پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: تیسرے دن کے کھیل کا آغاز بھی بارش کی وجہ سے مؤخر


پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل بھی بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔

دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان کا سکور 223 رنز پر نو کھلاڑی آؤٹ تھا۔ اس وقت کریز پر محمد رضوان اور نسیم شاہ موجود ہیں۔

دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے تاخیر کے بعد شروع ہوا مگر خراب روشنی کی وجہ سے پورے دن میں صرف 40.2 اوورز ہوسکے۔ آج تیسرے دن بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

دوسرے دن پاکستان نے 126 پر پانچ آؤٹ سے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا اور دن کا اختتام نو وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز سے کیا۔

محمد رضوان پانچ چوکوں کی مدد سے 60 کے انفرادی سکور کے ساتھ نمایاں رہے اور اس وقت ان کے ساتھ نسیم شاہ موجود ہیں۔ انگلش بولرز نے اوورکاسٹ کنڈیشنز میں اپنی سوئنگ بولنگ سے پاکستانی بلے بازوں کو کافی مشکل وقت دیا۔

رضوان

اب تک میچ میں جیمز اینڈرسن اور سٹیورٹ براڈ تین، تین وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

میچ کے پہلے دونوں دن بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اینڈرسن

دوسرے روز کھیل کے آغاز پر بابر اعظم اپنی نصف سنچری کے قریب سٹیورٹ براڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 47 رنز پر ان کا کیچ کیپر جوس بٹلر نے پکڑا۔

ان کے بعد یاسر شاہ 5 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کا تیسرا شکار بنے۔ شاہین آفریدی کو ڈوم سبلی نے رن آؤٹ کیا۔ عباس اور رضوان نے نویں وکٹ کے لیے 39 قیمتی رنز جوڑے۔

کھیل کے لیے مناسب روشنی نہ ہونے کے باعث چائے کا وقفہ لیا گیا۔ کھیل بحال ہونے پر محمد عباس نے کچھ دیر تک کامیابی کے ساتھ رضوان کا ساتھ نبھایا لیکن وہ اپنی 20ویں گیند پر براڈ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے دوسرے دن وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی تھی۔

پہلے روز پاکستان کی آدھی ٹیم آؤٹ

پاکستان، انگلینڈ

پہلے دن کا کھیل بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا اور دن بھر میں 45 اعشاریہ 4 اوورز کیے جا سکے تھے۔ پہلے دن کے اختتام تک پاکستان کی پہلی اننگز کی بیٹنگ ساؤتھمپٹن میں جاری تھی اور پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے ہیں۔

کریز پر بابر اعظم اور محمد رضوان موجود ہیں۔ جیمز اینڈرسن نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ سٹیورٹ براڈ، کرس ووکس اور سیم کرن نے ایک ایک پاکستانی بلے باز کو آؤٹ کیا ہے۔

اوپنر عابد علی اپنی 60 رنز کی باری کے ساتھ نمایاں رہے۔

فواد عالم

11 سال بعد اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں فواد عالم صفر پر آؤٹ ہوگئے

عابد اور اظہر کے درمیان 72 کی شراکت

پاکستان کے کپتان اظہر علی نے سیریز میں دوسری مرتبہ ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کی بیٹنگ کے دوران وقفے وقفے سے وکٹیں گِرتی رہیں اور صرف ایک اچھی شراکت قائم ہوسکی۔

شان مسعود سے پاکستان کو اس ٹیسٹ میچ میں مانچسٹر ٹیسٹ کی پہلی اننگز جیسی کارکردگی کی امید تھی لیکن وہ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انھیں جیمز اینڈرسن نے اپنی اِن سوئنگ پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

عابد کے دو کیچ سلپ میں ڈراپ ہوئے اور انھوں مزید کھیلنے کا موقع ملا۔ اس دوران اظہر بھی محتاط بیٹنگ کرتے نظر آئے۔

عابد علی

PA Media

لیکن اظہر علی 20 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کا دوسرا شکار بنے۔ انھوں نے اوپنر عابد علی کے ساتھ 72 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

چائے کے وقفے سے قبل بارش کے باعث امپائرز نے کھیل روک دیا تھا۔

عابد علی نے چھ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ لیکن وہ سیم کرن کی گیند پر سلپ کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے۔

یہ بھی پڑھیے

بین سٹوکس پاکستان کے خلاف اگلے دو ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے

۔۔۔اور اظہر علی کی جیب بھی خالی تھی

انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ جیت لیا

کیا 24 برس بعد پاکستان انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیت پائے گا؟

اسد شفیق کی خراب فارم جاری رہی اور وہ سٹیورٹ براڈ کی گیند پر سلپ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہ صرف پانچ رنز بنا سکے۔

11 سال بعد اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں فواد عالم صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ انھیں کرس ووکس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس دوران کمنٹیٹرز نے ان کی غیر معمولی تکنیک پر بھی کافی تبصرہ کیا۔ وہ کریز پر محض چار گیندوں کے مہمان رہے۔

پاکستان، انگلینڈ، اظہر ووکس

کپتان اظہر علی نے اوپنر عابد علی کے ساتھ 72 رنز کی شراکت قائم کی تھی

پاکستان کو ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کا چیلنج درپیش ہے اور اب اس کا مقابلہ انگلش ٹیم اور موسم دونوں سے ہے۔

اس میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا شدید خطرہ ہے اور موسم کی پیشگوئی کرنے والے اداروں کے مطابق اگلے سات دن کے دوران ساؤتھمپٹن میں روزانہ بارش کا امکان ہے۔

اس ٹیسٹ میچ کے لیے انگلش ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے آل راؤنڈر بین سٹوکس اور فاسٹ بولر جوفرا آرچر یہ میچ نہیں کھیل رہے۔

شان اینڈرسن انگلینڈ، پاکستان

پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں سٹوکس کی کارکردگی خاص نہیں رہی تھی اور فتح کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ سٹوکس پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے باقی دو میچوں میں اپنی گھریلو وجوہات کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکیں گے۔

سٹوکس کی جگہ انگلش ٹیم میں زیک کرالی جبکہ آرچر کی جگہ سیم کرن کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے اور بلے بازی کے شعبے کو مضبوط کرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو لیگ سپنر شاداب خان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فواد عالم تقریباً 11 برس کے بعد پاکستان کی جانب سے کسی ٹیسٹ میچ میں میدان میں اتریں گے۔

محمد عباس، بین سٹوکس

انگلش ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے آل راؤنڈر بین سٹوکس یہ میچ نہیں کھیل رہے

تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو فی الوقت ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ یہ برتری اسے مانچسٹر ٹیسٹ میں فتح کے نتیجے میں حاصل ہوئی تھی۔

اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے دوسری اننگز میں جوس بٹلر اور کرس ووکس کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت تین وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا تھا جو انگلینڈ نے کھیل کے چوتھے دن سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

میچ کے دوران ایک وقت ایسا آیا کہ انگلینڈ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی جبکہ جیت کے لیے ڈیڑھ سو سے زائد رنز درکار تھے۔ تاہم اس کے بعد چھٹی وکٹ کے لیے کرس ووکس اور جوس بٹلر کی طویل شراکت داری انگلینڈ کو جیت کی طرف لے گئی۔ ووکس 84 جبکہ بٹلر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے مگر اس وقت تک دونوں اپنی ٹیم کو فتح کے بہت قریب لے آئے تھے۔

پاکستان کے کپتان اظہر علی نے میچ کے اختتام پر شکست کی بڑی وجہ اس پارٹنرشپ کو قرار دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32492 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp