پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: شان مسعود کہتے ہیں کہ بابراعظم کے ساتھ بیٹنگ کر کے انجوائے کرتا ہوں


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین شان مسعود کا کہنا ہے کہ بابراعظم کے ساتھ ان کی لمبی پارٹنرشپ ٹیم کے لیے ایک بڑے اسکور کی بنیاد بن سکتی ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن شان مسعود 46 اور بابراعظم69 رنز پر پاکستان کی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز 139 رنز 2 کھلاڑی کے ساتھ کریں گے۔

بابراعظم جس کی دنیا معترف

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر شان مسعود کہتے ہیں ′میں نے ہمیشہ بابراعظم کے ساتھ بیٹنگ میں لطف اٹھایا ہے۔ ہمارے ملک کے لیے خوشی کی بات ہے کہ ہماری ٹیم میں ایک ایسا بیٹسمین موجود ہے جو تینوں فارمیٹس میں دنیا کے بہترین بیٹسمینوں کی صف میں شامل ہے۔ بابراعظم کوالٹی بیٹسمین ہیں۔ پہلے دن کے کھیل میں ایک دو مرتبہ ایسی گیندیں انہیں ملیں جو بلے پر نہیں آئیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے عمدہ ریفلکسز کے سبب ان گیندوں کو بڑے اعتماد سے کھیلا اور جب وہ سیٹ ہوئے تو رنز بننے لگے۔ جب بھی رنز ہوتے ہیں تو حریف ٹیم پریشان ہوتی ہے۔ بابراعظم کی خوبی یہ ہے کہ وہ سنگلز کو ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ جب وہ کریز پر ہوتے ہیں تو حریف ٹیم دباؤ میں رہتی ہے۔′

انگلینڈ میں نئی گیند کا سامنا آسان نہیں

شان مسعود کہتے ہیں ′صورتحال دیکھ کر آپ کو ٹیم کے لیے کھیلنا پڑتا ہے۔ انگلینڈ میں نئی گیند کا سامنا کرتے وقت آپ کو ہمیشہ مشکل ہوتی ہےاور خاص کر اوپننگ بیٹسمین کے لیے یہ کبھی بھی آسان نہیں۔ جب آپ پہلے بیٹنگ کرتے ہیں تو کوشش یہی ہوتی ہے کہ آپ ٹیم کو اچھا اسٹارٹ دیں۔ میری کوشش یہی تھی کہ پہلے گھنٹے میں گیند کی چمک ختم کی جائے تاکہ آنے والے بیٹسمینوں کو دشواری نہ ہو۔‘

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: پہلے دن کے کھیل کی تفصیلات

دوسرے دن کا کھیل شان مسعود اور پاکستانی بولرز کے نام رہا

شان کہتے ہیں کہ ابھی اس میچ میں لمبا سفر طے کرنا ہے لہذا اپنی اننگز کے بارے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں مطمئن ہوں یا نہیں۔ ’امید ہے کہ دوسرے دن ہم اچھے انداز سے دوبارہ آغاز کریں اور ٹیم کو اچھا اسکور دے سکیں۔ ہمیں اس بات کا بھی بخوبی اندازہ ہے کہ انگلینڈ کے بولرز ورلڈ کلاس ہیں اور اپنی کنڈیشنز میں بہت خطرناک ہیں۔ انہوں نے پہلے دن اچھی بولنگ کی۔ جب موسم کی وجہ سے کھیل رکا وہ ہمارے لیے چیلنج ضرور تھا۔ ہمیں پتہ تھا کہ شام کو زیادہ اوورز کا کھیل ممکن نہیں ہوسکے گا لہذا میں اور بابراعظم یہ سوچ چکے تھے کہ ہمیں ناٹ آؤٹ واپس جانا ہے تا کہ دوسرے دن ایک بڑے اسکور کی کوشش کریں۔ اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم دوسرے دن ایک بڑی شراکت قائم کرکے ٹیم کے لیے آسانی پیدا کریں۔′

سست بیٹنگ کا تاثر

شان مسعود کا کہنا ہے ′جب کھیل رکتا ہے یا نیا سیشن ہوتا ہے تو تمام بیٹسمین تھوڑا بہت وقت لیتے ہیں۔ چونکہ کھیل متعدد بار رکا توآپ کو چانس بھی ملتے ہیں کبھی قسمت آپ کا ساتھ دیتی ہے کبھی نہیں دیتی۔ جب آپ کو موقع مل جاتا ہے تو پھر اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آخری سیشن میں ہم نے اپنی وکٹیں بچاکر رکھیں۔ ایک اچھی بولنگ کے سامنے ہم نے مناسب رن ریٹ برقرار رکھا ہے۔ ایک اچھا پلیٹ فارم ملا ہے جس سے ہم آگے ہدف متعین کرسکیں۔′

ہر اننگز کی اپنی اہمیت

شان مسعود کہتے ہیں′ہر اننگز اہم ہوتی ہے۔ آپ ایک وقت میں ایک اننگز اور ایک گیند کو دیکھ رہے ہوتے ہیں اور اپنا عمل ( پروسس ) مضبوط رکھتے ہیں۔ کوشش آپ کے ہاتھ میں ہوتی ہے لیکن نتیجے کو آگے دیکھنے کا فائدہ نہیں ہوتا ہے۔ بیٹسمین کے لیے یہ ایک گیند کا کھیل ہے۔ کوشش یہی ہوگی کہ اس اننگز کو آگے لے جایا جائے اور اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کیا جائے۔′


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp