بایرن میونخ کے ہاتھوں ایف سی بارسلونا کی شرمناک شکست پر سوشل میڈیا صارفین کا ردِعمل: ’میسی کے لیے میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے‘


میسی

گذشتہ رات لزبن میں جرمنی کے فٹ کلب بائرن میونخ نے شاندار، ہنگامہ خیز لیکن مکل طور پر یکطرفہ کوارٹر فائنل میچ میں یورپ کے ہیوی ویٹ ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا (بارسا) کو شرمناک شکست دینے کے ساتھ، چیمپئنز لیگ کے دیگر حریفوں کو بھی ایک زبردست لیکن خطرناک پیغام بھیجا ہے۔

میچ کے دوران بارسا کی دفاعی غلطیاں اتنی زیادہ تھیں کہ انھیں شمار کرنا بھی ناممکن ہے۔ اسے یورپ میں کسی ٹیم کی سب سے بدترین شکست کہنا زیادہ مناسب ہو گا۔

90 منٹ چلنے والے میچ کے 22 منٹ ہسپانوی فٹبال ٹیم ایف سی بارسا پر بہت بھاری پڑے، جس کے دوران بایرن کے ایورن پیریزک، سرج گینبری اور مولر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کلب کو فتح سے ہمکنار کیا۔

وقفے کے بعد سواریز نے ہسپانوی ٹیم کو امید تو دلائی، لیکن جوشوا کِمِچ کی حیرت انگیز مہارت، رفتار اور الفونسو ڈیوس کی عمدہ ڈلیوری نے اس پر پانی پھیر دیا۔

رابرٹ لیوینڈوسکی نے چیمپئنز لیگ کا 14 واں گول کیا اور ہسپانوی ٹیم کے گہرے زخموں پر نمک تب پڑا جب فلپ کوٹنہ (جنھیں ہسپانوی ٹیم سے ادھار پر لیا گیا ہے) نے بینچ سے آنے کے بعد ساتواں اور آٹھواں گول کرکے قصہ تمام کر دیا۔

روئٹرز

 

اس مقابلے میں بائرن اب تک سب سے بہترین سائیڈ کے طور پر سامنے آئی ہے۔

انھوں نے پانچ مواقع پر (حال ہی میں 2013 میں سمیت) یوروپی کپ یا چیمپئنز لیگ جیتی ہے۔ اور وہ اس سیزن کے ٹورنامنٹ میں سب سے مضبوط امیدوار دکھائی دے رہے ہیں۔

بارین کا مقابلہ سیمی فائنل میں کس ٹیم سے ہو گا، اس کا علم سنیچر کے روز مانچسٹر سٹی اور فرانسیسی ٹیم لیون کے میچ کے بعد ہو جائے گا۔

بایرن کے ہاتھوں ایف سی بارسلونا کی شرمناک شکست پر سوشل میڈیا صارفین کیا کہہ رہے ہیں، آئیے ان کی رائے پر نظر ڈالتے ہیں۔

گرنٹ واہل نامی تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ لیونل میسی 8-2 سے شکست کے مستحق نہیں ہیں۔ مجھے یہ لکھتے ہوئے غصہ آ رہا ہے۔

ساتھ ہی وہ بارسلونا کو خبردار کرتے ہوئے کہتے ہیں ’اپنے حالات ٹھیک کرو ، بارسلونا۔‘ کئی صارفین یہ بھی کہتے نظر آئے ’میسی کے لیے میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔‘

سفات نامی صارف کہتے ہیں کہ اگر ہمارے پاس ایک کوالیفائیڈ بورڈ ہوتا تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔ پیوول، زاوی، انیستا اور میسی کے درو میں تبدیلی لانا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ لیکن ایسا نہیں تھا کہ انھوں نے 1-2 سال میں چھوڑا ہو۔

وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم پیچھے مڑ کر دیکھیں تو ، بورڈ کو 8-9 سال ملے جو ایک نوجوان ٹیم بنانے کے لیے کافی وقت ہے۔

ریحان الحق کہتے ہیں ’ان کی فارم کو دیکھتے ہوئے بایرن کے ہاتھوں بارسا کی شکست میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہے لیکن اس رفتار سے ہار بہت حیران کن ہے۔

کئی صارفین اک تابوت بھی شئیر کرتے نظر آئے جس پر ایف سی بارسلونا لکھا ہے اور اسے بایرن کے کھلاڑیوں نے تھام رکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp