عمران خان کو وزیر اعظم بنوانے پر لوگ مجھے طعنے مارتے ہیں: جاوید میانداد


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے وزیراعظم عمران خان کو  مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کا کپتان تھا، آپ میرے کپتان نہیں تھے۔ میں سیاست میں آﺅں گا اور بتاﺅں گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے۔ اب میں سیاست پر بھی بات کروں گا، صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں عمران خان کو چلانے والا میں تھا۔ میں نے عمران کو وزیراعظم بنوایا تھا۔ جاوید میانداد نے کہا کہ اللہ معاف کرے آپ پتہ نہیں کیا بن گئے ہیں۔ لگ رہا ہے آپ خدا بنے بیٹھے ہو۔ آپ کے علاوہ کوئی پاکستانی آکسفورڈ اور کیمرج گیا ہی نہیں ہے۔ آپ میرے گھر آ کر وزیر اعظم بن کر گئے تھے، وزیر اعظم اس کی تردید کر کے دکھائیں۔ میرے دوست اب مجھے طعنے دیتے ہیں۔ مجھے آپ سے ملنے کی ضرورت ہے اور نہ آپ کے پاس آنے کی ضرورت ہے۔ میں پاکستان آرمی کا شکر گزار ہوں جس نے ملک کو متحد رکھا ہوا ہے۔

جاوید میانداد نے اپنے یو ٹیوب چینل پر پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں موجود لوگوں کو کرکٹ کا کچھ پتہ نہیں ہے، انہیں کھیل کی اے بی سی تک معلوم نہیں، جو ملک کے لیے غلط کررہے ہیں میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد نے سیاست میں آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنوایا تھا، انہیں وزیر اعظم بنوانے پر لوگ مجھے طعنے مارتے ہیں، عمران خان کا کپتان تھا، وہ میرے کپتان نہیں تھے انہیں چلانے والا ہی میں ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری بات پوری دنیا میں سنی جاتی ہے، اب میں سیاست پر بھی بات کروں گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).