ممنوعہ ادویات کا استعمال، تین پاکستانی ایتھلیٹس پر چار چار سال کی پابندی


پاکستان کے تین ایتھلیٹس پر ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال کی پاداش میں چار چار سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عارف حسن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تین ایتھلیٹس محبوب علی، محمد نعیم اور سمیع اللہ پر چار سالہ پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عارف حسن نے بتایا کہ ان تینوں ایتھلیٹس پر یہ پابندی نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں گذشتہ سال دسمبر میں منعقدہ ساؤتھ ایشیئن گیمز کی اینٹی ڈوپنگ کمیٹی نے عائد کی ہے اور اس بارے میں اس نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو باضابطہ طور پر مطلع کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کھیلوں کی فیڈریشنز پر فوجی افسران کا راج کیوں؟

غلام علی: کراٹے کی دنیا کا پاکستانی ’بادشاہ گر’

ساؤتھ ایشین گیمز : 32 طلائی تمغوں کا سہرا کس کے سر؟

مارشل آرٹ کے ماہر پاکستانی کھلاڑی کا ایک اور عالمی ریکارڈ

یاد رہے کہ کٹھمنڈو میں ہونے والے ساؤتھ ایشیئن گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں محبوب علی نے 400 میٹرز ہرڈلز میں طلائی تمغہ جیتا تھا، محمد نعیم 110 میٹرز ہرڈلز میں طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ سمیع اللہ نے 100 میٹرز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

ان تینوں ایتھلیٹس نے چار ضرب 100 اور چار ضرب 400 میٹرز ریلے ریس میں بھی دو کانسی کے تمغے جیتے تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال کے ساؤتھ ایشیئن گیمز میں پاکستان نے مجموعی طور پر 32 طلائی 41 نقرئی اور 60 کانسی کے تمغے جیتے تھے۔

تاہم ان مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کے مروجہ ڈوپ ٹیسٹ کے دوران ان تینوں ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

تینوں ایتھلیٹس میں سمیع اللہ نے بی سمپل ٹیسٹ کے لیے اصرار نہیں کیا تھا۔ دیگر دو ایتھلیٹس محبوب علی اور محمد نعیم نے بی سیمپل کے ٹیسٹ کی درخواست کی تھی اور ان دونوں کا بی سیمپل ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عارف حسن کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ کے معاملے کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) براہ راست دیکھتی ہے اور اس سلسلے میں جس ملک کے کھلاڑی ڈوپنگ میں ملوث پائے جاتے ہیں اس ملک کی قومی اولمپک کمیٹی اور قومی اینٹی ڈوپنگ کمیٹی سے رابطہ رکھا جاتا ہے۔

ان کے مطابق اس سلسلے میں اس کھیل کی قومی فیڈریشن کو اس معاملے میں شامل اس لیے نہیں کیا جاتا کہ کہیں وہ اپنے کھلاڑی کو بچا تو نہیں رہے یا اس میں مزید کوئی دوسرے لوگ تو ملوث نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ جب ان تین ایتھلیٹس کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی اطلاع آئی تھی تو پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ریٹائرڈ) اکرم ساہی نے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی تھی۔

پاکستان کے ان تینوں ایتھلیٹس کو قواعد و ضوابط کے مطابق اپنے تمغے واپس کرنے ہوں گے جبکہ ان ایتھلیٹس کو کھیلوں کی بین الصوبائی وزارت کی جانب سے جو نقد انعامات دیے جاچکے ہیں، وہ بھی انھیں واپس کرنے ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp