کشمیر اب پاکستان ضرور بنے گا


کشمیریوں کو بہت بہت مبارک ہو، کیونکہ ان کا مشکل وقت عنقریب ختم ہونے والا ہے۔ انھوں نے جتنی قربانیاں دینی تھیں دے لی ہیں۔ ان کا علاقہ اب دوبارہ سے جنت نظیر بنے گا، ایک ایسی جنت جہاں پر سب کو سکھ کا سانس نصیب بھی ہوگا اور سب کی عزتیں بھی محفوظ ہوں گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک پیج پر موجود ہماری حکومت اور فوج نے ایک ایسی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔ جس سے بہت جلد کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔ اس باکمال حکمت عملی کو کئی مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

جس کے سب سے پہلے مرحلے کا آغاز ہمارے پیارے فوجی ادارے آئی ایس پی آر کی طرف سے کشمیریوں کے حق میں ایک نغمہ جاری کر کے کر دیاگیا ہے۔ اس نغمے میں کشمیر پر قابض بھارتی فوج کو للکارا گیا ہے۔ اور ان کو ایک طرح سے وارننگ دی گئی ہے کہ وہ کشمیر سے اب نکل جائے۔ کیونکہ اب ہمارے ملک کے عظیم لیڈر عمران خان صاحب اور عظیم تر سپہ سالار نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ اب کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر ہی رہے گا۔ اور اگر بھارت کی مودی سرکار نے ایسا نہ کیا تو ان کا وہ حشر ہوگا کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

کشمیریوں کے لئے جاری کردہ اس نغمہ نے ہمارے دشمن کی نیندیں اڑائی ہی تھیں تو ساتھ ہی دوسرے مرحلے میں اسلام آباد میں واقع کشمیر ہائی وے کا نام تبدیل کر کے سری نگر ہائی وے رکھ کر ایک ایسا اقدام اٹھایا گیا ہے۔ جس سے ہندوستان میں مزید کھلبلی مچ گئی ہے۔ اور وہاں پر اب عوام اور میڈیا کی طرف سے مودی سرکار پر بہت دباؤ آ رہا ہے کہ وہ اب کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلا لیں اور کشمیر کو پاکستان کا حصہ قرار دے دیں۔ کیونکہ پانچ اگست کو پاکستانی حکومت نے کشمیریوں کے لئے ایک منٹ کی خاموشی کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

اور اگر اس وقت تک مودی نے کشمیر سے اپنی فوجیں واپس نہ بلائیں تو یہ خاموشی اس طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوگی جو کہ پورے کے پورے ہندوستان کو نیست و نابود کردے گا۔ کیونکہ کشمیریوں کو ہندو بنیے کے تسلط سے آزاد کروانے کے اس پلان کے اگلے مرحلے میں اسی سری نگر ہائی وے پر ایک قافلہ اپنے عظیم الشان غزوہ ہند کے مشن کا آغاز کرے گا۔ جس کی قیادت جناب زید حامد فرمائیں گے۔ ان کے ہمراہ جناب حافظ محمد سعید، جناب سراج الحق، جناب اوریا مقبول جان، جناب انصار عباسی، جناب علی محمد خان، جناب فیصل واوڈا، جناب مراد سعید، ہمارے غیور عوام اور دیگر مجاہدین ہوں گے۔

ان سب کی منزل نئی دہلی ہوگی۔ یہ سب لوگ جب دشمن کو نیست و نابود کر دیں گے تو پھر وہاں پر ہمارے عظیم سپہ سالار اور بہادر لیڈر عمران خان صاحب تشریف لے جائیں گے۔ اور لال قلعے پر پاکستانی پرچم لہرادیں گے۔ جس کے بعد نا صرف کشمیر بلکہ پورا کا پورا ہندوستان بھی پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔ اس سارے مشن میں اگر ضرورت پڑی تو ہمارے اس پڑوسی ملک چین کی مدد بھی حاصل کی جائے گی جس سے ہماری دوستی ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے۔

لیکن امید ہے کہ اس سب کی نوبت نہیں آئے گی۔ اور مودی سرکار گانا اور شاہراہ کے نام کی تبدیلی کے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے ہی کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلا لے گی۔ اور اس کو پاکستان کے حوالے کردے گی۔ نا صرف یہ بلکہ وہ پاکستان سے دوستی کا ہاتھ بھی بڑھا دے گی۔ کیونکہ دوسری صورت میں ان کے پورے ملک پر ہی قبضہ ہو جائے گا۔ جس کے وہ بالکل بھی متحمل نہیں ہوسکتے۔

اس لیے وہاں پر اس وقت ہنگامی اجلاس منعقد ہورہے ہیں جن کے بعد بہت جلد مودی جی ٹی وی پر آکر کشمیر کو پاکستان کے حوالے کرنے کا اعلان کردیں گے۔ میں اس شاندار فتح پر ہمارے پیارے وزیراعظم عمران خان صاحب اور ہمارے عظیم سپہ سالار کا تہہ دل سے مشکور ہوں اور ان کو خراج تحسین بھی پیش کرتا ہوں کہ ان کی اس زبردست حکمت عملی نے ہمارے ازلی دشمن ہندوستان کو ناکوں چنے چبوادیے ہیں اور جو ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کا نعرہ ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں اس کے پورا ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔ کیونکہ کشمیر کو اب پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments