مہندر سنگھ دھونی: سابق انڈین کپتان نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا


مہندر سنگھ دھونی

انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے سنیچر کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

گذشتہ 16 سال سے انڈین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے دھونی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ کیریئر کے دوران وہ اپنے مداحوں کے پیار اور ساتھ کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ’سات بج کر 29 منٹ (انڈیا کے مقامی وقت) سے انھیں ریٹائرڈ سمجھا جائے۔‘

’میں پل دو پل کا شاعر ہوں‘ کے گانے کے ساتھ اس ویڈیو پوسٹ میں انھوں نے انڈین ٹیم میں ابتدا سے لے کر آخری تک گزارے گئے یادگار لمحوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

یاد رہے کہ ایم ایس دھونی پہلے ہی سنہ 2014 میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ اس کے بعد سے وہ انڈیا کی قومی ٹیم میں محض ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے تھے۔

https://www.instagram.com/tv/CD6ZQn1lGBi/?utm_source=ig_web_copy_link

یہ بھی پڑھیے

دھونی کے بارے میں بعض دلچسپ حقائق

کیا دھونی کے جانے کا وقت آ گیا ہے؟

کیا دھونی بین الاقوامی کرکٹ میں دوبارہ نظر آئیں گے؟

ایم ایس دھونی انڈیا کے بہترین کپتانوں میں سے ایک

ایم ایس دھونی کو بطور کرکٹر پہلی ملازمت انڈین ریلویز میں ٹکٹ کلیکٹر کے طور پر ملی تھی۔ اس کے بعد وہ ایئر انڈیا کی نوکری کرنے لگے۔ بعد میں وہ این شری نواسن کی کمپنی انڈیا سیمنٹ میں افسر بن گئے۔

دھونی کو انڈیا میں عقیدت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جنھوں نے سنہ 2011 کے ورلڈ کپ میں انڈیا کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔

مہندر سنگھ دھونی

دھونی نے سنہ 2007 سے 2017 تک انڈین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔ ان کی قیادت میں انڈیا نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ، ورلڈ کپ اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتی۔ ان کے بعد ورات کوہلی انڈین ٹیم کے کپتان مقرر ہوئے۔

ان کی یہی قائدانہ صلاحیت ہے جس کی کمی ان کی بیٹنگ سے زیادہ انڈیا اور موجودہ کپتان ورات کوہلی کو محسوس ہوگی۔

ورات کہہ چکے ہیں کہ ان کی ٹیم میں سب سے تجربہ کار کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی ہیں اور ان کا تجربہ انمول ہے۔

مہندر سنگھ دھونی 2011 میں انڈین فوج میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر سرفراز کیے گئے تھے۔ دھونی کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ انڈین فوج میں شامل ہونا ان کے بچپن کا خواب تھا۔

یہ خبر اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp