محمد رضوان : ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹاپ آرڈر میں کھیلنے کے باعث ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلنا سیکھ رہا ہوں


رضوان

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھیمپٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جب بابراعظم ′مشن′ ادھورا چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے تو اس وقت یہی دکھائی دے رہا تھا کہ جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ کو بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔

تاہم یہاں وکٹ کیپر محمد رضوان کے ’ون مین شو‘ اور ٹیل اینڈرز کی پختہ بیٹنگ کی بدولت سکور میں 65 قیمتی رنز کا اضافہ ہو چکا ہے اور ابھی وہ 60 رنز پر اس امید کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں کہ تیسرے دن آخری بیٹسمین نسیم شاہ کے ساتھ سکور کی پوٹلی میں مزید کچھ رنز ڈالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

محمد رضوان کے لیے ذاتی طور پر بھی یہ اننگز بہت ضروری تھی کیونکہ آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 95 رنز بنانے کے بعد سے سات اننگز میں وہ قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

’فواد عالم کے آؤٹ پر بادل بھی رو رہے ہیں‘

کیا 24 برس بعد پاکستان انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیت پائے گا؟

۔۔۔اور اظہر علی کی جیب بھی خالی تھی

ساتھ پاکستان کے ٹی وی چینلز پر تجزیہ کاروں کی جانب سے ان پر یہ تنقید بھی کی جا رہی تھی کہ اگر سرفراز احمد کو ان کی خراب بیٹنگ فارم کی وجہ سے ٹیم سے نکالا گیا ہے تو اب رضوان بھی پرفارم کر کے دکھائیں۔

ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ

میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ بیٹنگ کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ′میں آخری نمبرز کے بیٹسمینوں کے ساتھ کھیلنے کے بارے میں مصباح الحق اور یونس خان سے معلوم کرتا رہا تھا۔

’خاص کر ان سے یہ مشورہ لے رہا تھا کہ نئی گیند لیے جانے کی صورت میں مجھے ٹیل اینڈرز کے ساتھ کس طرح کھیلنا چاہیے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’دراصل میں ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹاپ آرڈر میں کھیلتا ہوں جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلتا آ رہا ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ میں کبھی نہیں کہوں گا کہ مجھے اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجیں۔ مجھے جو بھی رول دیا جائے گا میں اس کے مطابق کھیلوں گا۔

’اس اننگز میں کنڈیشنز بہت مشکل تھیں لہٰذا ٹیل اینڈرز کے ساتھ بیٹنگ چیلنج رہی ہے۔‘

محمد رضوان

بابر کے آؤٹ کے بعد حکمت عملی تبدیل

محمد رضوان نے بتایا کہ ′پہلے اوور سے لے کر 75 اوورز تک میں نے سیمنگ کنڈیشنز اپنے کریئر میں پہلی بار دیکھی ہیں ایسے میں بیٹنگ کرنا بہت مشکل ہے۔

’بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد مجھے اپنی حکمت عملی تبدیلی کرنی پڑی اور رنز ڈھونڈنے کے لیے کوشش کرنی پڑی۔‘

انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کبھی آپ کو پُرسکون ہو کر وکٹ پر ٹھہرنا ہوتا ہے اور کبھی آپ کو تیز رنز کرنے پڑتے ہیں تو اس اننگز میں میں نے دونوں صورتحال کے مطابق بیٹنگ کی ہے۔

’کھیل بار بار رکنے کی وجہ سے توجہ پر اثر پڑتا ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ میں آپ کو ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنا پڑتا ہے۔‘

اپنے بولرز سے توقعات

محمد رضوان کو پوری امید ہے کہ پاکستانی بولرز میں جوابی وار کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

′پاکستانی بولرز کو یہاں کی کنڈیشنز کا بہت اچھی طرح پتا ہے۔ سکور 200 رنز سے بڑھ جانے سے ہماری پوزیشن قدرے بہتر ہو گئی ہے اور جس طرح ہم نے فائٹ بیک کی ہے ہمارے بولرز انگلینڈ کی ٹیم کو آؤٹ کرسکتے ہیں۔‘

محمد رضوان کو اس بات کی قطعاً پروا نہیں کہ ان کے ناقدین ان کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’میرے سامنے گراؤنڈ ہے، میں محنت کرتا ہوں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیتا ہوں۔

’میں یہ نہیں سوچتا کہ میرے بارے میں کیا کہا جاتا ہے، اللہ مجھے بھی ہدایت دے اور میرے ناقدین کو بھی ہدایت دے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp