاملے نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp