کیا حکومت اور حزبِ اختلاف دونوں ہی احتساب کے معاملے پر سنجیدہ ہیں؟


نیب

حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ احتساب کا عمل یکساں اور انصاف کے تقاضوں پر پورا اترتا ہو

حکومت اور حزب مخالف کی جماعتیں احتساب بل کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آ گئی ہیں اور ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہی ہیں۔

حکومت کا موقف ہے کہ حزب مخالف کی جماعتیں فناشنل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے قانون سازی سے متعلق بلیک میل کر کے نئے قوانین میں ترامیم لانا چاہتی ہے تاکہ وہ اپنی قیادتوں کو بچا سکیں۔

جبکہ حزب مخالف کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے جو مسودہ پیش کیا تھا اس میں صرف سلیکٹیڈ احتساب کا ذکر ہے جس کو بنیاد بنا کر وزیر اعظم سمیت حکومت میں شامل اہم رہنماؤں کے خلاف جو انکوائری اور تحقیقات ہو رہی ہیں ان کو مستقبل میں ختم کروانا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے جو تجاویز دی گئی تھیں ان کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نیب قانون میں مجوزہ ترامیم پر حزبِ اختلاف کی مخالفت کی وجوہات کیا ہیں؟

حزبِ اختلاف نیب آرڈیننس میں ترامیم پر نالاں کیوں؟

نیا نیب، پرانا ہیرا

’نیب کا کام کرپشن کی روک تھام ہے اداروں کی اصلاح کرنا نہیں‘

حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما خرم دستگیر کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ دو سال سے حزب مخالف کی جماعتوں کی قیادت ہی احتساب کا نشانہ بن رہی ہے جبکہ وزیر اعظم اور حکومت میں شامل دیگر افراد کے خلاف نیب میں مقدمات زیر التوا ہیں لیکن نیب کے چیئرمین ان مقدمات اور انکوائری کے بارے میں صرف نظر کیے ہوئے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ’کیا نیب کے چیئرمین کو بی آر ٹی، مالم جبہ اور ملین ٹریز کے فراڈ نظر نہیں آتے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کی ضمانت کے حوالے سے سپریم کورٹ نے جو اپنے فیصلے میں لکھا ہے اس کے بعد ’نیب کے چیئرمین کا اس عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا۔‘

اُنھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے نیب قوانین کے بارے میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے جو ترامیم پیش کی گئیں وہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ہی دی گئی تھیں۔

خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے برعکس وفاقی حکومت کی طرف سے حزب مخالف کی جماعتوں کو جو ایک مسودہ دیا گیا تھا اس میں چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا ذکر کیا گیا ہے جس سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ’موجودہ احتساب کا عمل نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے لیے ممکنہ قانون سازی کے حوالے سے ایک اجلاس میں وفاقی وزیر حماد اظہر سے جب یہ پوچھا گیا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ممکنہ قانون سازی کے حوالے سے نیب کے چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کا کیوں ذکر کیا گیا ہے تو ’وزیر موصوف کا کہنا تھا کہ اس سے دنیا کو پالیسیوں میں تسلسل کا تاثر ملتا ہے۔‘

پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کے دوران کہا تھا کہ حزب مخالف کی جماعتیں نیب کے قوانین کو مزید سخت کر دینے سے نہیں گھبراتیں لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ احتساب کا عمل یکساں اور انصاف کے تقاضوں پر پورا اترتا ہو۔

احتساب کے قوانین میں ممکنہ ترامیم کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ ہفتے حکومت اور حزب مِخالف کی جماعتوں پر مشتمل ایک 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی کے اب تک تین اجلاس ہوئے ہیں جن میں سے پہلا اجلاس صرف آدھا گھنٹہ جاری رہا جبکہ دوسرا صرف پانچ منٹ اور تیسرے اجلاس میں حزب مخالف کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے بائیکاٹ کا اعلان کرنے کے بعد شرکت نہیں کی تھی۔

حزب مخالف کی جماعتوں کے ارکان نے اس بات پر اس پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت نے نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے حزب مخالف کی طرف سے پیش کی جانے والی تمام تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔

شہزاد اکبر

احتساب کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ حکومت ریاستی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے

احتساب کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ نیب کے قوانین میں ترامیم کے حوالے سے اگر حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے کوئی مثبت تجاویز آئیں گی تو حکومت ان پر ضرور غور کرے گی۔

اُنھوں نے کہا کہ ’قومی معاملات پر قانون سازی کے لیے حکومت حزب مخالف کی جماعتوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہو گی۔‘

شہزاد اکبر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان جو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں آیا ہے وہ ماضی کی دونوں جماعتوں یعنی پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کی غلط پالیسیوں اور مبینہ منی لانڈرنگ کا نتیجہ ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومت ریاستی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں حزب مخالف کی جماعتوں کو بھی ان کاوشوں میں حکومت کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے نعرے پر ہی قائم ہوئی ہے تو یہ جماعت اس نعرے اور اپنی جماعت کے منشور سے کیسے انحراف کرسکتی ہے۔

پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر نطر رکھنے والے صحافی ایم بی سومرو کا کہنا ہے کہ ’حکومت سمیت پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں احتساب کے معاملے پر سنجیدہ نہیں لگتیں۔‘

اُنھوں نے کہا کہ ’سیاسی جماعتیں احتساب کے نام کو ایک دوسرے کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں لیکن عملی طور پر کوئی بھی شفاف احتساب کے حق میں نہیں ہے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت اقتدار میں آئی تو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے جہاں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی نطر بندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا تو وہیں نیب کے ادارے کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا لیکن اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔

ایم بی سومرو کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے دور میں اس وقت کی حزب مخالف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے نیب قوانین میں ترامیم کے لیے 50 تجاویز دی تھیں لیکن کسی ایک تجویز کو بھی تسلیم نہیں کیا گیا۔

اُنھوں نے کہا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ججز اور جرنیلوں کا احتساب کرنے کی بات کی تھی لیکن پارٹی کی قیادت نے اُنھیں سینیٹ سے یہ بل واپس لینے کا کہہ دیا تھا۔‘

ان کے مطابق ’حکمراں جماعت بھی نیب کے قوانین میں ترمیم نہیں کرنا چاہتی کیونکہ اگر انھوں نے ایسا کیا تو پاکستان تحریک انصاف کا ووٹر جماعت کی قیادت سے ناراض ہو جائے گا۔‘

اُنھوں نے کہا کہ اس میں اب کوئی شک نہیں ہے کہ ’نیب کے قوانین سیاسی مخالفین کے لیے استعمال کیے جاتے رہے ہیں اور اب بھی ہو رہے ہیں۔‘

اُنھوں نے کہا کہ ’تمام معاملات بھی حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہوتے۔‘

ایم بی سومرو کا کہنا تھا کہ ’ملک میں چند مقتدر حلقے ایسے بھی ہوتے ہیں جو ان معاملات کو دیکھتے ہیں۔‘

ایم بی سومرو کہ مطابق ’جس روز نیب میں ممکنہ ترامیم کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس تھا اسی روز ہی نیب کے چیئرمین نے قومی اسمبلی میں قائد حزب احتلاف میاں شہباز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف اثاثہ جات کا ریفرنس دائر کرنے کی منطوری دی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp