مصر: ‘اہرام مصر خلائی مخلوق نے تعمیر نہیں کیے تھے’


The Pyramids of Giza

اہرام مصر کی تعمیر کے لیے دو دہائیوں میں 23 لاکھ پتھروں کو گیزا کے میدان کے پاس لایا گیا

مصر نے ارب پتی ایلون مسک کو اپنے ملک آنے کی دعوت دی ہے تاکہ وہ جائزہ لے کر اس بات کی تسلی کرسکیں کہ اہرام مصر کی تعمیر خلائی مخلوق نے نہیں کی تھی۔

اسپیس ایکس کے سربراہ نے حال ہی میں بظاہر ان سازشی نظریات کی حمایت میں ٹویٹ کیا تھا جن کے مطابق اہرام مصر کی تعمیر میں خلائی مخلوق کا ہاتھ ہے۔

لیکن مصر کی عالمی تعاون کی وزیر یہ نہیں چاہتی کہ اہرام مصر کی تعمیر کے لیے خلائی مخلوق کو ذمہ دار مانا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ اہرام مصر کی تعمیر کرنے والوں کے مقبرے دیکھ کر یہ ثبوت مل جائے گا کہ یہ قدیم ڈھانچے انسانوں نے ہی تعمیر کیے ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ سنہ 1990 میں دریافت ہونے والے یہ مقبرے اس بات کا پختہ ثبوت ہیں کہ اہرام مصر کے اعلیٰ شان ڈھانچے انسانوں نے ہی تعمیر کیے تھے۔

جمعہ کو ایلون مسک نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ظاہر ہے کہ اہرام مصر کو خلائی مخلوق نے تعمیر کیا تھا۔ ان کے اس ٹویٹ کو 84000 بار ری ٹویٹ کیا گیا ہے۔


مصر کی وزیر برائے عالمی تعاون رانیا المعاشات نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ ایلون مسک کو فالو کرتی ہیں اور ان کے کام کی قدر کرتی ہیں۔

انھوں نے ایلان مسک سے گزارش کی کہ وہ ان شواہد کا مزید جائزہ لیں جن سے یا ثابت ہوتا ہے کہ اہرام مصر کی تعمیر مصر کے قدیم بادشاہوں کے دور میں مصر کے لوگوں نے کی ہے۔


مصر کی ماہر آثار قدیمہ ظاہی حواس نے سوشل میڈیا پر عربی زبان میں ایک ویڈیو جاری کرکے اپنا ردعمل دیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ مسک کا بیان ‘مکمل طور خام خیالی ہے۔

‘ایجبٹ ٹوڈے’ نامی ویب سائٹ نے ان کےایک بیان کو شائع کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے، ‘میں نے اہرام مصر کی تعمیر کرنے والوں کے مقبرے دریافت کرنے میں مدد کی ہے جن سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان کو تعمیر کرنے والے مصری تھے اور وہ غلام نہیں تھے۔

ایلون مسک نے بعد میں اہرام مصر کو تعمیر کرنے والوں کی زندگیوں سے متعلق بی بی سی کی جانب سے شائع کیے گئے ایک آرٹیکل کو ٹویٹ کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بی بی سی کا یہ آرٹیکل اہرام مصر کی تعمیر سے متعلق ایک قابل اعتبار خلاصہ پیش کرتا ہے۔

مصر میں سو سے زیادہ اہرام صحیح حالات میں موجود ہیں جن میں سے سب سے زیادہ مشہور گيزا کا عظیم ہرم ہے جس کی لمبائی 450 فٹ سے زیادہ ہے۔

ان میں سے بیشتر مصر کے شاہی خاندان کے افراد کے مقبروں کے طور پر تعمیر کیے گئے تھے۔

ایلون مسک

ایلون مسک کا شمار دنیا کے امیر ترین لوگوں میں ہوتا ہے

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp