ذہنی دباؤ اور میڈیا کا آپس میں تعلق


امریکی مصنف مارک ٹوین کا ایک مشہور قول ہے، ”اگر آپ اخبار نہیں پڑھتے تو آپ ان انفارمڈ ہیں اور اگر آپ پڑھتے ہیں تو آپ مس انفارمڈ ہیں۔“
میری ذاتی رائے میں آج کے انسان کے ذہنی دباؤ اور پریشانی کی ایک بڑی وجہ آج کا الیکٹرانک اور سوشل میڈیا بھی ہے۔

میں جرمنی میں نیا نیا آیا تو ایک مصری کے پاس کام ملا، کام یہ تھا کہ ٹی وی کی مرمت کے اشتہارات لوگوں کے پوسٹ باکس میں ڈالنے تھے۔ ایک دن مصری نے مجھے دریائے رائن کے کنارے واقع امرا کے گھروں کے پاس اتارا کہ ان کے پوسٹ باکسز میں اس کے وزٹنگ کارڈ نما اشتہارات ڈالنے ہیں۔

اسی دوران وہاں مجھے چند جرمن بھی ملے، جو وہاں کہیں آس پاس ہی رہتے تھے۔ ہیلو ہائے کے بعد انہوں نے مجھے پوچھا کہ کیا کر رہے ہو۔ گفتگو کے دوران انہوں نے یہ حیران کن انکشاف کیا کہ ان کے دوستوں کا ایک گروپ ہے اور ان میں سے کسی کے پاس بھی ٹی وی ہی نہیں ہے، بس وہ کبھی کبھار ریڈیو اور کوئی اخبار وغیرہ پڑھ لیتے ہیں۔ میرے لیے یہ بات حیران کن تھی کہ بنگلہ بھی ہو، کاریں بھی ہوں، سب کچھ ہو لیکن ٹی وی نہ ہو۔

میں نے ان سے پوچھا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ ٹی وی آپ کے دوستوں کا وقت کھا جاتا ہے، آپ کے بچوں کے حصے کا وقت کھا جاتا ہے، آپ کی زندگی کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیتا ہے اور یہ کہ آپ کی شخصیت کو ہر وقت مانی پولیٹ کرتا رہتا ہے۔

مجھے اس وقت یہ بات انتہائی ناقابل فہم لگی۔ مجھے وہ لوگ بھی تھوڑے سے ابنارمل یا پاگل سے لگے کہ یہ کیسے جاہل لوگ ہیں جو ٹی وی ہی نہیں دیکھتے کیوں کہ میرے لیے تو یہ انٹرٹینمنٹ تھا، میں تو دن رات فلمیں شلمیں دیکھتا تھا اور حامد میر صاحب وغیرہ کے سیاسی ٹاک شوز بھی اس وقت بہت مشہور تھے۔

پھر سن دو ہزار آٹھ یا سات کی بات ہے، مشرف کا سیاسی ہل چل سے بھرپور دور تھا، میں سنڈے کی ایک صبح اٹھا، موڈ اچھا خاصا خوشگوار تھا، چائے وائے بنائی، گنگناتا ہوا صوفے پر بیٹھا اور لیپ ٹاپ پر جاوید چودھری کے کالم کے بعد ایکسپریس پر خبریں پڑھنا شروع کر دی۔

میں خبریں اور کالم وغیرہ پڑھتا رہا۔ ارشاد حقانی صاحب اس وقت حیات تھے اور جنگ میں سب سے اہم کالم انہی کا تصور کیا جاتا تھا۔ کچھ دیر بعد میرے ایک دوست نے مجھ سے کچھ پوچھا تو میں نے اس کو ذرا تلخ لہجے میں جواب دیا۔ وہ حیران رہ گیا کہ ہوا کیا ہے؟ اس نے فوری پوچھا کہ تمہارا موڈ کچھ دیر پہلے تو ایسا نہیں تھا؟

میں نے غور کیا تو واقعی میرا لہجہ نوے ڈگری پر تبدیل ہو چکا تھا اور بلا کسی وجہ کے میں غصے میں تھا۔ میں نے خود سے سوال کیا کہ یہ بیٹھے بٹھائے کیا ہوا ہے مجھے، ابھی ابھی تو میں خوشگوار موڈ میں تھا۔ میں نے تھوڑی دیر غور کیا تو مجھے احساس ہوا کہ میں نے تو صرف خبریں پڑھی ہیں اور کسی سے بات چیت بھی نہیں کی اور کسی بات کا اسٹریس بھی نہیں تھا۔

اس دن یہ حقیقت کھلی کہ یہ اس دن کی خبروں کا اثر تھا۔ یہ وہ پہلا دن تھا جب میں نے محسوس کیا کہ مخالفانہ رائے یا ایسی خبریں یا ایسی آرا جو آپ کو پسند نہیں ہوتیں، آپ کو کس قدر پریشان کر دیتی ہیں اور آپ کو پتا بھی نہیں چلتا۔ یقین کیجیے اس سے پہلے تک مجھے کبھی خیال تک نہیں آیا تھا کہ میں اس طرح بھی پریشان ہوتا ہوں، یا ہو سکتا ہوں۔

اب ٹی وی کی جگہ سوشل میڈیا آ چکا ہے اور کسی حد تک یہ بھی لوگوں کی زندگیوں کو مزید پریشانی سے دوچار کر رہا ہے۔

میں ایک چیز نوٹ کر رہا ہوں کہ پچھلے چند ماہ کے دوران میرے کئی مذہبی اور لبرل دوست انتہائی ڈپریشن اور پریشانی کی حالت میں آ کر اپنا فیس بک اکاؤنٹ بند کر چکے ہیں۔ اس کی وجہ صرف اور صرف دوسرے لوگوں سے اختلاف رائے تھا۔ اختلاف رائے کرتے کرتے وہ اس نہج پر پہنچ چکے تھے کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہو چکے تھے۔ فیس بک کے بانی ذکر برگ کے مطابق وہ ڈس لائیک کا بٹن اس وجہ سے نہیں متعارف کروانا چاہتے کیوں کے وہ فیس بک پر ایک بہتر دنیا قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن میری اپنی رائے میں وہ پاکستان جیسے ملک میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

فیس بک پر سیاسی یا مذہبی اختلافات کرنے والے کچھ لوگ مضبوط اعصاب کے مالک ہوتے ہیں، انہیں گالیاں بھی پڑتی رہیں تو وہ ٹھنڈ ماحول میں رہتے ہیں لیکن چند ایک پر تھوڑی سی بھی تنقید ہو تو وہ پریشان ہو جاتے ہیں۔ حساس لوگوں کو میرا مشورہ ہے کہ ان تمام لوگوں کو ان فالو کریں جن کی تحریریں پڑھ کر ان کو غصہ آتا ہے۔ ان میں سے صرف ان لوگوں کو فرینڈ رکھیے جو آپ کی سوچ سے مطابقت رکھتے ہیں یا جن کے بارے میں آپ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ بندہ دلیل سے یا قابل فہم بات کرتا ہے۔

میں غلط بھی ہو سکتا ہوں لیکن میرا ذاتی مشاہدہ یہ ہے کہ آج کے پاکستان میں اختلاف رائے کی گنجائش ناقابل یقین حد تک کم ہو چکی ہے۔ میرے کئی ایک لبرل اور مذہبی دوست صرف ایک ایک اختلافی کمینٹ کی وجہ سے ناراض ہیں۔ شاید آپ کے ساتھ بھی ایسی صورتحال پیش آئی ہو۔ ایسے میں آپ خود بھی یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ میرا اختلافی کمینٹ ضروری تھا یا ایک دوست یا جاننے والے سے اچھا تعلق۔ اب یہ چوائس آپ کی ہے، اختلافی کمینٹ شمینٹ کر لیں یا پھر آپ جاننے والوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھ لیں۔

میری ذاتی رائے میں سٹریس فری ہونے کے لیے آپ فیس بک کی بجائے اپنے دوستوں سے براہ راست گپ شپ کیجیے اور سیر ویر ضرور کیجیے اور سیاسی پیجیز کو کم سے کم پڑھیے۔ گلوبلائزیشن کا ایک نقصان یہ بھی ہوا ہے کہ دنیا بھر کی بری خبریں، مسائل، دکھ، لاشیں اور بہتا ہوا خون کسی نہ کسی طریقے سے سمٹ کر آپ کے موبائل تک پہنچ جاتا ہے۔ اب ایک انسان میں یہ ہمت نہیں کہ وہ پوری دنیا کے دکھ سن سکے اور اگر سنے گا تو پھر اس کا اثر اس کے مزاج پر بھی ہوگا۔ مسئلہ شام یا ترکی یا فرانس میں ہو گا لیکن آپ بحث اور لفظوں کی لڑائی پاکستان میں کر رہے ہوں گے۔

دوسرا میڈیا یا فیس بک پر آپ لاشعوری طور پر اپنی زندگی کا موازنہ دوسروں سے کرتے رہتے ہیں اور اس کا بھی یقین جانیے موڈ پر منفی اثر پڑتا ہے۔ آپ کے دوست وغیرہ ہر وقت پیزا ہٹ سے لے کر آسانیوں سے بھرپور لائف کی تصویریں اپ لوڈ کر رہے ہوتے ہیں اور لاشعوری طور پر آپ ان سے اپنا موازنہ کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ نمائشی اور سطحی دنیا آپ کی سوچوں پر اثر انداز ہو رہی ہوتی ہے، اس سے بھی خواہشات کی دوڑ میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔

اس کے علاوہ آپ دیکھیے کہ کس سیاسی یا ادبی تحریر کا آپ کے موڈ پر اچھا اثر پڑتا ہے، صرف وہ پڑھنے کی زحمت گوارا کیجیے۔

اور آخری بات اپنے لکھاری دوستوں کے لیے، میرے چند ایک دوستوں کی تحریروں سے پتہ چل رہا ہوتا ہے کہ وہ شدید ذہنی دباؤ میں آ کر لکھ رہے ہوتے ہیں۔ بلاگنگ یا رائٹنگ بذات خود ایک سٹریس ہے اور اس سے بڑا سٹریس یہ ہے کہ لوگ آپ کی تحریر کو لائک بھی کریں اور آپ مشہور سے مشہور ہوتے چلیں جائیں۔ ریٹنگ بذات خود ایک بہت بڑی پریشانی ہے۔ اپنی زندگی کو آسان بنائیے اور صرف شوق کے طور پر لکھیے اور جب لکھ لیں تو پھر رد عمل سے بے پرواہ ہو جائیے۔ شاید پروفیشنل رائٹر ایسا نہیں کر سکتے کیونکہ انہوں نے اپنا کیریر بنانا ہوتا ہے لیکن اس کیریر کے پیچھے ان کی اپنا سکون داؤ پر لگا ہوتا ہے۔

میں پاکستان کے چند مشہور صحافیوں کو ذاتی طور پر جانتا ہوں۔ وہ اس قدر فکرمند رہتے ہیں یا ان کی ’سوچنے کا عمل‘ اب اس قدر زیادہ ہو چکا ہے کہ ان کی نیند چار سے پانچ گھنٹے تک رہ گئی ہے۔ وہ اٹھتے، بیٹھتے، سوتے، جاگتے ہر وقت فکر اور سٹریس کی کیفیت میں رہتے ہیں۔ ایک دن ایک انتہائی نامور اینکر نے مجھے بتایا کہ یہ چار پانچ گھنٹے بھی بس عجیب عجیب خوابوں کی نظر ہو جاتے ہیں۔

باقی سٹریس کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ جب میں اس تحریر کو پوسٹ کروں گا تو ہر ایک گھنٹے بعد دیکھوں گا کہ کتنے لائک ہو گئے۔

میں ذاتی طور پر ایک عرصے سے ٹی وی شی وی بہت کم کر چکا ہوں۔ چھٹیوں میں کوئی خبر سامنے بھی آئے تو پڑھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتا۔ ایسے لوگوں کو بہت کم پڑھتا ہوں، جنہیں پڑھ کر ذہنی طور پر تکلیف ہو۔ فیس بک پر بھی زیادہ تر مزاحیہ یا ادبی تحریریں ہی نظر سے گزرتی ہیں۔

میں نے گزشتہ آٹھ برسوں سے اپنے موبائل کی رنگ ٹون اور وائبریشن بھی بند کر رکھی ہے۔ مجھے پتہ ہے کہ یہ ایکسٹریم کیس ہے اور شروع شروع میں میرے دوست احباب اس بات پر ناراض بھی رہتے تھے لیکن اب سب عادی ہو چکے ہیں۔ ایسا کرنے کی وجہ یہ تھی کہ ایک دو مرتبہ سوتے سوتے اتنی زور سے بیل بجی کہ دل دھڑکتا رہ گیا اور میں پاگلوں کی طرح نیند سے بیدار ہو گیا۔

اپنی زندگی آسان بنائیے، دنیا کے مسائل کی بجائے اپنے اردگرد کے لوگوں پر توجہ دیں اور اس میڈیا ویڈیا سے ذرا ہٹ کر زندگی گزاریں۔ انسانی ذہن کو سکون چاہیے ہوتا ہے۔ مسلسل معلومات کی بمباری ذہنی سکون کا کھا جاتی ہے۔ یہ یوگا اور مراقبہ وغیرہ یہی چیزیں ہیں کہ ذہن تک دیگر معلومات کا رابطہ توڑ دیا جائے، ذہنی پل پر سے گزرنے والی سوچوں، فکروں اور معلومات کا راستہ بلاک ہو اور آپ صرف کسی ایک نقطے پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
اور آخر میں اگر آپ کے اعصاب مضبوط ہیں تو پھر ”منی بہن یا منا بھائی لگے رہو“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments