بالی وڈ ڈائری: ابھشیک بچن ٹرورلز کا نشانہ، ‘اب کس کے بھروسے بیٹھ کر کھاؤ گے’


کنگنا

کنگنا کرن جوہر، سنجے لیلی بھنسالی اور ان جیسے بڑے فلمسازوں پرسوشانت کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک برتنے کا الزام لگاتی ہیں

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کا رخ ریا چکرورتی کی طرف

سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کی جانب سے ایک ماہ کی خاموشی کے بعد اپنے بیٹے کی گرل فریڈ ریا چکرورتی کے خلاف ایف آئی آر کے بعد ان کی موت اور اس سے وابستہ تنازع میں جو ڈرامائی موڑ آیا ہے اس سے سبھی حیران ہیں۔

ابھی تک کسی کی کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا کہ اس پر کیا ردِ عمل ظاہر کریں، علاوہ ٹیم کنگنا کے۔

کنگنا خود کرن جوہر، سنجے لیلی بھنسالی اور ان جیسے بڑے فلمسازوں پرسوشانت کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک برتنے اوران کے حوصلے پست کرنے کے الزامات لگا کر کسی نہ کسی طرح انھیں ملزم ٹھہرانے کی سر توڑ کوشش میں نظرآ رہی تھیں۔

اب انھوں نے اپنے ترکش کے تمام تیر مہیش بھٹ کی جانب موڑ دیے ہیں جو ریا کے کافی نزدیک رہے ہیں اور سوشانت کی موت کے بعد ان کی ذہنی کیفت کے بارے میں ٹویٹ کر چکے ہیں۔

بہرحال اب پولیس سوشانت کے والد کی ایف آئی آر پر کام کر رہی ہے اور تحقیقات کا سلسلہ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

ابھشیک بچن ٹرورلز کا نشانہ: ‘اب کس کے بھروسے بیٹھ کر کھاؤگے’

سوشانت سنگھ راجپوت کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ انڈسٹری کے باہر سے تھے، کسی فلمی فیملی سے نہیں تھے اس لیے انھیں ہراساں کیا گیا، ان کا حوصلہ توڑا گیا۔

لیکن ذرا سوچیے کہ بالی ووڈ کے سب سے بڑے خاندان میں سے ایک اور انڈسٹری کے بادشاہ کہے جانے والے امیتابھ بچن کے بیٹے ابھشیک بچن کو جس طرح کھلے عام کبھی کبھی سوشل میڈیا پرہراساں کیا جاتا ہے شاید ہی کسی اور کے ساتھ ایسا ہوتا ہوگا۔

امیتابھ بچن، ان کے بیٹے ابھشیک بچن اور بہو ایشویریا رائے اپنی بیٹی سمیت اس وقت کووڈ 19 کے مرض میں مبتلا ہیں اور علاج کے لیے ہسپتال میں داخل ہیں۔

ایک تازہ واقعے میں ابھشیک نے ہسپتال کی کھڑکی سے نظر آنے والے آسمان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تو ایک یوزر نے انتہائی بھونڈے انداز میں لکھا: ’تمہارے پاپا اور اداکار امیتابھ بچن ہسپتال میں ہیں، اب تم کس کے بھروسے بیٹھ کر کھاؤ گے۔‘

جواب میں ابھشیک نے ہمیشہ کی طرح انتہائی خوش اسلوبی اورمزاحیہ انداز میں جواب دیا ‘فی الحال تو دونوں ہسپتال میں ایک ساتھ لیٹ کر کھا رہے ہیں’۔

ٹرولر نے بھی ہار نہیں مانی اور واپس لکھا ‘جلدی ٹھیک ہو جائیں سر، ہر کسی کی قسمت میں لیٹ کر کھانا کہاں لکھا ہوتا ہے’۔

ابھشیک نے اس ٹرولرکو نیک تمناوں کے ساتھ لکھا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ جو بیماری انھیں اور ان کے گھر والوں کو ہوئی وہ کسی اور کو نہ ہو اور دعا کرتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہے۔

کچھ لوگ ابھشیک بچن کو امیتابھ بچن کے ‘ناکام بیٹے’ کے روپ میں دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور اکثر انھیں سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ابھشیک ہمیشہ ہی انتہائی ٹھنڈے اندازمیں ایسے ٹرولرز کو پیار سے منھ توڑ جواب دیتے ہیں۔

اگر پبلِک آپ کو قبول نہیں کرتی تو کوئی آپ کی مدد نہیں کر سکتا

ایسے میں اداکار آفتاب ِشو دیسانی نے اس طرح کے موضوع پر بحث کے جواب میں بہت خوبصورت بات کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ چاہے آپ کتنی ہی بڑی فلمی فیملی سے ہی کیوں نہ ہوں اگر پبلِک آپ کو قبول نہیں کرتی تو کوئی آپ کی مدد نہیں کر سکتا۔

روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے ساتھ گفتگو میں آفتاب کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کے ‘باہر اور اندر’ کے لوگوں کے بارے میں فضول بحث جاری ہے اور لوگ ایک دوسرے کا گلاکاٹنے میں لگے ہوئے ہیں جو اس مسئلے کا حل نہیں ہے۔‘

’کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اقربا پروری انڈسٹری کے باہر سے آنے والوں کے مواقع کم کر دیتی ہے اور انھیں آگے بڑھنے کا موقع نہیں مل پاتا لیکن اصل جج عوام ہوتی ہے جو کسی بھی فنکار کو کامیاب یا ناکام بناتی ہے۔‘

یہ ایک حقیقت بھی ہے کہ اگر لوگوں کو آپ کا نام پسند آیا تو ہی آپ کو آگے کام ملتا ہے۔

اگر انڈسٹری میں صرف خاندان کے نام کا سکہ چلتا تو آج ابھشیک بچن بالی ووڈ کنگ کہلاتے، باہر سے آنے والے شاہ رخ خان نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp