انڈیا میں کورونا متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ یومیہ اضافہ، ہوٹل میں آتشزدگی سے کم از کم سات افراد ہلاک


انڈیا

انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں روزانہ ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اتوار کی صبح جنوبی ریاست آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں سوورن پیلس نامی ایک ہوٹل میں آگ لگ گئی ہے جسے کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کے علاج کی غرض سے ایک پرائیوٹ ہسپتال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔

اس حادثے میں اب تک سات افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

آندھرا پردیش کی وزیر داخلہ میکاتھوٹی سوچریتا نے بتایا کہ بظاہر آگ لگنے کا سبب شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے۔ صبح پانچ بجر کر نو منٹ پر پولیس کو آگ لگنے کی خبر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان، انڈیا میں کورونا کی صورتحال اتنی مختلف کیوں

احمد آباد کے ہسپتال میں آتشزدگی، یورپ میں وبا کی نئی لہر کے خدشات

پولیس کے مطابق تقریبا نصف گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ آندھرا پردیش حکومت کے مشیر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعلی نے متاثرین کے علاج اور ان کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے اپنے ٹویٹ کے ذریعے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جا تا ہے کہ آتشزدگی کے وقت وہاں تقریبا 30 افراد موجود تھے۔

وجئے واڑہ پولیس کمشنر نے کہا ہے کہ محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق حادثے میں اب تک سات افراد کی موت ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ تین دن قبل گجرات کے شہر احمد آباد میں بھی ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی تھی۔

https://twitter.com/RajivKrishnaS/status/1292297903793299456

دریں اثنا انڈیا کی وزرات صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں اب تک کے سب سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ سنیچر کو اگر کورنا کے پازیٹو نتائج 62 ہزار سے زیادہ آئے تھے تو اتوار کو مثبت کیسز 64 ہزار 399 ہیں۔

اس طرح انڈیا میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ساڑھے 21 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ وزارت داخلہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 861 افراد اس وبائی بیماری سے ہلاک ہو گئے ہیں اور اس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 43 ہزار 379 ہو گئی ہے۔

ہوٹل میں آگ

اس سے قبل وزارت صحت نے کہا تھا کہ انڈیا میں ایک دن میں تقریبا 50 ہزار افراد ٹھیک ہو گئے تھے۔ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق انڈیا میں زیر علاج مریضوں کی تعداد چھ لاکھ 28 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ 14 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد مکمل طور پر یا جزوی طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔

دریں اثنا انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ نے بتایا ہے کہ آٹھ اگست کو کل سات لاکھ 19 ہزار 364 ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر دو کروڑ 41 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

ادھر عالمی اعداد و شمار دیکھیں تو جان ہاپکنس یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد تقریبا دو کروڑ ہو چکی ہے اور سات لاکھ 29 ہزار سے زیادہ افراد اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

انڈیا کے مؤقر اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کی گذشتہ روز کی ایک رپورٹ کے مطابق صرف اگست میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ کیسز انڈیا میں ہوئے ہیں۔

اس سے کہا ہے کہ اگست میں پہلے چھ دنوں کے اندر انڈیا میں تین لاکھ 28 ہزرا 903 کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ اس دورانیہ میں امریکہ میں تین لاکھ 26 ہزار 111 کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ برازیل میں دو لاکھ 51 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ کیے گئے۔

خیا رہے کہ سب سے زیادہ کورونا متاثرین کے معاملے میں امریکہ اور برازیل کے بعد انڈیا تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے معاملے میں یہ امریکہ، برازیل، میکسیکو اور برطانیہ کے بعد پانچویں نمبر پر ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp